کمپیوٹر کی تعریف اور اس کے اہم حصے

0

کمپیوٹر کی تعریف اور اس کے اہم حصے

کمپیوٹر کی تعریف (Definition of Computer in Urdu)

کمپیوٹر ایک برقی (الیکٹرانک) مشین ہے جو دی گئی ہدایات (Instructions) کے مطابق بڑی تیزی اور درستگی کے ساتھ ڈیٹا پر عمل کر کے معلومات (Information) فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک خودکار نظام ہے جو حساب کتاب، منطقی تجزیہ، یادداشت، اور معلومات کی ذخیرہ اندوزی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

سادہ الفاظ میں کہیں تو کمپیوٹر ایک ایسی مشین ہے جو انسان کے دیے گئے احکامات پر عمل کرتے ہوئے مختلف قسم کے کام انجام دیتی ہے، جیسے کہ حساب کتاب، الفاظ کی تحریر، تصویریں بنانا، گانے چلانا، معلومات محفوظ کرنا وغیرہ۔

کمپیوٹر کی تعریف اور اس کے اہم حصے 1

کمپیوٹر کی مکمل تعریف اسطرح کی جاتی ہے:

 “کمپیوٹر ایک تیز رفتار، خودکار اور کثیر المقاصد مشین ہے جو ڈیٹا کو قبول کرتی ہے، اس پر عمل کرتی ہے اور نتیجہ فراہم کرتی ہے اور ضرورت کے مطابق معلومات کو محفوظ بھی رکھتی ہے۔”

اندراجی آلات/Input Devices 

پروسیسنگ کو عمل میں لانے اور ترتیب شدہ مواد کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں سب سے پہلے ڈیٹا یعنی خام مواد کو کمپیوٹر میں داخل کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد اس عمل کو  ترتیب سے گزارنے کے لیے ہدایتیں بھی درج کرنی ہوتی ہیں۔ اس کام کے لیے کئی آلات ہوتے ہیں۔ جنہیں ان پٹ ڈی وائسز (Input Devices) یعنی اندراجی آلات  کہا جاتا ہے۔ سب سے اہم اندراجی آلے ‘کی بورڈ(Keyboard) یعنی کلیدی تختہ اور ماؤز (Mouse) ہیں۔

مرکزی ترتیب ساز: 

کمپیوٹر میں داخل کردہ خام مواد کو ترتیب دینے کا کام ایک بند ڈبے کے اندر انجام پاتا ہے اسے سی پی یو (CPU) یعنی سنٹرل پروسیسنگ یونٹ یعنی مرکزی ترتیب ساز کہا جاتا ہے۔ سی پی یو میں تین طرح کے کام انجام پاتے ہیں اور ہر کام کے لیے مختلف پرزوں پر مشتمل ایک واحدہ Unit ہوتا ہے۔ چنانچہ تین کاموں کے لیے تین واحدے ہوتے ہیں۔

یہ کنٹرول یونٹ (control unit) جسے CU بھی کہا جاتا ہے۔ یہ کمپیوٹر کے ہر عمل کی نگہبانی کرتا ہے اور اسے ہر ایک کام کی ہدایتیں دیتا رہتا ہے۔ دوسرا میموری یونٹ یعنی واحدہ  یادداشت اور تیسرا ارتھمیٹک لاجیکل یونٹ (Arithmetic Logical Unit) جسے اے یل یو (ALU) بھی کہا جاتا ہے۔ سی پی یو کمپیوٹر کا اہم جز ہے۔ اس میں تمام کاموں کو کرنے کی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں۔ اسی لیے اسے کمپیوٹر کا دماغ تسلیم کیا جاتا ہے۔

خروجی آلات/Output 

ترتیب دیتے ہوئے مواد کو آؤٹ پٹ (output) یعنی نتیجہ کہا جاتا ہے۔ اس نتیجے کو جن آلات کے ذریعے نمایا کیا جاتا ہے انہیں اؤٹ پٹ ڈیوائسز یعنی خروجی آلات کہا جاتا ہے۔ عام طور پر تین خروجی آلات کام میں لائے جاتے ہیں۔ ایک ٹی وی نما سکرین یعنی پردہ ہے جسے مانیٹر (Monitor) بھی کہا جاتا ہے۔ دوسرا پرنٹر یعنی چھپائی مشین ہے اور تیسرا پلاٹر (Plotter)۔

ہم کمپیوٹر کے اجزائے ترکیبی کو ایک خاکے کی مدد سے ظاہر کر سکتے ہیں جسے بلاک ڈائیگرام (Block diagram) کہا جاتا ہے۔ بلاک ڈائیگرام کمپیوٹر کے نظام کا علامتی اظہار ہے۔ اس میں تیر کے نشان عمل کی سمتوں کو ظاہر کرتے ہیں اور ان کی مدد سے مواد کے بہاؤ اور مختلف حصوں کے درمیان ربط و تسلسل کو ظاہر کیا جاتا ہے۔

تحریرتحسینہ ماونکٹی