21 فروری عالمی یوم مادری زبان ﴿اردو﴾

ادبی محفل21 فروری عالمی یوم مادری زبان ﴿اردو﴾
beingsajid Staff asked 1 سال ago
beingsajid Staff replied 1 سال ago

تمام احباب کو آج 21 فروری کا دن بہت بہت مبارک۔ آج کے دن کو یوم فروغ اردو کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اردو ہماری مادری زبان ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے۔ آپ جہاں بھی جیسے بھی ہوں لوگوں میں اردو زبان سے محبت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش ضرور کریں۔ انسان کا تخیل اس کی مادری زبان میں ہی سوچ سکتا ہے بھلا کسی کو انگریزی میں بھی خواب آیا ہے؟
اگر کسی قوم کو اُس کی مادری زبان میں پڑھایا اور لکھایا جائے تو وہ قوم جلد ترقی کرتی ہے۔ جس طرح کوئی بھی پودا اپنی جڑ کے بغیر نشونما نہیں پا سکتا ایسے ہی کوئی قوم اپنی مادری زبان کی ترویج کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ حالات کتنے ہی ابتر ہوں ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہئیے۔ دوسری زبانوں کے سیکھنے کی کوئی قباحت نہیں اور نہ میں اس کے خلاف ہوں، لیکن دوسری زبانوں کو بطور ضرورت ہی استعمال کرنا چاہئے نہ کہ بطور فیشن۔ اگر فریقین اردو جانتے ہیں تو ہمیں اردو میں ہی گفتگو، بحث اور تبصرے کرنے چاہئے۔ جو لوگ انگریزی سیکھنے کے بعد اپنی مادری زبان بولنا چھوڑ دیں اور اردو جاننے اور بولنے والوں کے ساتھ بھی *سانولے انگریز* بننے کی کوشش کرتے ہیں اور انگریزی بولتے ہیں ایسے لوگ اصل میں اپنی اوقات بھول جاتے ہیں۔
دوسری بات ہمیں اردو اخبارات کتابیں و رسائل خرید کر پڑھنے کی عادت بنانی ہوگی۔ اس تعلق سے لوگوں میں بیداری پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ سوشل میڈیا اردو زبان کی ترقی و ترویج کا بہترین ذریعہ بن رہا ہے۔ اس کا ہمیں مثبت استعمال کرنا چاہئے جہاں تک ممکن ہو اردو زبان اور اردو رسم ا لخط کا ہی استعمال کرنا چاہئیے۔ بلا وجہ و بلا ضرورت انگریزی چھانٹنے سے گریز کرنا ضروری ہے۔
آئیے آج یوم مادری زبان کے موقع پر ہم عہد کریں کہ ہم اردو اخبارات کو خرید کر ہی پڑھیں گے اور آج کے دن ایک اردو کتاب ضرور خریدیں گے۔
از تحریر::: حسنیٰ انصاری