Advertisement
Advertisement

غزل

اثر اس کو ذرا نہیں ہوتا
رنج راحت فزا نہیں ہوتا
ذکرِ ا غیار سے ہوا معلوم
حرفِ ناصح برا نہیں ہوتا
بے وفا کہنے کی شکایت ہے
تو بھی وعدہ وفا نہیں ہوتا
اس نے نہ جانے کیا کیا لے کر
دل کسی کام کا نہیں ہوتا
تم ہمارے کسی طرح نہ ہوئے
ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا
تم میرے پاس ہوتے ہو گویا
جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا
حالِ دل یار کو لکھوں کیوں کر
ہاتھ دل سے جُدا نہیں ہوتا
چارۂ دل سِوائے صبر نہیں
سو تمہارے سِوا نہیں ہوتا
کیوں سُنے عرض مضطرب مومنؔ
صنم آخر خدا نہیں ہوتا

تشریح

پہلا شعر

اثر اس کو ذرا نہیں ہوتا
رنج راحت فزا نہیں ہوتا

غزل کے مطلعے میں شاعر محبوب کے حوالے سے کہتا ہے کہ وہ پے درپے ظلم کر رہا ہے اور ہم فریاد کیے جا رہے ہیں۔لیکن ہماری فریاد کا اس پر مطلق کوئی اثر ہوتا ہی نہیں ہے۔وہ برابر رنج و الم دیے جا رہا ہے۔کاش! اسے معلوم ہوتا کہ رنج کبھی مسرت افزا نہیں ہوتا اور وہ رنج دینا بند کر دیتا۔

Advertisement

دوسرا شعر

ذکرِ ا غیار سے ہوا معلوم
حرفِ ناصح برا نہیں ہوتا

اس شعر میں شاعر نے کہا ہے کہ نا صح جو نصیحت کرتا تھا کہ بُتوں سے دور رہو کہ یہ ہمیشہ تکلیف پہنچاتے ہیں اور دین و دنیا کو غارت کرنے کا سبب بھی بنتے ہیں تو ہم کو ناگوار گزرتا تھا۔مگر آج جب ہمارے محبوب نے ہماری موجودگی میں ہمارے رقیب کا محبت بھرے لہجے کے ساتھ تذکرہ کیا تو ہمیں بہت تکلیف پہنچی اور احساس ہوا ناصح جو کہتا تھا وہ غلط نہیں تھا۔

تیسرا شعر

بے وفا کہنے کی شکایت ہے
تو بھی وعدہ وفا نہیں ہوتا

محبوب وعدہ کر کے مکر جاتا ہے۔بے وفائی گویا اس کا شیوہ ہے اور اس پر طرّہ یہ کہ ہم سے شکایت ہے کہ ہم اس کو بے وفا کیوں کہتے ہیں۔ اب چاہیے یہ کہ وہ اپنا شیوہ بدل لے۔نہ ہم اس کو بے وفا کہیں اور نہ شکایت ہو۔لیکن نہ وہ اپنا چلن بدلتا ہے اور نہ کبھی وعدہ وفا کرتا ہے۔

Advertisement

چوتھا شعر

اس نے نہ جانے کیا کیا لے کر
دل کسی کام کا نہیں ہوتا

شاعر کہتا ہے کہ ہمارا دل بڑے کام کا تھا لیکن جب یہ محبوب پر آ گیا تو یہ ہمارے قابو میں نہیں رہا۔ اب معلوم نہیں کہ ہمارے محبوب نے ہمارا دل لے کر ایسا کر دیا ہے کہ یہ کسی کام کا ہی نہیں رہا ہے۔

Advertisement

پانچواں شعر

تم ہمارے کسی طرح نہ ہوئے
ورنہ دنیا میں کیا نہیں ہوتا

شاعر کہتا ہے کہ اے محبوب ہم نے تم کو پانے کے لئے کیا کیا جتن نہیں کیے ہیں۔ہر طرح کی کوشش کی ہے لیکن تو کسی طرح بھی ہمارا نہیں ہو سکا۔ ورنہ اس مستحکم ارادے اور کوشش سے دنیا کا کون سا ایسا کام ہے جو ہو نہیں سکتا۔ گویا سب کچھ ممکن ہے لیکن تم کو اپنا بنانا ممکن نہیں ہے۔

ساتواں شعر

حالِ دل یار کو لکھوں کیوں کر
ہاتھ دل سے جُدا نہیں ہوتا

یہ فطری ہے کہ جہاں کہیں درد ہوگا انسان وہاں ہاتھ رکھ دے گا۔ اب محبوب کے ظلم و ستم سے دل کی حالت خراب ہوگئی ہے۔دل پھوڑے کی طرح پک گیا ہے۔ لہٰذا ہاتھ اس سے ہٹتا ہی نہیں ہے۔ اب شاعر کہتا ہے کہ میں اپنے یار،اپنے محبوب کو خط میں اپنے دل کی حالت لکھتا اور شاید وہ کچھ رحم کرتا ہے مگر کیا کروں کہ درد کی شدت ہے اور ہاتھ اس کے ساتھ ایسا لگا ہے کہ ہٹتا ہی نہیں۔

Advertisement

آٹھواں شعر

چارۂ دل سِوائے صبر نہیں
سو تمہارے سِوا نہیں ہوتا

شاعر کہتا ہے کہ ہمارے اس دل کا علاج خبر کے سوا اور کچھ نہیں ہے اور پھر محبوب سے مخاطب ہو کر کہتا ہے یہ تمہاری جُدائی میں اس دل کو صبر کیوں کر میسر ہو سکتا لہٰذا اس کا علاج کیسے ممکن ہوسکتا ہے؟

نواں شعر

کیوں سُنے عرض مضطرب مومنؔ
صنم آخر خدا نہیں ہوتا

غزل کے مقطعے میں شاعر نے نہایت عُمدہ بات کہہ دی ہے۔ خدا کی خصوصیت میں ایک یہ ہے کہ وہ رحیم ہے اب شاعر کہتا ہے کہ اے مومن محبوب بے قرار عشق کی درخواست کیوں سُنے؟ کہ اس کا شیوہ تو ظلم کرنا ہے اور پھر محبوب آخر محبوب ہی تو ہے۔ وہ کوئی خدا تو نہیں جو سب کی سنتا ہے۔

Advertisement