نظم کوئل کی تشریح

0
  • کتاب”جان پہچان “برائے چھٹی جماعت۔
  • سبق نمبر30: نظم۔
  • نظم کا نام: کوئل

نظم کوئل کی تشریح

تیری رنگت کالی کالی
تیری صورت بھولی بھالی
اُڑنے والی ڈالی ڈالی
بن میں شور مچانے والی
کوئل تیری کوک نرالی

یہ اشعار نظم ” کوئل” سے لیے گئے ہیں۔ ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ اے کوئل اگرچہ تمھاری رنگت کالی ہے مگر تم شکل و صورت سے بھولی بھالی دکھائی دیتی ہو۔ تم ہر درخت کی ڈالی ڈالی پہ اڑتی ہو۔ کوئل سارے جنگل میں شور مچاتی پھرتی ہے۔ اس کوئل کی کوک ایک دم الگ اور نرالی ہے۔

باغ میں تیری رٹ کو کو کی
دیتی ہے اک لطف عجب ہی
سنتا ہے جب کوک کو تیری
خوش ہوتا ہے باغ کا مالی
کوئل تیری کوک نرالی

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ کوئل ہر وقت باغ میں کوکو کی رٹ لگائے پھرتی ہے۔ اس کی یہ کوکو کی رٹ ایک عجیب طرح کا لطف دیتی ہے۔ کوئل کی کوکو جب بھی کوئی سنتا ہے تو باغ کا مالی تک خوش ہو جاتا ہے۔کیوں کہ کوئل کی کوک ہے ہی ںرالی اور الگ انداز لیے ہوئے۔

تجھ کو آموں سے رغبت ہے
آم کے باغوں سے الفت ہے
کو کو کرنے کی عادت ہے
کوک سے دل تڑپانے والی
کوئل تیری کوک نرالی

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ کوئل تجھے آم پسند ہیں اور تمھیں آم کے باغات سے ہی محبت ہے کوکو کرنا تمھاری عادت ہے اور تمھاری کوک اس قدر دلفریب ہوتی ہے کہ دل تڑپ اٹھتا ہے۔ کوئل تمھاری کوک ایک دم نرالی ہے۔

لڑکے تیری کوک کو سن کر
نقل تری کرتے ہیں اکثر
تو گاتی ہے ان سے بہتر
ان کی کوک میں ہے نقالی
کوئل تیری کوک نرالی

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ کوئل کی کوک سن کر لڑکے اکثر و بیشتر اس کی نقل اتارتے ہیں۔ مگر کوئل کی آواز ہمیشہ ان لڑکوں کی آواز سے بہتر ہوتی ہے کیونکہ ا سکی آواز میں نقالی نہیں ہوتی ہے۔ کوئل کی کوک ان سب کی آواز سے نرالی ہے۔

سوچیے اور بتایئے:

باغ کا مالی کیوں خوش ہوتا ہے؟

باغ کا مالی کوئل کی کوک کی آواز سن کر خوش ہوتا ہے۔

کوئل کو بن میں شور مچانے والی کیوں کہا گیا ہے؟

کوئل باغ میں بسیرا کرتی ہے اور جب بولتی ہے تو ہر طرف اس کی آواز گونجتی ہے اس لیے اسے بن میں شور مچانے والی کہا گیا ہے۔

کوئل کو کس چیز سے رغبت ہے؟

کوئل کو آموں سے رغبت ہے۔

کوئل کی کوک کو نرالی کیوں کہا گیا ہے؟

کوئل کی کوک کی گونج سب سے الگ ہے۔ جو سننے والے کے دل کو تڑپاتی ہے اور اسے سن کر لوگ بہت خوش ہوتے ہیں اس لیے اس کی کوک کو نرالی کہا گیا ہے۔

نیچے دیے ہوئے مصرعوں کومکمل کیجیے :

  • باغ میں تیری رٹ کو کو کی
  • آم کے باغوں سے الفت ہے
  • تیری صورت بھولی بھالی
  • بن میں شور مچانے والی

نیچے دیے گئے پرندوں کے سامنے ان کی بولی لکھیے :

مینا : ٹیوں ٹیوں ، چڑیا : چوں چوں
کوّا : کائیں کائیں ، کبوتر: غٹرغوں غٹرغوں
طوطا : ٹریں ٹریں ، مرغا : ککڑوں کوں

خوش خط لکھیے۔

رنگت ، لطف ،رغبت ، الفت ،نقالی۔