حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زندگی

آج یکم محرم الحرام ہے اور یہ تاریخ کا وہ غمناک دن ہے جس دن اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شہادت ہوئی۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی ولادت عام الفیل کے تیرہ سال بعد 583ء میں ہوئی۔آپ رضی اللہ عنہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تیرہ سال اور حضرت ابوبکر صدیق سے اڑھائی سال چھوٹے ہیں۔

آپ کا رنگ مبارک اتنا سفید تھا ایسے لگتا تھا کہ آپ رضی اللہ عنہ کے جسم میں خون ہی نہیں۔آپ رضی اللہ عنہ کا لمبا قد بھاری جسم لال آنکھیں اور پتلے رخسار تھے۔آپ کی گھنی داڑھی مبارک اور مونچھوں کے بال دائیں اور بائیں جانب کافی بڑھے ہوئے تھے اور ان میں بھورا پن تھا۔ روایت ہے کہ جب آپ کو غصہ آتا تھا تو جلال میں آکر اپنی مونچھوں کو تاؤ دیا کرتے تھے۔ سیف اللہ حضرت خالد بن ولید حضرت عمر فاروق کے ہم شکل تھے۔

آپ کے والد کا نام خطاب تھا اور والدہ کا نام حنتمہ بنت ہاشم تھا اور ابو جہل کی چچازاد بہن تھیں۔حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے آٹھ نکاح کیے تھے۔آپ کی ازواج کے نام درج ذیل ہیں::

(1)مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی شہزادی حضرت ام کلثوم رضی اللہ عنہا (2) حضرت زینب بنت مظعون(3) جمیلہ بنت ثابت (4) ملیکہ بنت جرول یہ بیوی اسلام نہیں لائی اس لیے آپ نے اسے طلاق دے دی تھی (5) قریبہ بنت ابو امیہ یہ بھی مشرکہ تھی اسے بھی طلاق دے دی تھی لیکن بعد میں یہ مسلمان ہوگئی تھیں اور حضرت امیر معاویہ کے ساتھ ان کا نکاح ہوا تھا (6) ام حکیم بنت حارث (7) عاتکہ بنت زید (8) سعیدہ بنت رافع۔ حضرت فکیہہ اور حضرت لہیعہ رضی اللہ عنہما یہ دونوں آپ کی باندیاں تھیں۔
( اولاد کے بارے میں انشاء اللہ عزوجل کل بتاؤں گا)

تحریر محمد صائم عطاری