تہذیب، کلچر، تمدن اور ثقافت میں فرق

تہذیب، کلچر، تمدن اور ثقافت یہ سب ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے تصورات ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان میں کچھ بنیادی فرق ضرور ہیں لیکن یہ تصورات مختلف تعریفات کے بموجب آپس میں اس قدر گھتم گھتی ہو چکے ہیں کہ بعض اوقات ان میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔ البتہ میں نے چند اہم ماہرین کی تعریفات کے پیشِ نظر ان مذکورہ تصورات کے مابین فرق واضح کرنے کی ادنی سی سعی کی ہے ۔

تہذیب

تہذیب ایک وسیع اور ترقی یافتہ سماجی نظام کو ظاہر کرتی ہے جس میں علم، فن، ادب، قانون، طرزِ حکومت اور سماجی اقدار شامل ہوتے ہیں۔ تہذیب عام طور پر طویل عرصے میں بنتی ہے اور مختلف قوموں اور معاشروں میں مشترک ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر رومی تہذیب ، مشرقی تہذیب، مغربی تہذیب اور چینی تہذیب وغیرہ۔
تہذیب کسی معاشرے کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی کو ظاہر کرتی ہے۔یہ زیادہ تر انسانوں کے طرزِ عمل، شائستگی، آداب اور نظم و ضبط سے جُڑی ہوتی ہے۔

کلچر

کلچر کسی مخصوص قوم، علاقے یا برادری کے رہن سہن، رسم و رواج، زبان، لباس، کھان پین، فنونِ لطیفہ اور روزمرہ کے رویوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ کلچر زیادہ تر علاقائی اور نسلی شناخت سے جڑا ہوتا ہے اور وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔ مثال کے طور پر کشمیری کلچر، پنجابی کلچر، سندھی کلچر اور گوجری اور پہاڑی کلچر وغیرہ۔

ثقافت

کلچر اور ثقافت عام طور پر ایک ہی معنی میں استعمال ہوتے ہیں۔ مغربی دنیا میں “تقافت” زیادہ تر علم، فن، ادب اور ذہنی ترقی کے پہلو کو ظاہر کرتا ہے۔ مشرقی دنیا میں بھی تھوڑی بہت تبدیلی کے ساتھ ثقافت سے غالباً یہی اشیا مراد لی جاتی ہیں ۔ میرے نذدیک ثقافت میں کسی بھی مخصوص علاقے کے وہ ذرائع آتے ہیں جو ذریعہ آمدنی بنتے ہیں (ذرائع آمدنی)۔ اس سے اس علاقے اور ملک کی معیشت میں اضافہ ہوتا ہے۔

تمدن

انگریزی میں تہذیب اور تمدن کے لیے ایک ہی لفظ Civilization مستعمل ہے اور وہ تہذیب اور تمدن کو ایک ہی شے تصور کرتے ہیں جب کہ مشرق میں تمدن کا مطلب کسی معاشرے کی مادی ترقی، شہروں کا قیام، سڑکیں ، سائنسی ترقی، صنعت اور بنیادی ڈھانچے (Infrastructure) کی ترقی ہے۔یہ کسی قوم کی ترقی اور خوشحالی کا پیمانہ ہوتا ہے۔
مثال: قدیم مصر، وادیِ سندھ اور رومی تہذیبیں اپنے دور کے عظیم تمدن تھے جن میں شہری منصوبہ بندی اور عمارتیں وغیرہ ترقی یافتہ تھیں۔
یہ چاروں تصورات ایک دوسرے سے جُڑے ہوئے ہیں اور کسی بھی قوم کی پہچان بناتے ہیں۔