فراق گورکھپوری

0

رگو پتی سہائے نام اور فراق تخلص تھا۔۱۸۹۶ء میں گورکھپور میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد گورکھپور شاد عبرت اردو اور فارسی کے جدید عالم اور شاعر تھے اس طرح شعر گوئی فراق کو ورثہ میں ملی تھی۔ ان کے شباب کا دور ملک میں قومی تحریک کے عروج کا دور تھا‌۔ کانگریس اور خلافت تحریک سرگرم عمل تھی اس لیے فراق نے جب آی سی ایس کا امتحان پاس کیا تو آپ انگریزی حکومت کا پہیے بننے کے بجائے قومی تحریک میں شامل ہوگئے۔ اس کے بعد الہ آباد یونیورسٹی میں انگریزی کے پروفیسر ہوگئے‌۔ آپ نے ۱۹۸۲ء انتقال فرمایا۔

آپ کے متعد مجموعے شائع ہو چکے ہیں جن میں ”روح کائنات“ ”شبنمستان“ ”رمز و کنایات“ ”روپ“ ”رنگ و نور“ ”گل نغمہ“ وغیرہ خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

آپ کا انگریزی ہندی اور سنسکرت زبان کا بڑا اچھا مطالعہ تھا جس کو آپ نے اپنی غزلوں میں بڑی خوبصورتی کے ساتھ سمویا ہے۔ زبان و بیان سے لے کر دیو مالائی کہانیوں کا اثر تھا۔

آپ کی غزلوں میں جدید رجحانات و میلانات اور حیات و کائنات کے نئے شعور و احساس کی پرچھائیاں بہت واضح ہیں۔ ان کی اعلی فکر و فن نے اردو غزل کو نیا ذہن، خوشگوار آہنگ اور آرائش دلکشی دی ہے۔ آپ نے ہندی کے مانوس الفاظ کو بھی اپنی شاعری میں بڑی خوبی اور دلکشی کے ساتھ استعمال کیا ہے۔ الفاظ کے ساتھ ساتھ ان کی ترکیب بھی دلکش اور نئی ہے۔ کلام میں تشبیہات و استعارات کی بھرمار ہے۔

تغزل کی عظمت، شعر و سخن کا ملا جلا تبسم، مشاہدات کی رفعت، ترنم کی جھنکار اور تاریخی حقائق کی آگاہی وغیرہ سبھی کچھ ان کے کلام میں ملتی ہے۔ جذبات نگاری میں بھی ان کو ملکہ حاصل ہے۔ ان کا رنگ موجودہ دور کے رجحانات کا آئینہ دار ہے۔

ایک مدت سے تیری یاد بھی آئی نہ ہمیں
اور ہم بھول گئے ہوں تجھے ایسا بھی نہیں

فراق کی ابتدائی غزلوں میں امیر مینائی کا رنگ جھلکتا ہے۔ اس کے بعد آپ نے عزیز اور صفی کی بھی اتباع کی۔ کچھ عرصہ کے بعد آپ نے میر کے سوز و گراز کو بھی اپنانے کی کوشش کی۔ مومن کے تغزل پر آپ کی پہلے سے ہی نظر تھی مگر بعد میں فراق کی اپنی انفرادیت قائم ہوگئی اور عشق کا دھیما پن ان کے کلام میں مستی بن کر چھانے لگا۔

فراق کی غزلوں کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ ان کے یہاں حسن و عشق کی واردات میں ایک ایک لفظ سے ہوس اور شہوت ٹپکتی ہے اور کہیں کہیں تو عمیانے پن کی انتہا ہو جاتی ہے اور یہ سب فراق نے ہندوستانی تہذیب اور تمدن کے قصّوں سے سیکھا ہے۔ فراق کا محبوب صرف دل بستگی کا سامان ہے اس کے لئے انگریزی کا ایک جملہ use and throw بہت مناسب ہے۔

فراق کے یہاں امیر کا سوز و گراز، غالب کی ندرت، مومن کی نازک خیالی، جگر کی عاشقانہ مستی اور حسرت کا رنگ تغزل ملتا ہے۔ انہوں نے حسن و عشق کو ذاتی تجربات اور نفسیات کے پیرائے میں دیکھا اور پرکھا ہے۔ ان کے ہاں گرچہ علامات ذاتی انداز کی ہیں مگر ان کا استعمال نرالا ہے اور کلام میں اشاروں کنایوں کی جھلک ہر شعر میں نظر آجاتی ہے۔

گر چہ فراق فلسفی نہ پھر بھی ان کے کلام میں مفکرانہ شان پائی جاتی ہے۔ کلام میں حسن و عشق کی جسمانی لذتوں کا اتنا غلبہ ہے کہ ساری فکر انہی کے گرد گھومتی ہے۔

فراق کی غزلوں میں کیفیات کا تذبذب، مجبورئی حیات کے اظہار پر تاسف اور غم آمیز پہلو کی ترجمانی قابل دید ہے۔ جذبات نگاری وہ اس طرح سے کرتے ہیں کہ دوسرے کے بھی جذبات مچل جاتے ہیں۔ کلام میں تا سیر کے ساتھ ساتھ معنویت بھی ہے۔

فراق کی غزلوں کا بنیادی موضوع موضوعات حسن و عشق ہے۔ ان کی غزلوں میں جسم و جمال کی بڑی دلکش اور جاندار تصویریں ملتی ہیں۔ فراق کی غزلوں میں جہاں غم کی ہلکی چاندنی چھٹکی ہوئی ہے وہاں ہر ہر شعر سے حسن و جمال اور کیف و نشاط کی شراب جھٹکی پڑی ہے۔

فراق کی شاعرانہ شخصیت کو عظمت بخشنے میں ان کے لب و لہجہ کو بھی بڑا دخل ہے جس میں بلا کا سوز اور ساتھ ہی بلا کی رعنائی اور دلکشی ہے۔ انہوں نے اپنے ہم گیر تجربوں کو نئے لب و لہجہ اور نئے آہنگ کے ساتھ پیش کر کے کائنات غزل کو نئی وسعت بخشی۔

فراق کی شاعری میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مواد اور معنی کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور ایک اچھوتے خیال کو پیش کرنے کے لیے فن کو قربان کر دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔

تحریر ارویٰ شاکر