سبق: ہمارے جانور، خلاصہ، سوالات و جوابات

0
  • کتاب “ابتدائی اردو” برائے دوسری جماعت
  • سبق نمبر12: مضمون
  • سبق کا نام: ہمارے جانور

خلاصہ سبق: ہمارے جانور

ہم اپنی روزمرہ زندگی میں کئی طرح کے جانور دیکھتے ہیں۔ جن میں کچھ جانور گھروں میں پالے جاتے ہیں جنھیں ہم پالتو جانور کہتے ہیں۔جبکہ کچھ جنگل میں رہتے ہیں جو جنگلی جانور کہلاتے ہیں۔

پالتو جانوروں میں گائے ، بھینس، بھیڑ ،بکری ، بلی، کتا ، اونٹ اور گدھا وغیرہ شامل ہیں۔گائے ، بھینس اور بکری سے ہمیں دودھ ملتا ہے۔بھیڑ سے اون حاصل ہوتا ہے۔دودھ سے مکھن اور گھی جبکہ اون سے گرم کپڑے بنتے ہیں۔

جانوروں کے گوبر کی کھاد کھیتوں میں کام آتی ہے۔گھوڑے ، گدھے اور اونٹ سواری کرنے اور بوجھ ڈھونے کے کام آتے ہیں۔بیل سے کھیت جوتنے اور سواری کا کام لیا جاتا ہے۔جنگل میں چھوٹے بڑے ہر طرح کے جانور ہوتے ہیں۔ چھوٹے جانوروں میں خرگوش ، گیدڑ، لومڑی، ہرن وغیرہ جبکہ بڑے جانوروں میں ژراف ، نیل گائے ، ہاتھی اور زیبرا وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شیر ، چیتا ، بھیڑیا اور لگر بگڑ وغیرہ ایسے جانور ہیں جو درندے کہلاتے ہیں۔یہ گوشت خور ہوتے ہیں۔ بعض جانور گھاس پوس ، پتے اور پودے کھاتے ہیں۔ مثلاً ہاتھی، ژراف، زیبرا، گینڈا،نیل گائے ،ہرن ،خرگوش اور بارہ سنگھا وغیرہ۔اس کے علاوہ مچھلی ، مگر مچھ اور کچھوا جیسے جانور پانی میں رہتے ہیں۔یہ آبی جانور کہلاتے ہیں۔یہ سارے جانور ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

ان سوالوں کے جواب دیجیے۔

پالتو جانور کسے کہتے ہیں؟

کچھ جانور گھروں میں پالے جاتے ہیں جنھیں ہم پالتو جانور کہتے ہیں۔

دودھ ہمیں کن جانوروں سے ملتا ہے؟

گائے ، بھینس اور بکری سے ہمیں دودھ ملتا ہے۔

گوبر کی کھاد ہمارے کس کام آتی ہے؟

جانوروں کے گوبر کی کھاد کھیتوں میں کام آتی ہے۔

پانی میں کون کون سے جانور رہتے ہیں؟

مچھلی ، مگر مچھ اور کچھوا پانی میں رہتے ہیں۔

بوجھ ڈھونے والے جانور کون سے ہیں ؟

گھوڑے ، گدھے اور اونٹ سواری کرنے اور بوجھ ڈھونے کے کام آتے ہیں۔

خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے۔

جانور ، پانی ، گھی ، سرمایہ ،جوتنے۔

  • دودھ سے مکھن اور گھی بنایا جاتا ہے۔
  • بیل سے کھیت جوتنے کا کام لیا جاتا ہے۔
  • جنگل میں چھوٹے بڑے ہر طرح کے جانور ہوتے ہیں۔
  • ان کے علاوہ کچھ جانور پانی میں بھی رہتے ہیں۔
  • یہ سارے جانور ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔

دیے ہوئے جملوں کے سامنے صحیح یا غلط کا نشان لگائیے۔

  • بکری جنگلی جانور ہے۔❎
  • چیتا پالتو جانور نہیں ہے۔✅
  • مچھلی زمین پر رہتی ہے۔❎
  • اونٹ بوجھ ڈھونے کے کام آتا ہے۔✅
  • بھیڑ سے ہمیں اون ملتا ہے۔✅
  • ہاتھی گوشت خور جانور ہے۔❎

مثال دیکھ کر نیچے دیے ہوئے لفظوں میں ‘ں’ ملا کر لکھیے۔

بھیڑ بھیڑیں
کرن کرنیں
سڑک سڑکیں
بھینس بھینسیں
کتاب کتابیں
چیز چیزیں
کھاد کھادیں

نیچے دیے ہوئے حروف سے بننے والے دو دو لفظ لکھیے۔

ن،ر،ہ = نہر ، ہرن
ت،ر،ا = رات ، تار
ر،گ،م = گرم ، مرگ
ب،ل،ے = بیل ، لیب

دیے ہوئے خانوں کے مطابق تین تین نام لکھیے۔

پالتو جانور جنگلی جانور آبی جانور
بکری شیر مگرمچھ
بھیڑ چیتا مچھلی
بلی ہرن کچھوا

سوچیے اور بتایئے۔

جنگل کا راجا کس جانور کو کہا جاتا ہے؟

جنگل کا راجا شیر کو کہا جاتا ہے۔

ایسے جانوروں کا ںام بتائیے جن کا ذکر اس سبق میں نہ آیا ہو؟

خچر ، مرغی ،لومڑی وغیرہ۔

کن جانوروں کے سینگ نہیں ہوتے ہیں؟

جو جانور خونخوار نہیں ہوتے اور لڑائی نہیں کرتے ہیں ان کے سینگ نہیں ہوتے ہیں۔

پالتو جانوروں سے کیا کیا فائدے ہیں ؟

پالتو جانوروں سے ہمیں دودھ، مکھن اور اون وغیرہ حاصل ہوتا ہے۔

مکھن اور گھی کے علاوہ دودھ سے اور کیا کیا چیزیں بنتی ہیں؟

مکھن اور گھی کے علاوہ دودھ سے دہی ، پنیر اور مکھن وغیرہ حاصل کیا جاتا ہے۔

نیچے دیے ہوئے جانوروں کے نام لکھیے۔

بکری ، چیتا 🐅، مچھلی 🦈، اونٹ 🐫 ، بھیڑیا ، ہاتھی۔🦣

خوش خط لکھیے۔

بارہ سنگھا، بھیڑیا ، ژراف ، گینڈا ، مگرمچھ۔

نیچے دی ہوئی تصویریں چارٹ پر بنائیے اور ان کے نام لکھیے۔

  • گائے ، بھینس ، بھیڑ
  • زیبرا ، بلی ، شیر
  • خرگوش ، ریچھ ، کچھوا
  • گھوڑا ، اونٹ ، بکری