یہ سرمائی فضاؤں کی کچھ کنمناہٹیں

0
  • یہ سرمائی فضاؤں کی کچھ کنمناہٹیں
  • ملتی ہیں مجھ کو پہلے پہل تیری آہٹیں
  • اس کائنات غم کی فسردہ فضاؤں میں
  • بکھرا گئے ہیں آکے وہ کچھ مسکراہٹیں
  • اے جسم نازنین نگار نظر نواز
  • صبحِ شبِ وصال تری ملگجاہٹیں
  • پڑھتی ہے آسمان محبت پہ چھوٹ سی
  • بل بے جبین ناز تیری جگمگاہٹیں
  • چلتی ہے جب نسیم خیال خرام ناز
  • سنتا ہوں دامنوں کی ترے سرسراہٹیں
  • چشم سیہ تبسم پنہاں لئے ہوئے
  • پو پھوٹنے سے قبل افق کی اداہٹیں
  • جنبش میں جیسے شاخ ہو گلہاے نغمہ کی
  • اک پیکر جمیل کی یہ لہلہاٹیں
  • جھونکوں کی نذر ہے چمن انتظار دوست
  • یاد امید و بیم کی یہ سنسناہٹیں
  • ہو سامنا اگر تو خجل ہو نگاہ برق
  • دیکھی ہیں عضو عضو میں وہ اچپلاہٹیں
  • کس دیس کو سدھار گئیں اے جمال یار
  • رنگین لبوں پر کھیل کے کچھ مسکراہٹیں
  • رخسار تر سے تازہ ہو باغ عدن کی یاد
  • اور اس کی پہلی صبح کی وہ رسمساہٹیں
  • ساز جمال کی یہ نواہاے سرمدی
  • جوبن تو وہ فرشتے سنیں گنگناہٹیں
  • آزردگی حسن بھی کس درجہ شوخ ہے
  • اشکوں میں تیرتی ہوئی کچھ مسکراہٹیں
  • ہونے لگا ہوں خود سے قریں اے شب الم
  • میں پا رہا ہوں ہجر میں کچھ اپنی آہٹیں
  • میری غزل کی جان سمجھنا انہیں فراقؔ
  • شمعِ خیال یار کی یہ تھرتھراہٹیں