نظم ہمارا وطن کی تشریح

0
  • کتاب” جان پہچان “برائے چھٹی جماعت
  • سبق نمبر26: نظم
  • شاعر کا نام: چکبست
  • نظم کا نام: ہمارا وطن

نظم ہمارا وطن کی تشریح

یہ ہندوستاں ہے ہمارا وطن
محبت کی آنکھوں کا تارا وطن
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

یہ اشعار پنڈت چکبست نرائن کی نظم “میرا وطن” سے لیے گئے ہیں۔ اس نظم میں شاعر نے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خوبصورتیوں اور خوبیوں کو جاگر کیا ہے۔ شاعر ان اشعار میں کہتا ہے کہ میرا پیارا وطن ہندوستان ہے۔ یہ وطن محبت کے جذبوں سے لبریز ہے۔ ہندوستان کا دوسرا نام محبت ہے۔ یہ وطن سب کی انکھوں کا تارا ہے اور ہمیں ہمارا وطن بہت پیارا ہے۔

وہ اس کے درختوں کی تیاریاں
وہ پھل پھول پودے وہ پھلواریاں
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ میرے پیارے وطن میں کئی رنگوں کے خوبصورت درخت موجود ہیں۔ ان درختوں پہ خوبصورت بہار آتی ہے۔ میرے وطن میں خوبصورت پودے اور کئی طرح کے ذائقے دار پھل ہیں۔ یہ وطن یعنی ہندوستان کی سرزمین بہت خوبصورت ہے۔

ہوا میں درختوں کا وہ جھومنا
وہ پتوں کا پھولوں کا منہ چومنا
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

ان اشعار میں شاعر وطن کے دلفریب نظاروں کی بات کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اس وطن کے خوبصورت درخت جب ہوا میں لہلہاتے اور جھومتے ہیں تو یہ اس کے حسن کو دوبالا کرتے ہیں۔یہ درخت لہلہاتے ہوئے اپنے اوپر موجود پتوں اور درخت کے پھلوں کا منھ چومتے ہیں ۔ ہمارا وطن بہت خوبصورت ہے اور یہ سب کو دل و جان سے پیارا ہے۔

وہ ساون میں کالی گھٹا کی بہار
وہ برسات کی ہلکی ہلکی پھوار
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ ہندوستان کی سرزمین پہ کئی طرح کے خوبصورت موسم بھی آتے ہیں۔ کبھی یہاں ساون کی کالی گھٹاؤں کی بہار چھائی ہوتی ہے۔ جو یہاں کے موسم کو بہت دلفریب بناتی ہے۔ جبکہ کبھی برسات کی ہلکی ہلکی پھوار محسوس کرنے کو ملتی ہے۔ بلاشبہ یہ مناظر اور موسم ہندوستان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ وطن ہم سب کی آنکھوں کا تارا ہے۔

وہ باغوں میں کوئل وہ جنگل کے مور
وہ گنگا کی لہریں وہ جمنا کا زور
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

شاعر ان اشعار میں میں کہتا ہے کہ میرے وطن کے باغوں میں کوئل کی کوک کی گونج سنائی دیتی ہے اور کہیں جنگل کے مور کا رقص منظر کو خوبصورت بناتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہاں کی خوبصورتی میں گنگا و جمنا کی ندیوں کی لہریں اپنا زور دکھا کر اضافہ کرتی ہیں۔ یوں یہ خوبصورت وطن دل سے اور زیادہ خوبصورت لگتا ہے۔

اسی سے ہے اس زندگی کی بہار
وطن کی محبت ہو یا ماں کا پیار
ہمارا وطن دل سے پیارا وطن

ان اشعار میں شاعر کہتا ہے کہ ان ڈب خوبصورت مناظر سے ہی اس وطن میں زندگی اور خوبصورتی اور بہار دکھائی دیتی ہے۔اس وطن کی آغوش ماں کی گود جیسی ہے۔ کہ یہ وطن کی آغوش بھی ماں جیسا پیار ہم پہ لٹاتی ہے۔ ہمارا یہ وطن پیارا اور دل سے عزیز ہے۔

سوچیے اور بتایئے:

اس نظم میں ہندوستان کی کن خوبیوں کا ذکر کیا گیا ہے؟

اس نظم میں ہندوستان کے پھلوں ، پھولوں ، درختوں، موسموں کی خوبصورتی اور ندیوں کے خوبصورت نظاروں کا ذکر کیا گیا ہے۔

اس نظم میں شاعر نے کن ندیوں کا ذکر کیا ہے؟

اس نظم میں شاعر نے گنگا و جمنا ندی کا ذکر کیا ہے۔

زندگی کی بہارکس چیز سے ہے؟

زندگی کی بہار وطن کی محبت سے ہے۔

وطن کو آنکھوں کا تارا کیوں کہا گیا ہے؟

وطن کی محبت کی وجہ سے وطن کو آنکھوں کا تارا کہا گیاہے۔

نیچے دی ہوئی خالی جگہوں کو بھریے:

  • یہ ہندوستاں ہے ہمارا وطن
  • وہ اس کے درختوں کی تیاریاں
  • وہ پتوں کا پھولوں کا منہ چومنا
  • وہ گنگا کی لہریں وہ جمنا کا زور
  • وہ ساون میں کالی گھٹا کی بہار

حصہ الف اور ب کونظم کے مطابق ملا کر شعر بنائیے۔

الف:

وہ باغوں میں کوئل وہ جنگل میں مور
اسی سے ہے اس زندگی کی بہار
ہوا میں درختوں کا وہ جھومنا
وہ ساون کی کالی گھٹا کی بہار

ب:

وطن کی محبت ہو یا ماں کا پیار
وہ گنگا کی لہر میں وہ جمنا کا زور
وہ برسات کی ہلکی ہلکی پھوارا
وہ پتوں کا پھولوں کا منہ چومنا

وہ باغوں میں کوئل وہ جنگل کے مور
وہ گنگا کی لہریں وہ جمنا کا زور
اسی سے ہے اس زندگی کی بہار
وطن کی محبت ہو یا ماں کا پیار
ہوا میں درختوں کا وہ جھومنا
وہ پتوں کا پھولوں کا منہ چومنا
وہ ساون میں کالی گھٹا کی بہار
وہ برسات کی ہلکی ہلکی پھوار

پڑھیے،سمجھیے اورلکھیے :

اس نظم میں تارا، درختوں ، پھل، پھول، پھلواریاں ، باغوں ، جنگل ، لہریں ،وغیرہ الفاظ استعمال ہوۓ ہیں ۔ ان میں کچھ لفظوں سے کسی چیز کے تعداد میں ایک ہونے کا علم ہو رہا ہے اور کچھ لفظوں سے تعداد میں ایک سے زیادہ ہونے کا علم ہو رہا ہے ۔ یعنی کوئی چیز اگر تعداد میں ایک ہو تو اسے واحد کہتے ہیں اور دو یا دو سے زیادہ ہو تو اسے جمع کہتے ہیں ۔اس تعریف کی روشنی میں واحد اور جمع کی پانچ پانچ مثالیں آپ بھی لکھیے۔

واحد : پتا ،چڑیا ، کتاب ، پانی ، کھیت۔
جمع : پتے ، چڑیاں ، کتابیں ، پانیوں ، کھیتوں۔

خوش خط لکھیے۔

ہندوستان ، پھلواری ، گھٹا ، گنگا ، بہار۔