نظم ترانۂ وحدت کی تشریح، سوالات و جوابات

1

تعارفِ نظم

ترانہ وحدت یعنی خدا کا گیت۔ ترانۂ وحدت وہ نظم ہوتی ہے جس میں اللہ کی تعریف کی گئی ہو۔ یہ نظم تلوک چند محروم نے لکھی ہے۔اس پوری نظم میں شاعر خدا کی نعمتوں ، نشانیوں اور جلوؤں کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔

تعارف ِ شاعر

تلوک چند محروم 1885 ء میں پنجاب میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصلی نام تلوک چند اور تخلص محروم تھا۔اردو کے علاوہ عربی اور فارسی کی تعلیم حاصل کی۔ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد انہوں نے معلمی کا پیشہ اختیار کیا۔ آزادی کے بعد وہ پاکستان سے دہلی آئے یہاں کچھ دنوں نامہ تیج سے وابستہ رہے۔ اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی کیمپ کالج میں اردو اور فارسی کے لکچرر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ان کا انتقال 1966 ء میں ہوا۔

انسانی سیرت کی نقش گری میں ان کے قلم کو بڑی مہارت حاصل ہے۔احساس مسرت ہو کہ اندوہ غم کا بیان، ان کا قلم ہر میدان میں رواں دواں نظر آتا ہے۔ مناظرِ فطرت کی تصویر کشی میں بھی محروم کو کمال حاصل ہے۔

نظم ترانۂ وحدت کی تشریح

ہر ذرے میں ہے ظہور تیرا
ہے برق و شرر میں نور تیرا

شاعر خدا سے مخاطب ہو کر فرماتا ہے کہ ہر ایک ذرے میں خدا کا ظہور ہے یعنی اس کی قدرت ہر ایک شے میں ظاہر ہوتی ہے۔ شاعر فرماتے ہیں کہ بجلی اور چنگاری میں بھی خدا کا نور ہے۔

افسانہ تیرا جہاں تہاں ہے
چرچا ہے قریب و دور تیرا

شاعر فرماتے ہیں کہ خدا کا ذکر ہر جگہ اور ہر طرف ہے۔ پاس ہو یا دور ہر جگہ اللہ کا ہی چرچا ہے۔

گاتے ہیں شجر ہوا میں کیا کیا
دم بھرتے ہیں سب طیور تیرا

شاعر پیڑ پودوں اور پرندوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ یہ سب بھی اصل میں خدا کی تعریف اور ذکر کرتے ہیں۔

تو جلوہ فگن کہاں نہیں ہے
وہ جا نہیں تو جہاں نہیں ہے

شاعر فرماتے ہیں کہ خدا کا جلوہ ہر جگہ موجود ہے اور فرماتے ہیں کہ ایسی کوئی بھی جگہ دنیا میں موجود نہیں جہاں اس کا ذکر نہ ہوتا ہو۔

تاروں میں چمک دھمک تری ہے
جو رعد میں ہے کڑک تری ہے

اس شعر میں شاعر فرماتے ہیں کہ تاروں میں جو چمک اور روشنی ہے وہ اللہ کی دی ہوئی ہے۔اور جو آسمانی بجلی میں کڑک ہے وہ بھی اللہ کی ہی قدرت ہے۔

ہر غنچے میں ہے تیرا تبسم
ہرگل میں بھری مہک تری ہے

شاعر اس شعر میں اللہ کی تعریف کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ جو کلیوں میں تبسم ہے وہ بھی اللہ کی مہربانی ہے اور جو پھولوں میں مہک ہے وہ بھی اسی کی ہے۔

کہتی ہے کلی کلی زباں سے
میری بہن یہ چٹک تیری ہے

نظم کے آخری شعر میں شاعر فرماتے ہیں کہ ہر کلی یہی پکارتی ہے کہ جو چمن میں پھولوں کا کھلنا ہے یہ سب خدا کا دیا ہوا ہے۔

1: سوالات اور جوابات

سوال: نظم میں تیرا اور تیری کس کے لئے استعمال ہوئے ہیں؟

ج: نظم میں تیرا اور تیری اللہ تعالی کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔

سوال: شجر شرر اور غنچے کے علاوہ شاعر نظم میں اور کن چیزوں میں خدا کے جلوے دکھاتا ہے؟

ج: شجر اور غنچے کے علاوہ شاعر نظم میں خدا کے کئی جلوے دکھاتا ہے جیسے کہ پرندوں کی چہچہاہٹ میں، درختوں کی سنسناہٹ میں ، تاروں کی چمک، بجلی کی کٹک ،کلیوں کی مسکراہٹ میں اور پھولوں کی خوشبو میں خدا کے جلوے دکھاتا ہے۔

سوال: نظم میں آسمان اور چمن سے متعلق کن کن چیزوں کا ذکر ہوا ہے؟

ج: نظم میں آسمان سے متعلق برق، نور، تارے اور رعد کا ذکر ہوا ہے۔ وہیں چمن سے متعلق غنچہ ، شجر ، کلی ، گل اور طیور کا ذکر ہوا ہے۔

سوال: جو نظم خدا کی تعریف میں کہی جائے اسے کیا کہتے ہیں؟

ج: جو نظم خدا کی تعریف میں کہی جائے اسے حمد کہتے ہیں۔

سوال: جس نظم میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف کی جائے اسے کیا کہتے ہیں؟

ج: جس نظم میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف کی جائے اسے نعت کہتے ہیں۔

سوال: ایک جیسی آواز والے الفاظ کو کیا کہتے ہیں؟

ایک جیسی آواز والے الفاظ کو قافیہ کہتے ہیں جیسے نور دور مہک چہک وغیرہ۔

2: خالی جگہوں کو پُر کیجیے۔

  • ہے برق و شرر میں نور تیرا۔
  • دم بھرتے ہیں سب طیور تیرا۔
  • جو رعد میں ہے کڑک تری ہے۔
  • ہرگل میں بھری مہک تری ہے۔