سبق: عید خلاصہ، سوالات و جوابات

0

کتاب “ابتدائی اردو” برائے تیسری جماعت
سبق نمبر12: مضمون
سبق کا نام: عید

خلاصہ سبق: عید

اس سبق میں مسلمانوں کے مذہبی تہوار عید کے مطلق بتایا گیا ہے۔ ہندوستان میں کئی مذاہب کے لوگ رہتے ہیں۔ جن کے اپنے تہوار ہیں۔ کچھ تہوار پورے ہندوستان میں منائے جاتے ہیں جیسے کہ ہولی ، دیوالی ، دسہرہ ، عید ، کرسمس وغیرہ۔

عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے۔یہ رمضان کا مہینہ پورا ہونے کے بعد منایا جاتا ہے۔لوگ عید کی نماز ادا کرنے کے بعد ایک مقررہ رقم جسے صدقہ فطر کہتے ہیں غریبوں میں تقسیم کرتے ہیں تا کہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔عید کے دن سویاں ہر گھر میں پکتی ہیں لوگ مٹھائیاں بھی خریدتے ہیں اس لیے عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہتے ہیں۔

عید خوشی کا تہوار ہے۔ مسلمان پورے مہینے روزے رکھتے ہیں۔ روزہ صبح ہونے سے تھوڑی دیر پہلے شروع ہوتا اور سورج ڈوبنے تک جاری رہتا ہے۔ صبح سے قبل کھانے کو سحری جبکہ نماز کے وقت کے کھانے کو افطار کہتے ہیں۔رمضان کا مہینہ پورا ہونے پہ چاند دکھائی دیتا ہے تو لوگ عید مناتے ہیں۔

عید کا تہوار اسلامی کیلنڈر کے دسویں مہینے کی پہلی تاریخ یعنی یکم شوال کو منایا جاتا ہے۔کئی روز پہلے سے اس کی تیاریاں ہوتی ہیں۔چوڑیوں کی دوکان پر عورتوں کی بھیڑ ہوتی ہے۔سب اپنی اپنی پسند اور ضرورت کی چیزیں خریدتے ہیں۔

عید کی صبح کو مسلمان نہا دھو کر نئے صاف ستھرے کپڑے پہنتے اور عطر لگاتے ہیں۔عورتیں گھروں کو صاف ستھرا کرکے سجاتی ہیں اور نئے کپڑے پہنتی ہیں۔سویاں اور طرح طرح کی چیزیں پکاتی ہیں۔ بچے بڑے سبھی عید گاہ میں نماز کے لیے جاتے ہیں۔ نماز اے واپسی پہ بچوں کے لیے طرح طرح کے کھلونے اور غبارے وغیرہ خریدتے ہیں۔گھر آنے پر گھر کے بڑے، اپنے چھوٹوں کو عیدی دیتے ہیں۔عیدی کے پیسوں سے بچے طرح طرح کی چیزیں خریدتے ہیں۔

عید کے دن عید گاہ کے باہر اور شہر میں جگہ جگہ میلہ لگتا ہے۔ اس موقعے پر گھروں میں دعوت کا انتظام ہوتا ہے۔ بچے میلے میں جھولے لیتے ہیں۔عید پہ ہر جانب خوشی کا سماں ہوتا ہے۔

سوچیے اور بتایئے:

مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار کون سا ہے؟

عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے۔

عید الفطر کو میٹھی عید کیوں کہتے ہیں؟

عید کے دن سویاں ہر گھر میں پکتی ہیں لوگ مٹھائیاں بھی خریدتے ہیں اس لیے عید الفطر کو میٹھی عید بھی کہتے ہیں۔

عید کا تہوارکس مہینے کے بعد آ تا ہے؟

عید کا تہوار اسلامی کیلنڈر کے دسویں مہینے کی پہلی تاریخ یعنی یکم شوال کو منایا جاتا ہے۔

مسلمان عید کی نماز کہاں پڑھتے ہیں؟

مسلمان عید گاہ یا بڑی مسجدوں میں عید کی نماز پڑھتے ہیں۔

روزہ کب سے کب تک جاری رہتا ہے؟

روزہ صبح ہونے سے تھوڑی دیر پہلے شروع ہوتا اور سورج ڈوبنے تک جاری رہتا ہے۔

ان جملوں کو صحیح لفظ سے مکمل کیجیے۔

  • عید مسلمانوں کا سب سے بڑا تہوار ہے۔
  • مسلمان رمضان کے پورے مہینے روزے رکھتے ہیں۔ کئی دن پہلے سے عید کی تیاری شروع ہوجاتی ہیں۔ چوڑیوں کی دوکان پر عورتوں کی بھیڑ ہوتی ہے۔
  • گھر کے بڑے، اپنے چھوٹوں کو عیدی دیتے ہیں۔

اس سبق میں کچھ لفظوں کو دو دو بار ایک ساتھ استعمال کیا گیا ہے۔ جیسے الگ الگ، اپنی اپنی ، طرح طرح ، جگہ جگہ۔ جن جملوں میں اس طرح کے لفظوں کو استعمال کیا گیا ہے، انھیں تلاش کر کے یہاں لکھیے۔

  • سب اپنی اپنی پسند اور ضرورت کی چیزیں خریدتے ہیں۔
  • سویاں اور طرح طرح کی چیزیں پکاتی ہیں۔
  • بچوں کے لیے طرح طرح کے کھلونے اور غبارے وغیرہ خریدتے ہیں۔
  • عیدی کے پیسوں سے بچے طرح طرح کی چیزیں خریدتے ہیں۔
  • عید کے دن عید گاہ کے باہر اور شہر میں جگہ جگہ میلہ لگتا ہے۔

اس سبق سے تین ایسے جملے چن کر لکھیے جن میں صفت کا استعمال ہوا ہو۔

عورتیں گھروں کو صاف ستھرا کرکے سجاتی ہیں اور نئے کپڑے پہنتی ہیں۔
اس لیے اسے میٹھی عید کہتے ہیں۔
عید کی صبح کو مسلمان نہا دھو کر نئے صاف ستھرے کپڑے پہنتے ہیں۔

ہندوستان کے پانچ مشہور تہواروں کے نام لکھیے۔

ہولی ، دیوالی ، دسہرہ ، عید ، کرسمس وغیرہ۔

دیے گئے اشارے کے مطابق محاوروں کے معنی کی نشان دہی کیجیے۔

محاورے معنی
جان چھڑانا تلاش میں رہنا
پالا پڑنا برا بھلا کہنا
آڑے ہاتھوں لینا جلد بازی کرنا
ناک میں دم کرنا پریشان کرنا
اپنا الو سیدھا کرنا واسطہ پڑنا
ہوا کے گھوڑے پر سوار ہونا اپنا مطلب نکالنا
تاک میں رہنا پیچھا چھڑانا

جواب:

جان چھڑانا پیچھا چھڑانا
پالا پڑنا واسطہ پڑنا
آڑے ہاتھوں لینا برا بھلا کہنا
ناک میں دم کرنا پریشان کرنا
اپنا الو سیدھا کرنا اپنا مطلب نکالنا
ہوا کے گھوڑے پر سوار ہونا جلد بازی کرنا
تاک میں رہنا تلاش میں رہنا

دی گئی تصویروں کے نام لکھیے۔

عید گاہ ، چوڑیاں ، غبارے ، جوتے

بلند آواز سے پڑھیے اور خوش خط لکھیے۔

سحری ، افطار ، عید الفطر ، رونق ، ہنڈولا ، تقسیم۔