کتے کے گلے میں گھنٹی

0

ایک کتا بہت شرارتی تھی تھا۔ وہ راستے پہ آنے جانے والوں پر بھونکتا، ننھے منے بچوں کو بھونک بھونک کر ڈرا دیتا۔ جس گلی میں وہ رہتا تھا وہاں سے لوگوں کا گزر ہونا بہت مشکل ہو گیا تھا۔

پھر آہستہ آہستہ اس کی شرارتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ وہ پہلے تو بھونک بھونک کر ہی لوگوں کو ڈراتا تھا مگر اب اس نے نئی بات سیکھ لی تھی اور وہ یہ کہ اپنے لمبے لمبے دانتوں سے کام لینا۔ وہ اب بھونکنے کے بجائے چپکے سے آگے بڑھتا اور ہر آنے جانے والے کو کاٹ لیتا۔

اس بات سے لوگ بہت تنگ آ گئے۔ سب نے کتے کے مالک سے شکایت کی۔ جب بہت سے لوگوں نے یہ شکایت کی کہ کتا کاٹنے لگا ہے تو اس کے مالک نے ایک چھوٹی سی گھنٹی اس کتے کے گلے میں ڈال دی۔ اب کتا چلتا تو گھنٹی کی ٹن ٹن آواز آتی۔

کتا اپنے گلے میں گھنٹی دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ اس نے سمجھا کہ اس کے مالک نے اس کی عزت میں اضافہ کے لئے اس کے گلے میں گھنٹی باندھی ہے۔ وہ بہت مغرور ہوگیا اس نے دوسرے کتوں سے بات چیت بند کردی۔ اگر کوئی کتا اس کے قریب آتا تو وہ اسے دم مار کر دھتکار دیتا اور کہتا۔

“تم میری برابری نہیں کر سکتے، میں تم سے کہیں زیادہ عزت والا ہوں کیونکہ میرے مالک نے میرے گلے میں گھنٹی باندھی ہے”

دوسرے کتے بھی اس کی عزت کرنے لگے۔ ایک دن اس نے سوچا کہ اسے جنگل میں جاکر اپنے پرانے ساتھیوں سے ملنا چاہیے اور ان پر بھی اپنے مرتبے کا رعب ڈالنا چاہیے۔

کتا اپنا سر ہلاتا ہوا جنگل میں نکل گیا اور جس طرف بھی جاتا ٹن ٹن کی آواز آتی۔ جو جانور بھی ملتا کتا اسے گھنٹی کی آواز سناتا اور بتاتا کہ اس کے مالک نے اس کی عزت اور وقار میں اضافہ کے لئے اس کے گلے میں گھنٹی باندھ دی ہے۔

سب جانور اسے مبارکباد دیتے اور کتے سے ایک بار ٹن ٹن کی آواز کی فرمائش کرتے۔

وہ دوسرے جانوروں سے مل ہی رہا تھا کہ لومڑی بھی آگئی۔ کتے نے لومڑی پر بھی رعڈ جمایا۔ دو تین مرتبہ اپنا سر ہلا کر گھنٹی کو زور زور سے ہلایا۔ لومڑی نے گھنٹی کی آواز سنی۔ پھر اسے سونگھا اور حیرت سے بولی۔

“یہ گھنٹی تم نے خود پہنی ہے یا تمہارے مالک نے تمہیں پہنائی ہے”؟ کتے نے بہت فخر سے کہا “میرا مالک میرا بہت خیال رکھتا ہے اس نے میرا مرتبہ بڑھانے کے لئے مجھے یہ خوبصورت گھنٹی پہنا دی ہے”

لومڑی نے کہا “نہیں یہ بات نہیں ہو سکتی تمہیں یہ گھنٹی اسلئے پہنائی گئی ہے کہ گلی سے گزرنے والوں کو تمہاری موجودگی کا پتہ چل جائے اور جب تم انہیں کاٹنے کے لئے جاؤ تو انہیں پہلے سے خبر ہوجائے اور اس طرح وہ اپنے آپ کو تمہارے کاٹنے سے بچا سکیں”

واقعی لومڑی بہت چالاک اور سمجھدار جانور ہے۔