اداس نسلیں pdf

0

ناول “اداس نسلیں” اردو زبان میں لکھا جانے والا تاریخی ناول ہے جسے عبداللہ حسین نے تحریر کیا۔ عبداللہ حسین کا یہ پہلا ناول جسے انہوں نے داؤدخیل کے قیام کے دوران 1956 میں لکھنا شروع کیا تھا اور 1961 میں مکمل کیا۔یہ ناول پہلی بار “نیا ادارہ” سے 1963 میں شائع ہوا اور آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اردو ادب میں اس ناول کو بہت سراہا گیا کیا اور اس کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس ناول کے اب تک 50 سے زائد ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔

ناول اداس نسلیں کا موضوع برطانوی ہندوستان ہے۔ اس ناول کی کہانی پہلی جنگ عظیم سے لے کر متحدہ ہندوستان کے مشترکہ کلچر، جدوجہد آزادی اور سانحہ جلیاں والا باغ کے کرب ناک منظر سے ہوتی ہوئی تقسیمِ ہند کے افسوسناک واقعات پر مشتمل ہے۔ ناول کے واقعات کی ابتداء 1857 کی جنگ آزادی سے ہوتی ہے اور اختتام قیام پاکستان پر ہوتا ہے۔ناول میں 1857 کی جنگ آزادی، جاگیردارانہ ذہنیت کا پھیلاؤ، کانگریس کی سیاست، آل انڈیا مسلم لیگ کی جدوجہد، جلیاں والا باغ کا قتل عام، مسلم تشخص کا احساس، دوسری جنگ عظیم اور اس کے ہندوستان پر اثرات، ہندوستان میں آزادی کی جدوجہد، تقسیم ہند کے فسادات اور قیام پاکستان کے واقعات کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ ناول اداس نسلیں کی وجہ تخلیق بیان کرتے ہوئے عبداللہ حسین فرماتے ہیں کہ 1956 میں والد فوت ہوئے، پھر میں بیمار ہوگیا، اسپتال میں رہا جب ٹھیک ہوا تو میں نے مئی میں یہ ناول “اداس نسلیں” لکھنا شروع کیا۔

ناول اداس نسلیں میں تین نسلیں موضوع بحث ہیں جو متحدہ برصغیر میں 1913 سے 1947 تک کے عرصے میں برطانوی حکومت کے زیر نگیں آباد رہیں۔ اس ناول میں پنجاب کے دیہاتوں کی تصویر بڑے دلچسپ انداز سے پیش کی گئی ہے۔ناول کی کہانی روشن پورہ گاؤں کی ہے جو دہلی اور پنجاب کی سرحد پر واقع ہے۔یہ ناول چار ابواب پر مشتمل ہے جس کے پہلے باب میں “برٹش انڈیا” کے عنوان کے تحت لکھا گیا ہے۔دوسرے باب کا موضوع “ہندوستان” ہے جس کی ابتدا میر تقی میر کے اس شعر سے ہوتی ہے؀

افسردگی سوختہ جاناں ہے قہر میر
دامن کو ٹک ہلا کہ دلوں کی بجھی ہے آگ

تیسرے باب کا عنوان “بٹوارہ” ہے جس کے تحت قرآن پاک کی یہ آیت درج ہے۔
“واذا قيل لهم لا تفسدوا في الارض قالوا انما نحن مصلحون”
جب کہ چوتھے باب کا عنوان “اختتامیہ” ہے جس کے تحت ٹی ایس ایلیٹ کی کچھ لائنیں انگریزی میں درج ہیں۔ اس ناول کا انتساب عبداللہ حسین نے اپنے ابا جان مرحوم کے نام کیا ہے۔

اس ناول کی پی ڈی ایف (pdf) ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے ڈاؤن لوڈ (Download) بٹن پر کلک کریں۔