مکی و مدنی سورتوں کا فرق واضح کریں۔

ادبی محفلCategory: اسلامی سوالات و جواباتمکی و مدنی سورتوں کا فرق واضح کریں۔
beingsajid Staff asked 1 سال ago
1 Answers
beingsajid Staff answered 1 سال ago
جمہور مفسرین کے نزدیک مکی سورتوں سے مراد وہ سورتیں ہیں جو ہجرت نبوی سے پہلے مکی دور میں نازل ہوئیں۔ خواہ وہ حدود مکہ سے باہر ہی نازل ہوئیں۔ جب کہ مدنی سورتوں سے مراد وہ سورتیں ہیں جو ہجرت کے بعد کے زمانے میں حضورصلی اللہ علیہ وعلی آلہ واصحابہ و سلم کی رحلت کے زمانے تک نازل ہوئیں۔مکی سورتوں کی تعداد ۸۷ اور مدنی سورتوں کی تعداد ۲۷ ہے۔ اس طرح سورتوں کی مجموعی تعداد ۱۱۴ ہے۔

مکی اور مدنی سورتوں کا فرق :

مکی اور مدنی سورتوں میں طرز بیان، معانی اور مضامین وغیرہ کے لحاظ سے کافی فرق ہے۔ مثلاً مکہ مکرمہ میں جو آیات اور سورتیں نازل ہوئی ہیں ان میں زیادہ تر اصول اور کلیات دین کا بیان ہے۔ توحید، رسالت اور آخرت جیسے بنیادی عقائد پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔

توحید باری تعالیٰ کے اثبات اور شرک کے ابطال کے لیے غور و فکر اور کائنات اور خود وجود انسانی میں تدبر کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ بت پرستی اور شرک کی مذمت ایسے سادہ اور موثر انداز میں کی گئی ہے کہ معمولی سمجھ بوجھ رکھنے والا بھی شرک سے متنفر ہو کر توحید کا پرستار بن جائے۔ سابقہ اقوام کے وہ قصے بار بار مختلف اسالیب میں بیان کئے گئے ہیں جس سے اہل عرب اچھی طرح واقف تھے اور ان اقوام کی زندگی میں عبرت و نصیحت کے واضح نشانات موجود تھے۔ آخرت اور موت کے بعد زندگی کو ذہن نشین کرانے کے لیے نہایت مؤثر انداز میں خطاب کیا گیا ہے۔ مکی سورتوں کے جملے چھوٹے چھوٹے اور نہایت دل نشین ہیں کہ سنتے ہی ذہن نشین ہو جائیں اور دل میں اتر جائیں۔
مدنی سورتوں کے مخا طب اہل کتاب اور مسلمان تھے ۔ اس لیے ان میں ان کا پور الحاظ رکھا گیا ہے۔ اکثر مقامات پر قرآن مجید کو سابقہ آسمانی کتابوں کا مؤید اور مصدق بتایا گیا ہے۔

سابقہ آسمانی کتابوں میں نبی آخر الزمان ﷺ کے بارے میں مذکورہ پیشین گوئیاں یاد دلائی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ تورات وانجیل پر ایمان رکھنے کا تقاضا یہ ہے کہ قرآن پر پورا پورا ایمان لایا جائے۔
مدنی آیات اور صورتوں کا دوسرا امتیاز یہ ہے کہ ان میں اکثر و بیشتر عبادات و معاملات سے متعلق احکام، حلال و حرام، فرائض و واجبات اور ممنوعات و منہیات کے مسائل بیان کیے گئے ہیں۔ غزوات و جہاد، مال غنیمت، خراج ، جزیہ،میراث اور حدود و قصاص کے تفسیلی احکام بھی مدنی سورتوں کے خاص مضامین ہیں۔