ڈاکٹر غلام مصطفی خان

0

ڈاکٹر غلام مصطفی خان جبل پور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم جبل پور سے حاصل کی ، پھر اعلی تعلیم کے لیے علی گڑھ چلے گئے۔ وہاں سے اُنھوں نے فارسی، اردو اور قانون کا امتحان پاس کیا اور امراوتی کالج ناگ پور میں بطور استاد مقرر ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ کراچی چلے آئے۔ یہاں وہ پہلے اردو کالج اور پھر سندھ یونیورسٹی میں صدر شعبہ اردو مقرر ہوئے۔

ڈاکٹر صاحب کو بے شمار سرکاری و غیر سرکاری اعزازات سے نوازا گیا۔ وہ ہندوستان ، پاکستان اور بنگلہ دیش کی یونیورسٹیوں میں پی۔ ایچ۔ ڈی سطح پر لکھے جانے والے کئی مقالات کے ممتحن رہے۔ اردو تحقیق کی روایات کو مستحکم کرنے میں مصطفی خان کا اہم کردار ہے۔ اُنھوں نے خود بھی گراں قدر خدمات انجام دیں اور تحقیقی کام کرنے والوں کی سرپرستی بھی کی۔ اُنھوں نے زبان کے ساتھ ادبی اثرات کی دریافت کا فریضہ بھی انجام دیا۔

ڈاکٹر صاحب کا اسلوب سادہ اور سلیس ہے۔ چھوٹے چھوٹے جملوں میں معنی اور مطلب کی پوری وضاحت کر دیتے تھے۔ دینی معلومات ہوں، علمی، ادبی یا تحقیقی، ان کا انداز بیان توضیحی اور تشریحی تھا۔ وہ دقیق خیالات کو بڑی آسانی اور روانی سے قلم بند کرتے تھے۔ انکسار اور سادہ بیانی ان کے اسلوب کا حصہ ہے۔ فارسی میں ان کی مہارت مسلم الثبوت ہے۔

تصانیف:

علمی نقوش، تاریخ اسلاف، ادبی جائزے، تحقیقی جائزے، تاریخ بہرام شاہ، سرگزشت کابل، چند فارسی شعرا، برصغیر میں فارسی ادب، اقبال اور قرآن، معارف اقبال، مطالب اقبال، مقدمات ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان، ہمارا تلفظ ، جامع القواعد وغیره