Advertisement

غزل

آنکھوں سے حیا ٹپکے ہے انداز تو دیکھو
ہے بوالہوسوں پر بھی ستم ناز تو دیکھو
چشمک مری وحشت پہ ہے کیا حضرت ناصح
طرز نگہ چشم فسوں ساز تو دیکھو
ارباب ہوس ہار کے بھی جان پہ کھیلے
کم طالعی عاشق جاں باز تو دیکھو
مجلس میں مرے ذکر کے آتے ہی اٹھے وہ
بدنامئ عشاق کا اعزاز تو دیکھو
اس غیرت ناہید کی ہر تان ہے دیپک
شعلہ سا لپک جائے ہے آواز تو دیکھو
دیں پاکی دامن کی گواہی مرے آنسو
اس یوسف بے درد کا اعجاز تو دیکھو
جنت میں بھی مومنؔ نہ ملا ہائے بتوں سے
جور اجل تفرقہ پرداز تو دیکھو

تشریح

پہلا شعر

آنکھوں سے حیا ٹپکے ہے انداز تو دیکھو
ہے بوالہوسوں پر بھی ستم ناز تو دیکھو

شاعر کہتا ہے کہ ذرا محبوب کا انداز دیکھیں کیسے آنکھوں سے شرم و حیا ٹپک رہی ہے۔جیسے وہ شرم و حیا کی کوئی مورت ہو۔اور دوسری طرف اس کے ناز کا یہ عالم ہے کہ ہوس پرستوں پر بھی ستم روا رکھے ہوئے ہے۔جب کہ یہ صرف عشاق کا حق ہے۔

Advertisement

دوسرا شعر

چشمک مری وحشت پہ ہے کیا حضرت ناصح
طرز نگہ چشم فسوں ساز تو دیکھو

شاعر ناصح سے مخاطب ہو کر کہتا ہے کہ میری دیوانگی پر تجھے کیوں رنجش ہے۔کیوں غُصّہ آرہا ہے۔ ذرا اس کی جادو کرنے والی آنکھیں روش تو دیکھ کہ انہیں دیکھ کر کوئی بھی دیوانہ ہو جائے۔پھر میری دیوانگی تمھاری ربخش کا باعث کیوں ہو رہی ہے۔

تیسرا شعر

ارباب ہوس ہار کے بھی جان پہ کھیلے
کم طالعی عاشق جاں باز تو دیکھو

اہل ہوس وفا شعار نہیں ہوتے۔لہذا اس کا محبت میں جان پر کھیلنا چہ معنی دارد؟لیکن یہاں معاملہ الگ ہے۔یعنی اہل ہوس ہار کر گویا مجبور ہوکر جان پر کھیل گئے۔اب شاعر کہتا ہے کہ یہ اعزاز تو عاشق کا ہے لیکن عاشق کی کم نصیبی کی وجہ سے یہ ہوس پرست کو حاصل ہو گیا ہے۔

چوتھا شعر

مجلس میں مرے ذکر کے آتے ہی اٹھے وہ
بدنامئ عشاق کا اعزاز تو دیکھو

رسوائی عاشق کا خاصا ہے۔اب شاعر کہتا ہے کہ میرا بزم میں ذکر آتے ہی محبوب اٹھ کھڑا ہو گیا۔گویا عشق کی بدن میں کی شان دیکھیے کہ آنا تو دور محض نام کے سنتے ہی وہ تعظیم کے لئے کھڑا ہو گیا ہے۔

پانچواں شعر

اس غیرت ناہید کی ہر تان ہے دیپک
شعلہ سا لپک جائے ہے آواز تو دیکھو

شاعر اپنے محبوب کی آواز کی تعریف کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میرا محبوب جو خوبصورتی میں بے مثل ہے کہ جس کی خوبصورتی پر روشن ستارہ زہرہ بھی رشک کرتا ہے۔ایسا خوش آواز ہے کہ جس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس کی ہرتان یعنی اس کی ہڑتال دیپک راگ کی تاثیر رکھتا ہے۔اس کی آواز میں وہ گرمی اور تاثیر ہے کہ ہر آواز کے ساتھ ایک آگ کی لپیٹ روشن ہو جاتی ہے۔

Advertisement

چھٹا شعر

دیں پاکی دامن کی گواہی مرے آنسو
اس یوسف بے درد کا اعجاز تو دیکھو

محبوب عاشق پر ظلم و ستم کرتا ہے ظلم و ستم کرنا گویا اس کا شیوہ ہے۔ لیکن اس کا ظلم و ستم بھی عاشق کو گوارا ہوتا ہے۔یہی بات اس شعر میں شاعر نے اپنے مخصوص انداز میں بیان کی ہے۔وہ کہتا ہے کہ میرے یوسف کی طرح خوبصورت ظالم محبوب کا جادُو دیکھیے کہ اس نے مجھ پر نہ جانے کتنے ظلم کیے ہیں،کتنے رنج و الم دیے ہیں اس کے باوجود میرا دل ستم گر کہنے کے لیے تیار نہیں ہے اور میری آنکھیں اس کی معصومیت کی گواہی دے رہی ہیں۔گویا کہہ رہی ہیں کہ یہ معصوم گناہ گار نہیں ہے اور اس کا دامن پاک ہے۔داغدار نہیں ہے۔