Short Biography of Premchand In Urdu

ادبی محفلCategory: Jkbose Urdu Questions AnswersShort Biography of Premchand In Urdu
beingsajid Staff asked 1 سال ago
beingsajid Staff replied 1 سال ago

منشی پریم چند کا اصلی نام دھنپت رائے تھا۔ انھوں نے نواب رائے کے نام سے کچھ افسانے لکھے، پھر 1910 ء میں پریم چند نام اختیار کیا اور اسی نام سے مشہور ہوئے۔ وہ بنارس کے قریب ایک گاؤں ہی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدمنشی عجائب لال ڈاک کے محکمہ میں کلرک تھے۔

پریم چند آٹھ سال کے تھے کہ ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا۔ جب وہ پندرہ سال کے ہوئے تو ان کے باپ نے ان کی شادی کر دی۔ کچھ دنوں کے بعد ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ انھیں انٹر پاس کرنے کے بعد اپنی تعلیم چھوڑ دینی پڑی۔انھوں نے محکمہ تعلیم میں نوکری کر لی۔ سرکاری ملازمت کی وجہ سے حق بات کے اظہار میں رکاوٹ محسوس ہوئی تو ملازمت ترک کر کے ساری زندگی تصنیف و تالیف کے کاموں میں صرف کر دی۔

پریم چند نے تقریبا ساڑھے تین سو افسانے اور بارہ ناول لکھے۔انھیں اردو افسانے کا موجد نہیں تو پہلا بڑا افسانہ نگار ضرور کہا جاسکتا ہے اور اکثر لوگوں کے خیال میں وہ اردو کے سب سےبڑے افسانہ نگار بھی ہیں۔ انھوں نے مختصر افسانے کو ایک معیار عطا کیا۔ ان کے افسانے اور ناول اردو ادب کا بیش قیمت سرمایہ ہیں۔

ان کے مجموعوں میں واردات ، پریم پچیسی، پریم بتیسی، ، آخری تحفہ،نجات اور زادراہ قابل ذکر ہیں اور ان کے ناولوں میں چوگان ہستی، میدان عمل ،بیوہ،بازار حسن اور گئودان ممتاز حیثیت رکھتے ہیں۔

پریم چند کے ناول اور افسانے بے مثل حقیقت نگاری کا نمونہ ہیں۔ ان کے افسانوں کا پس منظر مشرقی یوپی کا دیہات ہے۔ ہندوستانی کسان اپنی پوری شخصیت کے ساتھ پریم چند کی تصانیف میں نظر آ تا ہے۔ پریم چند کی نثر سادہ اور آسان ہے۔ اپنے انداز بیان سے انھوں نے افسانوں کو بہت پر لطف بنا دیا۔