• کعبہ کے بدر الدجیٰ تم پہ کروڑوں دُرود
  • طیبہ کے شمس الضحیٰ تم پہ کروڑوں دُرود
  • شافعِ روزِ جزا تم پہ کروڑوں دُرود
  • دافعِ جملہ بلا تم پہ کروڑوں دُرود
  • اور کوئی غیب کیا تم سے نہاں ہو بھلا
  • جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں دُرود
  • دل کرو ٹھنڈا مرا وہ کفِ چاند سا
  • سینہ پہ رکھ دو ذرا تم پہ کروڑوں دُرود
  • سینہ کہ ہے داغ داغ کہہ دو کرے باغ باغ
  • طیبہ سے آ کر صبا تم پہ کروڑوں دُرود
  • تم سے کھلا بابِ جود تم سے ہے سب کا وجود
  • تم سے ہے سب کی بقا تم پہ کروڑوں دُرود
  • گرچہ ہیں بے حد قصور تم ہو عفوّ و غفور
  • بخش دو جرم و خطا تم پہ کروڑوں دُرود
  • تم سے جہاں کا نظام تم پہ کروروں سلام
  • تم پہ کروروں ثنا تم پہ کروڑوں دُرود
  • کر کے تمہارے گناہ مانگیں تمہاری پناہ
  • تم کہو دامن میں آ تم پہ کروڑوں دُرود
  • آنکھ عطا کیجیے اس میں ضیا دیجیے
  • جلوہ قریب آ گیا تم پہ کروڑوں دُرود
  • کام وہ لے لیجیے تم کو جو راضی کرے
  • ٹھیک ہو نامِ رضاؔ تم پہ کروڑوں دُرود

Advertisements