• بہت یاد آتا ھے گزرا زمانہ
  • وہ گاؤں کی گلیوں میں پِیپَل پُرانا
  • وہ باغوں میں پیڑوں پہ ٹائر کے جھولے
  • وہ بارش کی بوندوں میں چھت پر نہانا
  • وہ اِملی کے پیڑوں پہ پتھر چلانا
  • جو پتھر کسی کو لگے بھاگ جانا
  • چھپا کر کے سب کی نظر سے ہمیشہ
  • وہ ماں کے دوپٹے سے سکے چرانا
  • وہ سائیکل کے پہئے کی گاڑی بنانا
  • بڑے فخر سے دوسروں کو سکھانا
  • وہ ماں کی محبت وہ والد کی شفقت
  • وہ ماتھے پہ کاجل کا ٹیکا لگانا
  • وہ کاغذ کی چڑیا بنا کر اڑانا
  • وہ پڑھنے کے ڈر سے کتابیں چھپانا
  • وہ نرکل کی قلموں سے تختی پہ لکھنا
  • وہ گھر سے سبق یاد کرکے نہ جانا
  • وہ گرمی کی چھٹی مزے سے بِتانا
  • وہ نانی کا قصّہ کہانی سنانا
  • وہ گاؤں کے میلے میں گڑ کی جلیبی
  • وہ سرکس میں خوش ہوکے تالی بجانا
  • وہ انگلی چھپا کر پہیلی بجھانا
  • وہ پیچھے سے ”ہو“ کر کے سب کو ڈرانا
  • وہ کاغذ کے ٹکڑوں پہ چور اور سپاہی
  • وہ شادی میں اڑتا ہوا شامیانہ
  • مگر یادِ بچپن کہیں سو گئی ھے
  • کہ خوابوں کی جیسے سحر ہو گئی ھے
  • یہ نفرت کی آندھی عداوت کے شعلے
  • یہ سیاست دلوں میں زہر بو گئی ہے
  • زباں بند رکھنے کا آیا زمانہ
  • لبوں پہ نہ آئے امن کا ترانا
  • کہ جب مل کے رہتے تھے سارے مسلماں
  • نہیں آئے گا اب وہ موسم سہانا

Advertisements