نظم ہوا کی تشریح ، سوالات و جوابات

0

کتاب “ابتدائی اردو” برائے دوسری جماعت
سبق نمبر07: نظم
شاعر کا نام: کوثر صدیقی
نظم کا نام: ہوا

نظم ہوا کی تشریح:

ہوا ہے بے حد ضروری
ہوا سے زندگانی ہے
ہوا سے سانس چلتی ہے
جو جینے کی نشانی ہے

یہ اشعار ” کوثر صدیقی ” کی نظم ” ہوا ” سے لیے گئے ہیں۔اس بند میں شاعر ہوا کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ہوا انسان کے زندہ رہنے کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور ایک طرح سے یہ زندگی میں نہایت ضروری چیز ہے۔ ہماری زندگی ہوا کی بدولت ہی ہے۔ ہوا کے ذریعے ہماری سانس چلتی ہے اور ہوا ہی ہمارے جینے کی وجہ بھی ہے۔ ہوا کے بنا زندگی کا تصور ناممکن ہے اس لیے ہوا زندگی کے کیے ناگزیر ہے۔

ہوا سے آدمی زندہ
ہوا سے پیڑ بھی زندہ
ہوا سے جانور زندہ
پرندے پیڑ پر زندہ

اس بند میں شاعر کہتا ہے کہ ہوا زندگی کا ایک ایسا جزو ہے کہ اسی کی بدولت آدمی بھی زندہ ہیں کہ یہ ہمیں سانس لینے میں مدد فراہم کرتی ہے اور ہوا ہی پیڑوں کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ اس دنیا میں موجود تمام جانور بھی ہوا کی وجہ سے زندہ ہیں اور تمام پرندے جو کہ درختوں پر موجود ہیں وہ ہوا کی وجہ سے زندہ ہیں ۔ یعنی ہوا ہر جاندار کی زندگی کا لازمی جزو ہے۔

ہوا سے تن درستی ہے
اگر وہ صاف ستھری ہے
ہوا کو صاف ہی رکھیں
اسے گںدا نہ ہونے دیں

اس بند میں شاعر کہتا ہے کہ ہوا انسان کے لیے اس قدر اہم اور ضروری ہے کہ اس ہوا کی بدولت ہی ہم صحت مند بھی ہوتے ہیں مگر یہ تن درستی جبھی ممکن ہے کہ جب یہ ہوا صاف ستھری ہو گی۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اس ہوا کو صاف ستھرا رکھیں اور اسے کبھی گندا نہ ہونے دیں کیونکہ یہ ہماری زندگی کی ضمانت ہے۔

ان سوالوں کے جواب دیجیے۔

ہوا ہمارے لیے کیوں ضروری ہے؟

ہوا ہمارے لیے اس لیے ضروری ہے کہ ہوا کے ذریعے ہماری سانس چلتی ہے جو کہ زندہ رہنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

جینے کی نشانی کسے کہا گیا ہے؟

ہوا کو جینے کی نشانی کہا گیا ہے۔

ہوا سے کون کون سی چیزیں زندہ رہتی ہیں؟

ہوا کے ذریعے آدمی ، پیڑ ، جانور اور پرندے زندہ ہیں۔

تن درستی کے لیے ہوا کیسی ہونی چاہیے؟

تن درستی کے لیے ہوا کا صاف ستھرا ہونا ضروری ہے۔

خالی جگہوں میں مناسب لفظ لکھیے۔

سانس ، گںدا ، ضروری ، صاف ، پیڑ۔

  • ہوا سے سانس چلتی ہے
  • ہوا ہے بے حد ضروری
  • پرندے پیڑ پر زندہ
  • ہوا کو صاف ہی رکھیں
  • اسے گںدا نہ ہونے دیں

حروف کو ملا کر لفظ بنائیے۔

ہ + و + ا = ہوا
ص + ا + ف = صاف
س + ا + ں + س = سانس
ن + ش + ا + ن + ی = نشانی
پ + ر + ن + د + ے = پرندے

لفظوں کو دیکھ کر خالی خانوں میں صحیح حرف بھریے۔

پیڑ = پ + ے + ڑ
جینے = ج + ی + ن + ے
زندہ = ز + ن + د + ہ
جانور = ج + ا + ن + و + ر
زندگانی = ز + ن + د + گ + ا + ن + ی

حصہ الف اور ب کے صحیح جوڑ ملائیے۔

الف ب
چلنا رکنا
تن درستی بیماری
صاف گندا
دینا لینا
آنا جانا

لفظ نشان سے نشانی بنا ہے اسی طرح نیچے دیے ہوئے لفظوں کو بدل کر لکھیے۔

زبان = زبانی
جوان = جوانی
مہربان = مہربانی
آسمان = آسمانی
نادان = نادانی

سوچیے اور بتایئے۔

زندہ رہنے کے لیے ہوا کے علاوہ اور کیا کیا چیزیں ضروری ہیں؟

زندہ رہنے کے لیے ہوا کے علاوہ پانی اور خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

ہوا کو صاف رکھنے کو کہا گیا ہے، اور کن چیزوں کو صاف رکھنا ضروری ہے؟

ہوا کے علاوہ ہمیں اپنے گھر ، ماحول ، جسم اور لباس وغیرہ کی صفائی کا خیال بھی رکھنا چاہیے۔

خوش خط لکھیے۔

آدمی ، گندا ، جانور ، تن درستی ، زندگانی۔