تحقیق کی اقسام

0

تحقیق لفظ عربی زبان کاہے۔ بابِ تفعیل سے اسکا تعلق ہے۔ لغوی معنی پرکھ ،کھوج، تفتیش کے ہیں۔ اسے انگلش میں ریسرچ کہتے ہیں۔ ریسرچ کے معنی توجہ سے تلاش کرنا اوردوبارہ تلاش کرنا ہے۔ رابرٹ راس کے مطابق یہ فرانسیسی لفظ ریسرچر سے نکلا ہے۔ جس کا معنی پیچھے جا کر تلاش کرنا ہے۔تحقیق کو انوسندھان ہندی میں کہتے ہیں جس کے معنی برقرار رکھنا ہے۔ ٹوٹے بکھرے دھاگے کو جوڑ کر رکھنے کو بھی انوسندھان کہتے ہیں۔ تحقیقی عمل انسان پر ہمیشہ غالب رہتا ہے اور کبھی ختم نہیں ہوتا۔ تحقیق کا تعلق زندگی کے تمام شعبوں سے ہے۔

تحقیق کی اقسام

تجزیاتی تحقیق

تجزیاتی تحقیق مطالعہ کی ایک خاص شکل ہے جس میں تنقیدی، منطقی اور سائنسی نظرئیے کے ساتھ حقائق کی جانچ کی جاتی ہے۔ موضوع کی گہرائی سمجھنے کے لئے اس کے پیچھے اہم عنصر کو تلاش کیا جاتا ہے۔

شماریاتی تحقیق

شماریاتی تحقیق میں ڈیٹا یا معلومات کو یکجاکیا جاتا ہے اور اسکا منظم طریقے سے تجزیہ کیا جاتا ہے اور اس سے نتائج اخذ کیے جاتے ہیں۔ شماریاتی تحقیق میں ڈیٹا یا معلومات کی حصول یابی سے لے کر نتائج تک کے مراحل شامل ہیں۔یہ ڈیٹا یا معلومات کسی بھی چیز کی ہو سکتی ہے۔ یہ تحقیق مواد کی مقدار پر مبنیٰ ہے۔ شماریات کو انگریزی میں Statistics اور عربی میں إحصاء کہتے ہیں۔

اطلاقی تحقیق

اطلاقی تحقیق روز مرہ کی زندگی کو متاثر کرنے والے عملی اور خصوصی مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے کی جاتی ہے۔ زیادہ تر اطلاقی تحقیق کسی پالیسی کو تیار کرنے یا کسی وقوعہ/ امر کی سمجھ بنانے کے لئے کی جاتی ہے۔ اطلاقی تحقیق، بنیادی تحقیق سے وجود میں آئے ہو ئے نظریات کو موافق بنا کر مسائل کو حل کرتی ہے۔ سماجی علوم ، تعلیم ، ڈاکٹری، باغبانی اور زراعت کے شعبہ جات میں کی جاتی ہے۔

ادبی تحقیق

ادبی تحقیق ادب سے متعلق ہے اس میں ادبی اشیاء ادبی تحریروں ادبی کتابوں پر تحقیق کی جاتی ہے۔

سندی تحقیق

یہ ایسی تحقیق ہے جو کسی ادارے کی زیرِ نگرانی کسی موضوع پہ کی جائے اور اس تحقیق پہ ادارے کی جانب سے سند عطا کی جائے۔

غیر سندی تحقیق

اس طرز کی تحقیق میں محقق بالکل آزاد ہوتا ہے وہ کسی بھی موضوع پہ اپنی دلچسپی کے مطابق تحقیق کرتا ہے اور اسےکسی ادارے کی نگرانی یا اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔

تقابلی تحقیق

اس تحقیق میں کوئی سی بھی دو یا دو سے زیادہ مختلف قسم کے مظاہر کے درمیان تقابل کیا جاتا ہے۔ تقابلی تحقیق سے کسی تھیوری ، کتاب، ریسرچ ،کسی فرد کی ادبی، سماجی، سائنسی، سیاسی خدمات ، اشیاء وغیرہ کےدرمیان مماثلت ، اختلافات،برتری یا کمتری قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

نفسیاتی تحقیق

نفسیاتی تحقیق میں جو طریقہ استعمال کیا جاتا ہے وہ صورت حال کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔ کبھی کوئی ایک طریقہ مناسب ہوتا ہے تو کبھی کوئی دوسرا طریقہ۔ زیادہ تر اس تحقیق میں کتابوں کے مصنفین کے رجحانات اور انکی نفسیات کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس کا طریقہ کار سائنٹفک ہوتا ہے اور حقائق کا مطالعہ کیا جاتا ہے جو مشاہدہ میں آ سکیں۔

تہذیبی تحقیق

اس میں کسی بھی معاشرے کی حال یا ماضی کی تہذیب کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے اور پھر تحقیق کی جاتی ہے۔اس میں صداقت اور سچائی کی تلاش کی جاتی ہے۔ تہذیبی ترقی و ارتقا پہ بھی تحقیق کی جاتی ہے۔

تاریخی تحقیق

تاریخی تحقیق میں کسی جگہ ، کسی عمارت، کسی کتاب یا تاریخی اصنافِ ادب وغیرہ پہ کی جاتی ہے۔ اس تحقیق سے ہمیں ماضی کے حقائق جاننے میں مدد ملتی ہے۔

علومِ بلاغت و شعری تحقیق

اس میں شعری اصطلاحات یا شاعری کی کتب پر تحقیق کی جاتی ہے اور شعری اوزان کو موضوعِ بحث بنایا جاتا ہے اور اس تحقیق سے یہ جانچا جاتا ہے کہ کسی شاعر کا کلام کس حد تک موزوں ہے یا کس حد تک اہم ہے۔

لسانی تحقیق

لسانی تحقیق زبان پہ یا لسانات پہ تحقیق کو کہتے ہیں۔ اس تحقیق میں لسانی زاویہ سے نئی راہیں تلاش کی جاتی ہیں۔ محقق اجتماع،انتقاد اور تجزیاتی مطالعے کے بعد ہی لسانیات پر تحقیق کرتا ہے۔

بین العلومی تحقیق

اس میں اردو ادب کا دوسرے علوم کے ساتھ تقابل بھی کیا جاتا ہے اور پھر اس پر تحقیق بھی کی جاتی ہے۔

سوانحی و تاریخی تحقیق

اس میں کسی ادیب یا صنف کے اہم تخلیق کاروں کے متعلق مکمل تحقیق کی جاتی ہے۔اور ان کی زندگی کے سربستہ رازوں کو بھی مختلف ذرائع سے تلاشنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

تنقیدی تحقیق

اس تحقیق کے ذریعہ کسی کتاب میں پہلے سے موجود پرانے اور موجود حقائق کی نئے سرے سے تحقیق اور تشریح و توضیع کی جاتی ہے۔

تحریر محمد ذیشان اکرم