ابن مریم ہوا کرے کوئی تشریح

0
ابن مریم ہوا کرے کوئی
میرے دکھ کی دوا کرے کوئی

شرع و آئین پر مدار سہی
ایسے قاتل کا کیا کرے کوئی

چال جیسے کڑی کمان کا تیر
دل میں ایسے کے جا کرے کوئی

بات پر واں زبان کٹتی ہے
وہ کہیں اور سنا کرے کوئی

بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ
کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

نہ سنو گر برا کہے کوئی
نہ کہو گر برا کرے کوئی

روک لو گر غلط چلے کوئی
بخش دو گر خطا کرے کوئی

کون ہے جو نہیں ہے حاجت مند
کس کی حاجت روا کرے کوئی

کیا کیا خضر نے سکندر سے
اب کسے رہنما کرے کوئی

جب توقع ہی اٹھ گئی غالبؔ
کیوں کسی کا گلہ کرے کوئی
ابن مریم ہوا کرے کوئی
میرے دکھ کی دوا کرے کوئی

ابن مریم سے مراد حضرت مریم رضی اللہ تعالی عنہا کا بیٹا یعنی حضرت عیسیٰ علیہ السلام ہیں۔ حضرت عیسی علیہ السلام کو اللہ پاک نے یہ قوت عطا کی تھی کہ وہ مردوں کو زندہ کر دیتے تھے اور بیماروں کو اللہ کے حکم سے ٹھیک کر دیتے تھے۔ اب شاعر کہتا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ نے اگر یہ قوت عطا کی تھی تو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا میں تو جب جانوں کہ کوئی میرے دکھ دور کرے۔ اصل میں غالب مرضِ عشق میں مبتلا ہیں اور شاید عِشق کی بیماری کا علاج کسی کے پاس بھی نہیں ہے کیونکہ اصل میں یہ کوئی مرض ہے ہی نہیں بلکہ ایک قسم کا وہم ہے اور وہم کا علاج نہیں ہوتا۔

بک رہا ہوں جنوں میں کیا کیا کچھ
کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

شاعر کہتا ہے کہ میں جنونِ عشق میں مبتلا ہوں اور اس جنون کی حالت میں نہ جانے کیا کیا بک رہا ہوں، خدا کرے کوئی میری ان باتوں کو نہ سمجھے۔ یعنی خدا کرے کہ گفتگو سے رازِ عشق فاش نہ ہو جائے۔

نہ سنو گر برا کہے کوئی
نہ کہو گر برا کرے کوئی

اس شعر میں غالب نصیحت آمیز انداز میں فرما رہے ہیں کہ اگر کوئی تمہیں برا کہے تو اس کی بات کی سُنی اَن سُنی کر دو اور اگر کوئی تمہارے ساتھ برا کرے تو اس کا ذکر نہ کرو۔ گویا دونوں صورتوں میں صبر سے کام لینے کے لیے کہتے ہیں۔

روک لو گر غلط چلے کوئی
بخش دو گر خطا کرے کوئی

غالب اس شعر میں بھی نصیحت آمیز لہجے میں فرماتے ہیں کہ اگر کوئی غلط راستے پر چلے تو اس کو روک لو، اور اگر کوئی خطا کرے تو اس کو فراخ دلی سے معاف کر دو‌۔

کون ہے جو نہیں ہے حاجت مند
کس کی حاجت روا کرے کوئی

غالب فرماتے ہیں کہ دنیا میں کون شخص ہے جو حاجت مند نہیں ہے کوئی کس کس کی حاجت روا کرے۔ اگر کوئی تمہاری حاجت روا نہ کرے تو شکایت زبان پر نہ لائیے کیونکہ ہر شخص کو اپنی اپنی پریشانیوں اور مجبوریوں نے گھیرا ہوا ہے۔

کیا کیا خضر نے سکندر سے
اب کسے رہنما کرے کوئی

اس شعر میں حضرت حضر اور سکندر اعظم کے حوالے سے صنعت تلمیح کا استعمال کیا گیا ہے۔شاعر فرماتے ہیں کہ مشہور بادشاہ سکندر اعظم حضرت خضر علیہ السلام کی رہنمائی میں چشمہِ آبِ حیات تک تو پہنچا لیکن جب حضرت حضر علیہ السلام نے سکندر اعظم کو چشمے کے پاس لیا تو اس نے دیکھا کہ چشمہ کے آس پاس کئی بوڑھے سسکتے بلکتے ہیں۔یہ دیکھ کر سکندر نے آبِ حیات پینے سے پرہیز کیا۔شاعر کہتے ہیں کہ خضر کے رہنما بننے کے باوجود سکندر آبِ حیات نہ پی سکا۔ظاہر ہے کہ حضر سے بڑھ کر تو کوئی دوسرا رہنما نہیں ہو سکتا۔اگر حضر سکندر کی رہنمائی نہ کر سکا تو کسی دوسرے سے کوئی کیا توقع کر سکتا ہے۔

جب توقع ہی اٹھ گئی غالبؔ
کیوں کسی کا گلہ کرے کوئی

شاعر نے اس مقطع میں ایک بڑی حقیقت بیان کی ہے کہ جب کسی سے کوئی توقع ہی نہیں رہی تو پھر کس بھروسے پر اس کا گلہ شکوہ کیا جائے۔گلہ تو وہاں کیا جاتا ہے جہاں اپنائیت ہو اور بات مان لینے کی امید ہو۔ظاہر ہے جب توقعات ہی ختم ہو جائیں تو گلہ کرنے سے الٹا نفرت اور دشمنی ہی بڑھتی ہے۔ اس لئے ایسے میں کوئی کیوں گلہ کرے۔