نظم چاند کی تشریح، سوالات و جوابات

0
  • کتاب “ابتدائی اردو” برائے دوسری جماعت
  • سبق نمبر13: نظم
  • شاعر کا نام: افسر میرٹھی
  • نظم کا نام: چاند

نظم چاند کی تشریح

تم ندی پر جا کر دیکھو
جب ندی میں نہائے چاند
کیسی لگائی ڈبکی اس نے
ڈر ہے ڈوب نہ جائے چاند

یہ اشعار افسر میرٹھی کی نظم ” چاند ” سے لیے گئے ہیں۔ اس بند میں شاعر رات میں آسمان پر ابھرنے والے چاند کی خوبصورتی اور دلکش نظاروں کی بات کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اگر تم کبھی کسی ندی کنارے جا کر دیکھو تو ندی میں اس چاند کا عکس یوں دکھائی دے گا کہ گویا چاند ندی میں نہا رہا ہو۔ ندی کے پانی میں تھرتھراہٹ سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے نہاتے نہاتے چاند نے اس پانی میں ڈبکی لگا لی ہو۔ شاعر کہتا ہے کہ چاند کی ڈبکی سے لگتا ہے کہ یہ کہیں پانی میں ڈوب نہ جائے۔

کرنوں کی اک سیڑھی لے کر
چھم چھم اترا جائے چاند
جب تم اسے پکڑنے جاؤ
پانی میں چھپ جائے چاند

اس بند میں شاعر کہتا ہے کہ یہ چاند ندی میں کیسے اترا تو یہ اپنی کرنوں کے ذریعے سے اس ندی میں گیا اور کرنوں کو سیڑھی بنا کر چھم چھم کرتا ہوا ندی میں اترتا ہے۔ اگر تم ندی کے پانی میں اسے پکڑنے کی کوشش کرو گے تو ہر گز نہیں پکڑ پاؤ گے کیونکہ پکڑنے کی کوشش پہ یہ چاند اپنے آپ کو اس ندی کے پانی میں چھپا لیتا ہے۔

اب پانی میں چپ بیٹھا ہے
کیا کیا روپ دکھائے چاند
چاہے جدھر کو جاؤ افسرؔ
ساتھ ہمارے جائے چاند

اس بند میں شاعر کہتا ہے کہ اب چاند پانی میں اتر کر ہمیں اپنے کئی طرح کے روپ دکھاتا ہے۔ کبھی تو یہ مستیاں کرتا دکھائی دیتا ہے تو کبھی پانی میں چپ کرکے بیٹھ جاتا ہے۔ یوں چاند کے کئی روپ دیکھنے کو ملتے ہیں۔ آخری شعر میں شاعر اپنا تخلص استعمال کرتے ہوئے کہتا ہے کہ افسر ہم کہیں بھی جائیں یہ چاند ہمیشہ ہمیں اپنے ساتھ ہی چلتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

ان سوالوں کے جواب دیجیے۔

چاند کہاں جا کر دیکھنے کو کہا گیا ہے؟

چاند ندی پر جا کر دیکھنے کو کہا گیا ہے۔

چاند نے کہاں ڈبکی لگائی؟

چاند نے ندی میں ڈبکی لگائی۔

چاند کے ڈبکی لگانے سے کیا ڈر پیدا ہوتا ہے؟

چاند کے ڈبکی لگانے سے یہ ڈر پیدا ہوتا ہے کہ یہ کہیں ڈوب نہ جائے۔

چاند ندی میں کس سیڑھی سے نیچے اُترا؟

چاند ندی میں کرنوں کی سیڑھی لے کر نیچے اُترا۔

چاند پانی میں کب چھپ جاتا ہے؟

جب کوئی چاند کو پکڑنے جاتا ہے تو چاند پانی میں چھپ جاتا ہے۔

چاند ہمارے ساتھ کہاں کہاں جاتا ہے؟

جہاں جہاں ہم جاتے ہیں چاند ہمارے ساتھ جاتا ہے۔

خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے۔

نے ، پر ، ہے ، میں ، کو۔

  • تم ندی پر جا کر دیکھو
  • کیسی لگائی ڈبکی اس نے
  • پانی میں چھپ جائے چاند
  • جب تم اس کو پکڑنے جاؤ
  • اب پانی میں چپ بیٹھا ہے

حروف کو ملا کر لفظ بنائیے۔

ڈ + و + ب = ڈوب
چ + ا + ن + د = چاند
پ + ا + ن + ی = پانی
ک + ر + ن + و + ں = کرنوں
پ + ک + ڑ + ن + ے = پکڑنے

لفظوں کو دیکھ کر خالی خانوں میں صحیح حرف لکھیے۔

ساتھ = س + ا + تھ
جدھر = ج + د + ھ + ر
دیکھو = د + ے + کھ + و
سیڑھی = س + ی + ڑھ + ی
بیٹھا = ب + ے + ٹھ + ا

چاند کی مختلف شکلیں تصویر بنا کر دکھائیے۔

نیا چاند = 🌒
آداھ چاند = 🌓
پورا چاند = 🌕

نظم کے مطابق حصہ الف اور ب کے صحیح جوڑ ملائیے۔

تم ندی پر جا کر دیکھو
جب ندی میں نہائے چاند
کرنوں کی اک سیڑھی لے کر
چھم چھم اترا جائے چاند
اب پانی میں چپ بیٹھا ہے
کیا کیا روپ دکھائے چاند
چاہے جدھر کو جاؤ افسرؔ
ساتھ ہمارے جائے چاند

سوچیے اور بتایئے۔

اسمان پر آپ اور کیا کیا دیکھتے ہیں؟

آسمان پر ہم چاند کے علاوہ ستارے ، بادل ، سورج اور اُڑتے ہوئے پرندے دیکھتے ہیں۔

کیا اپ نے کوئی ندی دیکھی ہے؟ نام بتائیے۔

جی ہاں میں نے ندی گنگا دیکھی ہے۔

خوش خط لکھیے۔

نہائے ، ڈبکی ، چھم چھم ، چھپ ، افسر۔