گیان چند جین | Gyan Chand Jain Biography In Urdu

0

تعارف

اردو ادب میں شاعر، ادیب ، نقاد اور محقق کی حیثیت سے بے شمار کتابیں لکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر گیان چند جین ۱۹ ستمبر ۱۹۲۳ کو سیوہارا بھارت میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی، اعلیٰ تعلیم مراد آباد اور الہ آبادی یونی ورسٹی میں ہوئی ، درس وتدریس اور تحقیقی و تصنیف مشغلہ حیات رہا۔ حمید یہ کالج بھوپال کے علاوہ آپ جموں وکشمیر یونی ورسٹی جموں ، الہ آباد یونی ورسٹی اور سینسرں یونی ورسٹی حیدرآباد دکن میں اردو کے پروفیسر رہے۔

ادبی تعارف


ڈاکٹر گیان چند جین نے زبان اور ادب دونوں سے متعلق بہت کام کیا ہے۔ انھوں نے کسی ایک دائرے میں اپنے آپ کو محدود نہیں رکھا۔ وہ متعدد موضوعات پر لکھتے رہے ہیں، ان میں ادبی تحقیق کے علاوہ لسانیات ، عروض اور شرح غالب جیسے صبر آزما اور صلاحیت آزما موضوعات بھی شامل ہیں۔ اصناف سخن کو بھی انھوں نے مطالعےکا موضوع بنایا ہے۔ انھوں نے ادب کے لیے تحقیق کا فن جیسی ضخیم کتاب بھی لکھی ہے۔ تنقیدی مضامین بھی لکھے ہیں۔ بہت سی ادبی اور نیم ادبی بحثوں میں مباحثے کے متعارف روایتی آداب کے ساتھ حصہ لیتے رہے ہیں۔ انھوں نے لسانیات سے متعلق بہت کچھ لکھا ہے۔

جین صاحب ان تھک کام کرنے والوں میں سے ہیں۔ دل لگا کر مکمل توجہ سے کام کرتے تھے اور جس برق رفتاری سے وہ لکھتے اور مختلف موضوعات پر لکھتے رہتے ان کا اندازہ مشکل ہے، معلوم ہوتا کہ انھیں لکھنے پڑھنے کے سوا دوسرا کام ہی نہیں۔گھریلو ہنگاموں میں بھی وہ ضرور حصہ لیتے ہوں گے مگر ان میں سے کوئی چیز ان کی پوری توجہ کو شاید اپنی طرف کھینچ نہیں پاتی ہوگی۔ اب ایسے اپنے کام سے اتنا سنجیدہ ہونا تو ادب کی دنیا میں بےنظر ہی ہوگیا ہے۔

اسلوب

ڈاکٹر صاحب اپنی تحریر میں کوئی مصنوعی ادبیت پیدا کرنے کی کوشش نہیں کرتے نہ اپنے بیان کو سجانے کی کوشش کرتے ہیں۔ پھر بھی ان کی تحریر میں ایک بھولپن اور ایسی فطری بے ساختگی ہے جس کی وجہ سے ان کی تحریر میں ایک ایسا لطف پیدا ہوجاتا ہے جو عام طور پر مصنفین کے حصے میں نہیں آتا۔ تحریر کا یہ انوکھا انداز بھی گیان چند صاحب کو اپنے ہم عصر مصنفین میں ایک امتیاز عطا کرتا ہے۔ انجمن ڈاکٹر صاحب کے اس وقیع اور ہمہ جہت تحقیقی کام کو علمی حلقوں میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہی ہے۔

اعزازات


ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ان کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ اور
پدم شری اعزاز برائے ادب و تعلیم سے نوازا گیا۔


تصانیف

  • گیان چند جین کی مشہور تصانیف میں؛
  • مقدمے اور تبصرے ،
  • تحقیق کا فن ،
  • تاریخ ادب اُردو جلد اول،
  • تاریخ ادب اُردو جلد دوم،
  • تاریخ ادب اُردو جلد سوم،
  • تاریخ ادب اُردو جلد چہارم،
  • تاریخ ادب اُردو جلد پنجم،
  • اُردو کی نثری داستانیں ،
  • ابتدائی کلام اقبال ،
  • کھوج ،
  • رموز غالب ،
  • اُردو مثنوی شمالی ہند میں جلد اول ،
  • اُردو مثنوی شمالی ہند میں جلد دوم ،
  • ادبی اصناف ،
  • تفسیر غالب ،
  • پرکھ اور پہچان ،
  • عام لسانیات ،
  • شخصیات و تاثرات ،
  • لسانی مطالعے،
  • اُردو کا اپنا عروض ،
  • کچے بول ،
  • لسانی رشتے ،
  • ایک بھاشا-دو لکھاوٹ اور
  • دو ادب شامل ہیں۔

آخری ایام

پروفیسر گیان چند جین ۱۹ اگست ۲۰۰۷ کو ۸۳ برس کی عمر میں ریاست متحدہ امریکہ کے شہر کیلی فورنیا سے راہی ملک عدم ہو گئے۔