تحقیق کی اقسام | Tahqeeq Ki Iqsam

0

تجرباتی تحقیق

یہ روایتی انداز کی تحقیق ہے جس کو سائنسدان استعمال کرتے ہیں۔ محقق کسی مفروضے یا اصول کا جائزہ لینے کے لیے ایک تجربہ کرتا ہے۔ تجربے کی تشکیل عام طور پر اس انداز میں کی جاتی ہے کہ وہ حالات پوری طرح محقق کے قابو میں رہیں، جن کے تحت جائزہ یا امتحان لیا جانا ہے۔ اسی وجہ سے انتہائی سائنسی انداز کے تجربات تجربہ گاہوں میں کیے جاتے ہیں۔اس طریقے سے لائبریرین اور فراہمی اطلاعات کے سلسلے میں کام کرنے والوں کو ان بہت سے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا جن کا تجربہ گاہوں کے جائزوں کے دوران پیش آنے کا امکان ہوتا ہے۔

کسی بھی قسم کی تجرباتی تحقیق کرنے کے لئے اس کا بنیادی نقطہ کار ایک مفروضہ ہوتا ہے۔ یہ عام طور پر کسی مکمل نظام کے مختلف عناصر کے درمیان تعلق کے بارے میں ایک تجویز یا اصول کی شکل میں ہوتا ہے۔

تاریخی تحقیق

تجرباتی تحقیق کے برعکس، جس کا ارتقاء سائنسی اصولوں کے تحت ہوا تھا، تاریخی تحقیق مکمل طور پر عمرانیات کی پیداوار ہے۔خصوصی طور پر ماضی کے بارے میں جاننے اور اس سے کچھ سیکھنے کی ایک کوشش ہے۔ اس طرح سے یہ خالصتاً بیانیہ انداز کی ہوسکتی ہے، جس میں حالات کا سلسلہ وار جائزہ لیا جائے اور کسی چیز کے ارتقاء کی ہرممکن صورت سے ایک مکمل تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔

ایک دوسرے انداز کی تاریخی تحقیق مفروضے کو ثابت کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔ اس کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ اس میں شہادتوں کو اس انداز میں جمع کیا جاتا ہے اور پھر ان کو پیش کیا جاتا ہے کہ ان سے نتائج اخذ کئے جاسکیں۔ ان نتائج سے اس مفروضے کا صحیح یا غلط ہونا ثابت ہو جاتا ہے۔ اس انداز کی تحقیق کی اچھی مثالیں نسبتاً کم ہیں۔

تنظیمی تحقیق (operational research)

تنظیمی تحقیق کا ارتقاء دوسری جنگ عظیم کے دوران ہوا تھا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ فوجی محاذ جنگ کا نقشہ تیار کرنے والے ذمہ داران بڑے پیمانے کے تنظیمی مسائل سے نپٹ سکیں۔ اس وقت سے یہ طریقہ کار مختلف قسم کی تنظیموں پر استعمال کیا جارہا ہے جن میں لائبریریاں اور اطلاعاتی ادارے بھی شامل ہیں۔

بنیادی طور پر اس تحقیق عمل میں تنظیمی مسائل کے لئے ریاضی کے طریقے اور اصول استعمال کیے جاتے ہیں۔ تنظیمی تحقیق ان عوامل اور تعلقات کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے جن کے تحت مختلف تنظیمیں اپنے مخصوص انداز میں کام کرتی ہیں۔ صحیح صورتحال کو سمجھ لینے کے بعد اگلا مرحلہ یہ ہوتا ہے کہ ایک نمونے کی تنظیم بنائی جاتی ہے، جس کے ذریعے مختلف حالات کا جائزہ لیا جاتا ہے جو کسی تنظیم کے مختلف اجزاۓ ترکیبی میں تغیر وتبدل ہونے کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔

عملی تحقیق (action research)

عملی تحقیق کا کام کسی چیز کو قائم کرنا اور پھر اس کا ردعمل دیکھنے کے لیے اس کو آگے بڑھانا ہوتا ہے۔ عملی تحقیق کو بھی تجرباتی تحقیق کے زمرے میں رکھا جا سکتا ہے فرق صرف اتنا ہے کہ وہ تجربہ گاہوں میں کی جاتی ہے اور عملی تحقیق کا مقام لائبریریاں اور تعلیمی ادارے ہوتے ہیں۔ اس کی اہمیت اس اعتبار سے ہے کہ بہت سے حالات میں کسی عمل کے امکان کا جائزہ لینے کی واحد صورت یہ ہوتی ہے کہ اس کو آگے بڑھایا جائے۔ پہلے عمل کیا جائے اور پھر دیکھا جائے کہ اس کا نتیجہ کیا برآمد ہوتا ہے۔