نظم درختوں سے محبت کی تشریح، سوالات و جوابات

0
  • کتاب” ابتدائی اردو” برائے تیسری جماعت
  • سبق نمبر13: نظم
  • شاعر کا نام: مدحت الاختر
  • نظم کا نام: درختوں سے محبت

نظم درختوں سے محبت کی تشریح:

درختوں پر ہے چڑیوں کا بسیرا
درختوں سے ملے سایہ گھنیرا
خوشی سے چہچہاتے ہیں پرندے
خدا کی حمد گاتے ہیں پرندے
مسافر دھوپ سے گھبرا کے آئیں
تو ٹھنڈی چھاؤں میں آرام پائیں

یہ اشعار مدحت الاختر کی نظم سے لیے گئے ہیں۔ اس بند میں شاعر درختوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ درخت پرندوں کا گھر ہوتے ہیں ان پہ چڑیاں اپنا بسیرا کرتی ہیں۔ ان درختوں ہی کی مدد سے ہمیں گھنا سایہ بھی مہیا ہوتا ہے۔انسان ، چرند اور پرند سبھی انھی کے سائے میں بیٹھتے ہیں۔ درختوں پر مدھر آوازوں والے پرندے بیٹھ کر اپنی مدھر آ وازوں میں اللہ کی عظمت کے گیت گاتے ہیں۔ اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں۔ جبکہ یہی درخت مسافروں کے لئے شجر سایہ دار بن جاتے ہیں اور انھیں دھوپ سے بچا کر اپنی چھاؤں تلے پناہ دیتے ہیں۔ یوں دھوپ کے گھبرائے مسافر ٹھنڈی چھاؤں میں آرام پاتے ہیں۔

سڑک، میدان ، رستوں پر گھروں پر
درختوں کا اثر ہے موسموں پر
بڑے بوڑھے ہمارے کہہ گئے ہیں
درختوں سے ہزاروں فائدے ہیں
بڑوں کی یہ نصیحت یاد رکھیں!
درختوں کو سدا آباد رکھیں

اس بند میں شاعر کہتا ہے کہ درخت کا اثر ہر جگہ اور ہر ایک شے پہ ہوتا ہے خواہ وہ سڑکیں ہوں یا میدان یا کھلے رستے یا گھر ہوں اگر وہاں درخت موجود ہوں تو وہاں کے موسمی اثرات میں نمایاں فرق دیکھنے کو ملتا ہے۔ اسی طرح ہمارے بڑے بوڑھے بزرگ یہ نصحیت کر کے گئے ہیں کہ ان درختوں سے انسان کو محض ایک سایہ نہیں بلکہ اور بھی ہزار طرح کے فوائد میسر ہوتے ہیں۔ اس لیے ہمیں ان کی نصحیت کو یاد رکھتے ہوئے ان درختوں کو ہمیشہ سر سبز و شاداب رکھنا ہے۔

درختوں کی حفاظت ہم کریں گے
درختوں سے محبت ہم کریں گے

اس شعرمیں شاعر درختوں کی اہمیت اجاگر کروانے کے بعد ان کی حفاظت کا عہد کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ہم سب مل کر ان درختوں کی حفاظت کریں گے اور یہ درخت چونکہ ہمارے ماحول کو صاف اور خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہم سب صرف ان کی حفاظت ہی نہیں بلکہ ان سے محبت بھی کریں گے۔

سوچیے بتائیے اور لکھیے۔

چڑیاں کہاں بسیرا کرتی ہیں؟

چڑیا گھنے درختوں پر بسیرا کرتی ہیں۔

مسافر دھوپ سے بچنے کے لیے کہاں آرام کرتے ہیں؟

مسافر دھوپ سے بچنے کے لیے درختوں کی ٹھنڈی چھاؤں میں آرام کرتے ہیں۔

درختوں کی حفاظت کیوں ضروری ہے؟

درختوں کا اثر موسم پہ ہوتا ہے اور یہ انسان کو ہزار طرح کے فائدے مہیا کرتے ہیں اس لیے ان کی حفاظت ضروری ہے۔

درختوں کے بارے میں بڑے بوڑھے کیا کہہ گئے ہیں؟

بڑے بوڑھے درختوں کی اہمیت بتاتے ہوئے ان کی حفاظت کا کہہ گئے ہیں۔

درختوں سے کیا فائدے ہیں؟

درخت مسافر کو سایہ مہیا کرتے ہیں، ماحول کو اچھا بناتے اور موسم پہ اثر انداز ہوتے ہیں۔

ان مصرعوں کو صحیح لفظوں سے پورا کیجیے۔

درختوں پر ہے پرندوں کا بسیرا
خدا کی حمد گاتے ہیں پرندے
مسافر دھوپ سے گھبرا کے آئیں
درختوں کو سدا آباد رکھیں
درختوں کی حفاظت ہم کریں گے

ان لفظوں سے جملے بنائیے۔

درخت درخت ماحول کو صاف کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مسافر مسافر درخت کے سائے تلے آرام کی غرض سے لیٹ جاتے ہیں۔
سدا سب نے دلہن کو سدا خوش رہنے کی دعا دی۔
بسیرا شاہین ہمیشہ پہاڑوں کی چٹانوں میں بسیرا کرتا ہے۔
حفاظت ہمیں اپنے ملک کی حفاظت کرنی چاہیے۔
آرام ڈاکٹر نے مریض کو آرام کی تلقین کی۔

ان لفظوں کے نیچے ان کے متضادلکھیے۔

خوشی غمی
دھوپ چھاؤں
ٹھنڈا گرم
آرام بے آرامی
بوڑھا جوان
فائدہ نقصان
محبت نفرت
بڑا چھوٹا

نظم سے ایسے تین مصرعے لکھیے جن میں لفظ ” درختوں‘ آیا ہو۔

  • درختوں کی حفاظت ہم کریں گے
  • درختوں سے محبت ہم کریں گے
  • درختوں پر ہے چڑیوں کا بسیرا
  • درختوں سے ملے سایہ گھنیرا
  • درختوں کو سدا آباد رکھیں
  • درختوں کا اثر ہے موسموں پر

ان لفظوں کے واحد لکھیے۔

درختوں درخت
موسموں موسم
ہزاروں ہزار
بوڑھوں بوڑھے
رستوں رستے
گھروں گھر
چڑیوں چڑیا
بڑوں بڑا

پڑھیے سمجھیے اور لکھیے۔

درختوں کے فائدے پر پانچ جملے لکھیے۔

درخت قدرتی ماحول کا اہم حصہ ہیں یہ ہوا کی صفائی کا کام کرتے ہیں۔ یہ ہوا میں موجود اضافی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر لیتے ہیں اور آکسیجن خارج کرتے ہیں۔ زمین پر موجود تمام جاندار کی زندگی کسی نہ کسی طرح پودوں سے جڑی ہوتی ہے۔ ہم درختوں سے آکسیجن کے علاوہ لکڑی بھی حاصل کرتے ہیں۔ درخت ہمیں پھل، پھول اور کھانے کی دوسری چیزیں مہیا کرتے ہیں۔ ان کے مختلف حصوں سے دوائیں بھی بنائی جاتی ہیں۔ درخت پرندوں کے لیے قدرتی مسکن بھی ہوتے ہیں۔ درخت زمین کے کٹاؤ کو روکتے ہیں۔ یہ آندھیوں کی رفتار کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

بعض لفظوں کا تلفظ ایک جیسا ہوتا ہے لیکن معنی اور املا کے اعتبار سے وہ مختلف ہوتے ہیں جیسے سدا اور صدا۔ پہلے لفظ کا مطلب ہمیشہ لیکن دوسرے کا مطلب آواز ہے۔اسی طرح نیچے لکھے ہوۓ دائروں میں سے ایک جیسے تلفظ والے لفظوں کو استاد کی مدد سے خالی خانوں میں لکھیے۔

  • سدا ، صدا آم ، عام عاری ، آری
  • ارب، عرب ثواب ، صواب کسرت ، کثرت
  • حوا ، ہوا جعل ، جال الم ، علم
  • نذیر ، نظیر۔

نظم میں جو لفظ استعمال نہیں ہوۓ ہیں ، ان کے گرد دائرہ بنائیے۔

  • محبت• ہمارا تمھارا بسیرا•
  • درختوں• نفرت غم گرم
  • دھوپ• گھیرا تکلیف حمد •
  • موسموں• جوان نقصان مکان
  • بزرگ• استاد خدا • سڑک•
  • اثرات چھاؤں• جلیل صدا • عام
  • آم سدا

ان تصویروں کے بارے میں دودو جملے لکھیے۔

سڑک: سڑک کو ہم ٹریفک کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
ہمیں سڑک کنارے درخت اگانے چاہیے۔
درخت: درخت ہمیں سایہ مہیا کرتے ہیں۔
درخت انسان کو آکسیجن مہیا کرتے ہیں۔
پرندہ: پرندے گھونسلے میں رہتے ہیں۔
پرندے انڈے دیتے ہیں۔