کالج کی صدی مکمل ہونے پر اظہار خیال

محترم قارئین آج کا دن ۔۔۔۔۔۔کالج کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ آج کے دن یعنی 28 جولائی 1922ء کو اس عظیم الشان ادارے کی بنیاد انگریزی دور حکومت میں رکھی گئی۔ تب سے لے کر آج تک اس بے مثال دانشگاہ نے ہندوستان بلخصوص مہاراشٹر کے تعلیمی میدان میں بہت سے کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جن کو ریاستی اور ملکی سطح پر سراہا گیا ہے۔

یہ صد سالہ عمارت جو آج بھی تابناکی و تابندگی کے جلوے بکھیر رہی ہے سو سال سے قائم یہ عمارت اس بات کی غمازی کررہی ہے کہ یقیناً اس کی بنیاد میں خون جگر کی آمیزش ہے۔ اخلاص و خدمت خلق کے جذبے نے اس کی آبیاری کی ہے۔ علم و سائنس کا یہ قدیم مرکز اپنی پیرانہ سالی کے باوجود عصر حاضر کے کسی نوزائیدہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس علمی مرکز سے کم نہیں ہے بلکہ ہمارے علاقے کے تقریباً تمام ہی علمی مراکز کی تشنگی کو اسی دانشگاہ نے سیراب کیا ہے۔ گویا آج بھی یہ زبان حال سے کہہ رہا ہے کہ؀

چمن میں بہار آئے تو اتنا یاد رکھ لینا
ہمارا خون بھی شامل ہے تعمیر گلستاں میں

یہاں کی خاک سے کئی قدآور اٹھے اور آسمان علم و ادب پر چھا گئے اور کئی ممتاز و معروف ماہرین علم و فن نے خون دل و جگر دے کر اسے سینچا ہے۔ خدا ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور اس ادارے کی ترقی میں مزید اضافہ فرمائے۔ میں بحیثیت اردو شعبہ کی ایک طالب علم اپنے تمام اساتذہ اور ساتھیوں کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتی ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ پاک اس عظیم الشان ادارے کی ہر میدان میں سرخروئی مقدر کرئے اور ہمیں اس کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔