My Hobby Essay In Urdu

فارغ اوقات کو مصروفیت میں لانے کے لئے انسان کو کوئی نہ کوئی کام ضرور کرنا چاہئے۔ مثلاً باغبانی، قلمی دوستی، تصویریں/ ٹکٹ جمع کر نا، سکے جمع کرنا وغیرہ۔

میں طرح طرح کی تصویریں جمع کرتا رہتا ہوں اور فارغ وقت میں انہیں اپنی البم میں ترتیب وار لگاتا رہتا ہوں۔ اس طرح بے کاری کے لمحات بہت اچھی طرح گزر جاتے ہیں۔

ٹکٹ جمع کرنا میرا مشغلہ ہے اس لیے میں نے کبھی کوشش نہیں کی کہ جلد از جلد بہت سارے ٹکٹ بازار سے خرید لوں اور البم بنا لوں۔ خرید کر ایک ہی بار بہت سے ٹکٹ حاصل کرلینا مشغلے کے آداب کے خلاف ہے۔ اس کا تقاضہ ہے کہ ایک ایک ٹکٹ کے حصول کے لیے محنت کی جائے۔ اس لئے میں ٹکٹ خطوں سے اتارتا ہوں یا دوسروں سے ٹکٹ کا تبادلہ کرتا ہوں۔ اس طرح ٹکٹ جمع کرنے میں دیر تو لگتی ہے لیکن مزہ بھی بہت آتا ہے۔

میرے پاس بڑی خوبصورت البم ہے۔ اس پر ہر ملک کے ٹکٹ چسپاں کرنے کے لئے الگ الگ صفحے مخصوص ہیں۔ ان میں مخصوص صفحات پر مختلف ملکوں کے نئے نئے ٹکٹ لگاتا رہتا ہوں۔ اب میرے پاس اتنے زیادہ ٹکٹ ہو چکے ہیں کہ مجھے کم از کم دو البم اور خریدنے کی ضرورت ہے۔

ٹکٹ جمع کرنے کا مشغلہ بہت مفید بھی ہے۔ اس سے صرف فارغ وقت ہی اچھا نہیں گزرتا بلکہ اس کے کچھ علمی فائدے بھی ہیں۔ ٹکٹوں کے مشاہدے سے مختلف ممالک کی شخصیات، رسوم، پیداوار کے بارے میں معلومات حاصل ہوتی ہیں اور وہاں کے عوام اور حکمرانوں کے بارے میں بھی بہت سی معلومات حاصل ہوتی رہتی ہیں کیونکہ ٹکٹ پر بنی ہوئی تصاویر اس سلسلے میں ہماری رہنمائی کرتی ہیں۔

میں نے کئی ایک قلمی دوست بھی بنا رکھے ہیں۔ قلمی دوستی کا یہ سلسلہ بھی نہ میرا دوسرا مشغلہ ہے بلکہ پہلے مشغلے میں بھی میرا مددگار ہے۔ اس وجہ سے میرا دوسرے ملکوں کے بارے میں معلومات کا ذخیرہ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔ میں دوسروں کو بھی یہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ بھی کوئی مشغلہ ضرور اختیار کریں۔

Close