Back to: ادبی اصطلاحات کے نوٹس
روزمرہ کی تعریف
اہلِ زبان اپنی روزانہ کی بول چال میں جن سلیس، سادہ اور مناسب الفاظ کا استعمال کرتے ہیں، اسے روز مرہ کہتے ہیں۔ روز مرہ میں الفاظ اپنے حقیقی معنوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ یہ ایسے الفاظ ہوتے ہیں جو گفتگو کو آسان اور مؤثر بناتے ہیں۔ ان کا مفہوم براہِ راست لفظوں سے ہی سمجھ میں آ جاتا ہے کیونکہ ان میں کسی طرح کے اشارے یا کنایے والے الفاظ استعمال نہیں کیے جاتے۔
روز مرہ کے جملوں کی مثالیں:
- آپ جائیں۔
- دیکھتے ہی دیکھتے یہ کیا ہو گیا
- میں نے امجد سے کہا
- آپ مجھ سے کیا کہنا چاہتے ہیں؟
- وغیرہ
محاورہ کی تعریف:
محاورہ دو یا دو سے زیادہ الفاظ پر مشتمل ایک ایسا جملہ یا فقرہ ہوتا ہے جس میں الفاظ حقیقی معنوں کے بجائے مجازی معنوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
جیسے ”امجد نے روٹی کھائی“ یہ روزمرہ ہے کیونکہ یہاں لفظ ”کھائی“ اپنے حقیقی معنوں میں استعمال ہوا ہے، اس کے برعکس ”امجد نے قسم کھائی“ یہ محاورہ ہے کیونکہ یہاں لفظ ”کھائی“ مجازی معنوں میں استعمال ہوا ہے۔
محاورے زبان کو خوبصورتی، تاثیر اور ادبی رنگ دیتے ہیں اور یہ عموماً زندگی کے تجربات اور روایات سے جنم لیتے ہیں۔
محاوروں کے چند مثالیں درج ذیل ہیں:
- اپنا اُلُو سیدھا کرنا–اپنا مطلب نکالنا
- آب آب ہونا —شرمندہ ہونا
- بے پر کی اڑانا —گپیں ہانکنا
- اینٹ سے اینٹ بجانا—تباہ و برباد کر دینا
- الٹی پٹی پڑھانا—غلط مشورہ دینا