اردو زبان سیکھنے کے فوائد

ادبی محفلاردو زبان سیکھنے کے فوائد
beingsajid Staff asked 1 سال ago
beingsajid Staff replied 1 سال ago

کبھی کبھی یہ فیصلہ کرنا بڑا مشکل ہوتا ہے کہ کون سی غیرملکی زبان سیکھی جائے۔ کیا اردو کا انتخاب کرنا بہتر نہیں ہوگا؟ (واضح رہے کہ اردو ہندوستان کے لیے بدیسی زبان نہیں ہے۔ شاہ زمن حق نے فرانسیسی عوام کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ بات لکھی ہے)
اردو زبان سیکھنے کے ۹ فائدے ہیں۔
1- اس کلاسیکی زبان کی مدد سے، جو بارھویں صدی کے آس پاس ترقی کرنا شروع کی، آپ چودھویں صدی اور اس کے بعد کے شاندار ادبی ذخیرے تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
2- یہ بات معلوم ہے کہ اردو دوسری زبانوں کے زیر اثر وجود میں آئی۔ اس نے عربی، ہندی، فارسی، پنجابی، ترکی اور سنسکرت سے بہت سارے الفاظ لیکر اپنے دامن کو وسیع کیا۔ اردو زبان سیکھنے کا مطلب یہ ہوا کہ آپ مذکورہ بالا زبانوں سے بھی کچھ حد تک واقفیت بہم پہنچا سکتے ہیں۔ اردو اور ہندی کے بہت سے بنیادی محاورے یکساں ہیں۔ اردو نے تقریبا چالس فیصد الفاظ فارسی اور عربی سے ماخوذ کیے ہیں۔ سنسکرت سے 43 الفاظ لیے گئے ہیں جو روز مرہ کی اردو میں بولے جاتے ہیں۔
3- اردو فارسی-عربی رسم الخط میں لکھی جاتی ہے۔ اگر آپ یہ زبان پڑھنا اور لکھنا جانتے ہیں تو آپ چھ دوسری زبانیں یعنی عربی، بلوچی، کشمیری، پشتو، فارسی اور پنجابی بھی لکھ پڑھ سکتے ہیں۔ آپ ان زبانوں کے بہت سے الفاظ کے معنی و مفاہیم بھی سمجھ سکتے ہیں۔
4- اردو دنیا کی بیس سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں سے ایک ہے۔ 160 ملین لوگ اس زبان کو دنیا کے 26 ممالک افغانستان، بحرین، بنگلہ دیش، بوٹسوانا، کینڈا، فیجی، فنلینڈ، جرمنی، گیانا، ہندوستان، ملاوی، موریشس، نیپال، ناروے، اومان، پاکستان، قطر، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، سویڈن، تھائی لینڈ، نیدرلینڈ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکہ اور زمبیا میں بولتے ہیں۔ اگر آپ اردو سیکھتے ہیں تو اس میں شائع ہونے والے تقریبا چار ہزار اخبارات و رسائل، 70 ریڈیو اسٹیشن اور 74 ٹی وی چینل تک آپ کی رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔
5- اردو ہندوستانی برصغیر کی سب سے کم اہمیت دی جانے والی عوامی رابطے کی زبان ہے۔ اردو پاکستان میں مقیم 45 فیصد سے زیادہ پنجابی بولنے والے، لسانی اور دیگر گروہی طبقات کی واحد رابطے کی زبان ہے۔ شمالی ہندوستان کے پولس تھانہ میں شکایت دہندگان اردو کا استعمال ایک دفتری زبان کی حیثیت سے کثرت سے کرتے ہیں۔
6- نیورو سائنسدانوں کی ایک تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اردو پڑھنے سے انسان کے دماغ کا اگلا حصہ متحرک ہو جاتا ہے جس سے انسان کے فیصلہ لینے کی قوت بڑھ جاتی اور تجزیاتی صلاحیت نکھر جاتی ہے۔ اس کی وجہ در اصل اردو زبان کا خاص صوتی نظام اور گرافک ڈھانچہ ہے۔
7- اردو ایک مہذب انسان کو مزید مہذب اور شائستہ بناتی ہے۔ یہ دنیا کی مہذب زبانوں میں سے ایک ہے۔ جب اردو میں کسی بچے کی سرزنش کی جاتی ہے تو اس وقت اس کا صوتی آہنگ اور خوش الحانی لائق شنید ہوتی ہے۔ اس زبان کی بدولت ہم “زین رویہ” Zen Attitude اپنا سکتے ہیں جس سے لوگوں سے ہمارے بہتر رشتے استوار ہو سکتے ہیں۔
8- اردو کے ذریعہ ہندی فلموں کے نغمے اور مکلامے کو سمجھنا آسان ہے۔ ہندی فلموں کے اکثر و بیشتر نغمے اردو میں ہی ہوتے ہیں۔
9- اردو زبان کا علم آپ کے کیرئیر میں چار چاند لگا سکتا ہے اگر آپ شمالی ہند، پاکستان، برطانیہ، عرب متحدہ امارات، اومان، قطر سعودی عرب، جنوبی افریقہ اور ان جیسی دوسری جگہوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ بلاشبہ اردو کا علم روزگار تلاش کرنے اور آپ کے سماجی رابطہ کو وسیع کرنے میں کافی مددگار ثابت ہوگا۔
تحریر: شاہ زمن حق، انالکو فرانس
مترجم: محمد ریحان، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی