Back to: Majrooh Sultanpuri Poetry | Biography
Advertisement
- آہ جاں سوز کی محرومی تاثیر نہ دیکھ
- ہو ہی جائے گی کوئی جینے کی تدبیر نہ دیکھ
- حادثے اور بھی گزرے تری الفت کے سوا
- ہاں مجھے دیکھ مجھے اب میری تصویر نہ دیکھ
- یہ ذرا دور پہ منزل یہ اجالا یہ سکوں
- خواب کو دیکھ ابھی خواب کی تعبیر نہ دیکھ
- دیکھ زنداں سے پرے رنگ چمن جوش بہار
- رقص کرنا ہے تو پھر پاؤں کی زنجیر نہ دیکھ
- کچھ بھی ہو پھر بھی دکھے دل کی صدا ہوں ناداں
- میری باتوں کو سمجھ تلخی تقریر نہ دیکھ
- وہی مجروحؔ وہی شاعر آوارہ مزاج
- کون اٹھا ہے تری بزم سے دلگیر نہ دیکھ
Advertisement