تحقیق میں خاکہ بنانے کا طریقہ

0

خاکہ انگریزی میں Synopsis کو کہتے ہیں جس کے لغوی معنی ایک ساتھ نظر ڈالنے کے نکلتے ہیں۔ Syn کے معنی ایک ساتھ اور Opsis کے معنی دیکھنے کے ہوتے ہیں۔ ہندوستانی یونیورسٹیوں میں تحقیقی مقالے کو Synopsis کہا جاتا ہے اور مغرب میں اسے آؤٹ لائن (Outline) کہا جاتا ہے۔

اصل میں دیکھا جائے تو خاکہ مختلف تصورات کی تقسیم، ترتیب اور باہمی رشتے کا نام ہے۔ خاکے کی اس تعریف کو معتبر محققین نے مناسب تعریف کہا ہے۔ کتاب ہی میں نہیں زندگی کے ہر شعبے میں کام سے پہلے جو منصوبہ بنایا جاتا ہے وہی منصوبہ خاکہ کہلاتا ہے۔ مقالے کے متعلق ڈاکٹر عندلیب شادانی لکھتے ہیں:

” خاکہ بنانے کے بعد ذہنی طور پر مقالے کی ہئیت متعین ہو جاتی ہے اور پھر اس نقشے پر عمارت بنانا آسان ہو جاتا ہے۔“

خاکہ تحقیق اور تسوید کے بیج کی منزل کا نام ہے۔ ایک طرح سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ خاکہ مواد کی بے ترتیبی میں ترتیب لانے کا ذہنی تصور ہے۔ اس کی عملی شکل تسوید کہلاتا ہے۔ ایک اچھے مقالے کی کامیابی کا دارومدار خاکے پر ہی ہوتا ہے۔ زندگی کی طرح تحقیقی مقالے کا جوہر بھی ترتیب ہے۔ کام شروع کرنے سے پہلے ہی اس کا خاکہ تیار کرنا دو ذہنی صلاحیتوں کا مطالعہ کرتا ہے، اول یہ کہ اتنا علم ہو اور اتنی پس منظری معلومات ہوں کہ پہلے سے ہی مواد اور مآخذ کا اندازہ ہو، دوسرا یہ کہ تخیل اتنا ترتیب یافتہ ہو کہ مواد کو دیکھنے سے پہلے ہی مقالہ نگار اس کی ذہنی ترتیب کر سکے۔

ڈاکٹر گیان چند جین لکھتے ہیں کہ خاکہ بنانا مقالے کی تیاری کی طرف ایک مسلسل عمل ہے۔ مطالعہ شروع کرنے سے پہلے ذہن میں اس کے بارے میں کوئی تصور ہونا چاہیے۔ڈاکٹر گیان چند جین کے مطابق خاکہ بنانے کی تین منزلیں ہوں گی:

  • 1. کام شروع کرنے پر مواد کی فراہمی سے پہلے۔
  • 2. مواد کی فراہمی اور مطالعے کے بعد۔
  • 3. آخری تسوید کے بعد۔

اگر خاکے میں اس طرح ارتقاء اور ترتیب کا عمل جاری رہے گا تو آخری خاکہ بہت بلترتیب ، چست اور منظم ہو گا۔

پارسنس کا کہنا ہے کہ اگر مقالے میں زماں اہم ہے تو مقالے کی ترتیب بھی اسی طرح ہونی چاہیے۔ایک اچھے مقالے میں مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھا جانا چاہیے۔

  • 1. مقالے کی ترتیب زماں کے اعتبار سے ہونی چاہیے۔
  • 2. معلوم سے نامعلوم کا انکشاف کیجئے۔
  • 3. سادہ سے پیچیدہ کی طرف بڑھیے۔
  • 4. دو یا دو سے زیادہ تقابل و تخالف کیجیے۔
  • 5. عام سے خاص کی طرف بڑھیے۔
  • 6. سوال پیش کرکے اس کا جواب دیجیے۔
  • 7. سبب سے نتیجہ نکالیے۔
  • 8. یا نتیجہ پہلے لکھ کر اس کے اسباب درج کیجئے۔

ایک مشہور نقاد لنڈا کا کہنا ہے کہ رپورٹ تیار کرنے کے دو طریقے ہیں۔

  • 1. پہلے اپنے جائزے کا برآمد شدہ نتیجہ لکھیے اور اس کے بعد اس کی تائید میں دلیلیں دیجئے۔
  • 2. پہلے مسئلہ پیش کیجئے پھر متعلقہ مواد دیجئے۔

خاکہ کس طرح کا ہونا چاہیے، انگریزی میں خاکہ بنانے کے دو طریقے بتائے گئے ہیں۔ ایک تو یہ کہ موضوع بشکل جملہ ہو، دوسرا یہ بھی کہا گیا ہے کہ باب کے ذیلی حصوں اور ان کے بھی ذیلی حصوں کے نمبر شمار کا نظام باقاعدہ اور یکساں ہونا چاہیے۔

ایک اچھے خاکے کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اس طرح تیار کیا جائے کہ موضوع کی حد تک جامع ہو اور جسے دیکھ کر موضوع شاندار نظر آئے اور جس سے تحقیق کار کے لئے یہ جاننا آسان ہوجائے کہ کن خطوط پر کام کرنا ہے۔