گرمی کی شدت

0

تعارفِ نظم

یہ بند ہماری درسی کتاب کی نظم ”گرمی کی شدت“ سے لیا گیا ہے۔ اس نظم کے شاعر کا نام میر انیس ہے۔ یہ نظم کلیاتِ انیس سے ماخوذ کی گئی ہے۔

تعارفِ شاعر

میر انیس کا نام میر ببر علی اور انیس تخلص تھا۔ آپ فیض آباد (ہندوستان) کے سید گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انیس نے ہزاروں نوحے اور بہت سے سلام تحریر کیے۔ آپ نے “واقعہ کربلا” کو اپنے اشعار میں نہایت کمال سے منظر نگاری، کردار نگاری اور مکالمہ نگاری کی صورت میں پیش کیا ہے۔

وہ لُو، وہ آفتاب کی حِدَّت، وہ تاب و تَب
کالا تھا رنگ دھوپ سے دن کا مثال ِ شب
خود نہرِ عَلقَمَہ کے بھی سُوکھے ہوئے تھے لب
خیمے جو تھے حَبابوں کے تَپتے تھے سب کے سب
اُڑتی تھی خاک، خشک تھا چَشمہ حَیات کا
کَھولا ہُوا تھا دھوپ سے پانی فُرات کا

اس شعر میں شاعر کربلا کے واقعی سے پہلے گرمی کی شدت کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہا اس دن بہت لُو تھی۔ اس دن سورج بہت زیادہ گرم تھا اور اس کی تپش جسم کو جھلسا دینے والی تھی۔ گرمی اس قدر شدید تھی کی دھوپ سے دن کا رنگ بھی رات کی طرح کالا ہوگیا تھا۔ نہرِ علقمہ بھی سوکھ چکی تھی اور تمام خیمے بھی بہت زیادہ گرم تھے۔ پانی کا چشمہ بھی خشک ہونے لگا تھا فرات کا پانی بھی سورج کی تپش سے کھول اٹھا تھا۔ غرض شاعر یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اس دم ناقابلِ برداشت اور جسم کو جھلسا دینے والی گرمی ہورہی تھی۔

آبِ رواں سے مُنھ نہ اٹھاتے تھے جانور
جنگل میں چُھپتے پِھرتے تھے طائر اِدھر اُدھر
مَردُم تھے سات پردوں کے اندر عَرَق میں تر
خس خَانَہ مِثَرہ سے نکلتی نہ تھی نَظَر
گَر آنکھ سے نکل کے ٹھہر جائے راہ میں
پڑ جائیں لاکھ آبلے پائے نِگاہ میں

شاعر گرمی کی شدت کا احوال بیان کرتے ہوئے بتارہے ہیں اس دن اس قدر شدید گرمی تھی کہ جانور پانی سے اپنا سر نہ اٹھاتے تھے۔ ابھی وہ سر اٹھاتے کہ ان کا گلا دوبارہ خشک ہوجاتا اور وہ مسلسل پانی پی رہے تھے۔ طائر یعنی چھوٹے چھوٹے پرندے بھی جنگل میں اپنے لیے سائے تلاش کررہے تھے تاکہ گرمی سے بچا جاسکے لیکن گرمی سے بچ نہیں پا رہے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ آنکھیں سات پردوں میں چھپی ہوئی تھیں اور نظر پلکوں سے باہر نہیں نکلتی تھی۔ اگر اس روز پلکوں سے باہر نظر جتی تو اس میں اسی وقت لاکھ ابلے پڑجاتے۔

کوسَوں کسی شجر میں نہ گُل تھے نہ بَرگ وبَار
ایک ایک نَخل جل رہا تھا صورتِ چَنار
ہنستا تھا کوئی گُل نہ مہکتا تھا سَبزہ زار
کانٹا ہوئی تھی پھولوں کی ہر شاخ ِ باردار
گرمی یہ تھی کہ زِیست سےدل سب کے سرد تھے
پتَے بھی مثل ِ چہرہ ٔ مَدقُوق زرد تھے

اس شعر میں شاعر پودوں پر گرمی کی شدت کی منظر کشی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ دور دور تک کسی درخت پر کوئی گُل، کوئی پھل موجود نہیں تھا۔ نہ ہی وہاں کوئی سبزہ تھا اور نہ کوئی ہریالی بلکہ پھولوں کی ہر شاخ گرمی کی شدت سے سوکھ کر کانٹا بن چکی تھی۔ اس شعر کے آخر میں گرمی اور دل کے سرد ہونے کو اکٹھا کرنا بھی ہنر مندی ہے۔ اس طرح کی مثالیں ہمیں میر انیس کے پاس جا بجا ملتیں ہیں۔

شیر اُٹھتے تھے نہ دھوپ کے مارے کَچھار سے
آہُو نہ مُنھ نکالتےتھے سبز ہزار سے
آئینہ مہر کا تھا مُکَدَّر غُبار سے
گَردُوں کو تپ چڑھی تھی زمیں کے بُخار سے
گرمی سے مُضطَرب تھا زمانہ زمین پر
بُھن جاتا تھا جو گِرتا تھا دانہ زمین پر

اس نظم کے آخر بند میں شاعر گرمی کے ناقابلِ حد تک بڑھنے کی منظر کشی کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ جنگل بھی دھوپ اور گرمی کی وجہ سے نڈھال ہوچکے تھے اور اب اپنے کچھار سے باہر بھی نہیں آرہے تھے۔ نہ ہی کوئی اور پرندہ یا جانور نظر آرہا تھا بلکہ سب ہی اپنے اپنے گھونسلوں اور گھروں میں گرمی کی شدت سے بچنے کی سر توڑ کوشش کررہے تھے۔ اور پھر گرد کو بھی زمین کی تپش بہت محسوس ہورہی تھی یوں لگتا تھا جیسے گرد و زمین کو بخار ہوگیا ہو۔ شاعر کہتے ہیں کہ اس روز اتنی گرمی تھی کہ اگر اناج کا کوئی دانہ زمین پر گر جاتا تو زمین و سورج کی تپش سے اسی وقت بُھن جاتا۔

اس نظم کے سوالوں کے جوابات کے لیے یہاں کلک کریں۔

سوال نمبر 2 : درج ذیل الفاظ اور تراکیب کے معنی بتائیے :

الفاظ معنی
حدت گرمی
طائر چھوٹے چھوٹے پرندے
خانہ مژہ آنکھوں کی پلکیں
برگ و بار پتے اور پھل
مکدر میلا

سوال نمبر 3 : خالی جگہوں میں مناسب الفاظ لکھ کر مصرعے مکمل کیجیے۔

  • (الف) اڑتی تھی (خاک) خشک تھا چشمہ حیات کا۔
  • (ب) جنگل میں چھپتے پھرتے تھے (طائر) ادھر ادھر
  • (ج)خیمے جو تھے (حبابوں) کے تپتے تھے سب کے سب
  • (د)گرمی یہ تھی کہ (زیست) سے دل سب کے سرد تھے

سوال نمبر 4 : آپ اس طرح کا کوئی شعر سنائیے جس میں تشبیہ دی گئی ہو۔

ڈر کے کسی سے چھپ جاتا ہے جیسے سانپ خزانے میں
زر کے زور سے زندہ ہیں سب خاک کے اس ویرانے میں
(منیر نیازی)

اس شعر میں انسان مشبہ اور سانپ مشبہ بہ ہے۔

سوال نمبر 5 : درج ذیل جوابات میں سے درست جواب پر (درست) کا نشان لگائیے :

(الف) کسی مرنے والے کی یاد میں کہی گئی نظم کہلاتی ہے :

  • (۱)غزل
  • (۲)مرثیہ ✔
  • (۳)مناجات
  • (۴)قصیدہ

(ب) علقمہ ہے :

  • (۱)نہر ✔
  • (۲)دریا
  • (۳)چشمہ
  • (۴)سمندر

(ج) “دل سرد ہونا” قواعد کے لحاظ سے ہے :

  • (۱)استعارہ
  • (۲)تشبیہ ✔
  • (۳)محاورہ
  • (۴)روز مرہ

(د) کتاب میں دی ہوئی نظم “گرمی کی شدت”میں بند ہیں :

  • (۱)دو
  • (۲)تین
  • (۳)چار ✔
  • (۴)پانچ

(ہ) میر انیس کی نظم میں گرمی کا ذکر ہے :

  • (۱)دمشق کی
  • (۲)کربلا کی ✔
  • (۳)کوفے کی
  • (۴)مکےکی