• بیٹھا ہوں پاؤں توڑ کے تدبیر دیکھنا
  • منزل قدم سے لپٹی ہے تقدیر دیکھنا
  • پہنا دیا ہے طوق غلامی تو، ایک دن
  • میری طرف بھی مالک تقدیر دیکھنا
  • مجھ ناتواں کا صبر تو کیا آزماؤ گے
  • راس آئے تم کو جوہرِ شمشیر دیکھنا
  • آوازیں مجھ پہ کستے ہیں پھر بندگانِ عشق
  • پڑ جائے پھر نہ پاؤں میں زنجیر دیکھنا
  • مردوں سے شرط باندھ کے سوئی ہے اپنی موت
  • ہاں دیکھنا ذرا فلک پیر دیکھنا
  • ہوش اڑ نہ جائیں صنعت بہزاد دیکھ کر
  • آئینہ رکھ کے سامنے تصویر دیکھنا
  • چونکے تو چشم شوق میں عالم سیاہ تھا
  • خواب نظر فریب کی تعبیر دیکھنا
  • پروانے کرچکے تھے سرانجام خودکشی
  • فانوس آڑے آگیا ، تقدیر دیکھنا
  • شاید خدانخواستہ آنکھیں دغا کریں
  • اچھا نہیں نوشتۂ تقدیر دیکھنا
  • اصلاح کی مجال نہیں ہے تو کیا ضرور
  • بے ربطی نوشتۂ تقدیر دیکھنا
  • ہر خوب و زشت آپ ہی اپنا مثال ہے
  • حد کمال کاتب تقدیر دیکھنا
  • باد مراد چل چکی لنگر اٹھاؤ یاسؔ
  • پھر آگے بڑھ کے خوبی تقدیر دیکھنا