نمرہ احمد | Nimra Ahmed BIography In Urdu

0

تعارف

نمرہ احمد کا نام عصرِ حاضر کے پاکستان کے مشہور و معروف ادیبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نمرہ احمد نے اردو ادب کے آسمان پر چمکتا وہ ستارہ ہیں جو بہت اونچائی پر چمک رہا ہے اور کافی وقت سے چمک رہا ہے۔ اس ستارے کی چمک دن بدن تیز ہوتی جارہی ہے اور وہ تیزی سے کامیابیوں کی بلندیوں کا سفر طے کررہی ہیں۔ نمرہ احمد کا پورا نام نمرہ احمد نیازی ہے اور ان کا تعلق نیازی خاندان سے ہے۔ نمرہ احمد نے بہت چھوٹی عمر سے لکھنا شروع کردیا تھا اور اس وقت وہ لاکھوں قاریوں کی پسندیدہ مصنفہ ہیں۔

ادبی سفر

نمرہ احمد نے لکھنے کا آغاز ۲۰۰۷ میں کیا اور ان کا سب سے پہلا ناول “میرے خواب میرے جگنو” شعاع ڈائجسٹ می قسط وار شائع ہونے لگا۔ ناول نگاری کی صنف پر طبع آزمائی کرتے ہی نمرہ احمد نے اس صنف کی آبیاری پر اس قدر وقت صرف کیا کہ وہ اب تک سترہ سے زائد ناول اپنے قلم سے قرطاس کے صفحوں پر لکھ چکی ہیں اور ناول لکھنے کا یہ صرف اب بھی تیزی سے جاری ہے۔  نمرہ احمد کا قلم فقط ناولوں تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ کئی افسانے اور ناولٹ بھی لکھ چکی ہیں۔

1500 صفحات کا ناول لکھنا بچوں کا کھیل نہیں ہے، اور وہ بھی اس طرح کہ قاری کو فراق کا ایک لمحہ بھی گراں گزرے اور وہ ہر وقت” پھر کیا ہوا” کی جستجو میں رہے۔ بلکہ ناول ختم ہونے کے دو چار دن بعد تک وہ اسی کے تانے بانے میں گم شد رہے۔ نمرہ احمد کی مقبولیت کی ایک وجہ ان کا بہترین اسلوب بھی ہے۔

شہرت

نمرہ احمد کے تمام ناول قارئین میں مقبولِ عام ہوئے ہیں اور ہر عمر کے قاری نے ان کے ناول پڑھے ہیں۔ ان کے ناول جنت کے پتے , نمل , حالم وغیرہ کو نا صرف بہت پسند کیا گیا ہے بلکہ اس میں موجود درس کو قارئین نے اپنی زندگی میں شامل بھی کیا ہے۔ نمرہ احمد کے بارے میں قیاس آرائی کی جاتی ہے کہ وہ انگریزی یا جاسوسی ناولز سے آئیڈیاز لے کر ناول لکھتی ہیں۔ لیکن جس طرح وہ اپنے ناولز میں قرآن کے حوالے شامل کرتی ہیں، اور قارئین کو قرآنی احکامات کی طرف راغب کرتی ہیں اس طرح کسی انگریزی یا جاسوسی ناول میں نہیں ہوتا۔ نمرہ احمد کے ناولز میں زیادہ تر قارئیں کو  یہی چیز سب سے زیادہ پسند ہے کہ وہ قاری کو اس کے دین اور اللہ کے قریب لاتی ہیں۔

ناول

نمرہ احمد کے چند مشہور و معروف ناولوں کی فہرست درج ذیل ہے :

  • جنت کے پتے
  • میرے خواب میرے جگنو
  • پہاڑی کا قیدی
  • مہرالنساء
  • سانس ساکن تھی
  • بیلی راجپوتاں کی ملکہ
  • قراقرم کا تاج محل
  • مصحف
  • نمل
  • حالم

ناولٹ

نمرہ احمد کے لکھے گئے چند ناولٹ کے نام درج ذیل ہیں :

  • حَد
  • احمق تماشائی
  • گُمان
  • ابلیس
  • لاپتہ
  • اپنی انگلی
  • پارس

حرفِ آخر

نمرہ احمد اس وقت پاکستان میں ہم سب کے درمیان موجود ہیں اور اردو ادب کی خدمت کرنے میں کوشاں ہیں۔ ہماری دعا ہے ادب کا یہ ستارہ تادیر ادب کے آسمان پر چمکتا رہے اور اپنی روشنی سے نئے مصنفین کو راہ دکھاتا رہے۔