Stone Soup Story In Urdu | NCERT 7th | پتھر کا سوپ

0
  • کتاب” اپنی زبان”برائے ساتویں جماعت
  • سبق نمبر11:کہانی
  • مصنف کا نام: اطہر پرویز
  • سبق کا نام: پتھر کا سوپ

خلاصہ سبق:

سبق “پتھر کا سوپ ” میں ایک دلچسپ کہانی بیان کی گئی ہے۔ ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ ایک بوڑھا آئرلینڈ کا رہنے والا تھا۔وہ دوردراز سفر کے لیے روانہ ہوا۔ دوران سفر بوڑھے کے پاس سب کچھ ختم ہو گیا اور وہ بھوکا رہنے پر مجبور ہو گیا۔اس کی بھوک کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بارش کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا۔جس سے اس کے تمام کپڑے پانی سے تر ہو گئے۔

دور اسے روشنی دکھائی دی تو وہ وہاں گیا اور وہاں اس کی ملاقات ایک باورچی سے ہوئی۔ اس نے باورچی سے کھانے کے لیے کچھ مانگا مگر باورچی نے نہ صرف انکار کر دیا بلکہ اسے وہاں سے جانے کا کہا۔ باورچی کے انکار پر اس نے اس سے چولہے کے پاس بیٹھ کر کپڑے سکھانے کی درخواست جیسے ہی بوڑھے کے کپڑے خشک ہوئے تو اس کی بھوک چمک اٹھی۔

بوڑھے کو ایک ترکیب سوجھی۔اس نے باورچی سے کہا کہ اسے ایک بہت مزے دار پتھر کا سوپ بنانا آتا ہے۔بوڑھے نے باورچی سے ایک ہانڈی اور پانی مانگا اس ہانڈی میں اس نے جیب سے ایک پتھر نکال کر دھو کر ڈالا۔ اس نے باورچی سے ہانڈی میں ڈالنے کے لیے نمک مانگا۔ جب باورچی نمک لینے گیا تو اس نے آنکھ بچا کر اس میں وہاں رکھی کچھ ترکاریاں ڈال دی۔ پھر اس نے باورچی سے اس میں ڈالنے کے لیے پیاز اور لہسن مانگا۔

یہ ڈالنے کے بعد اس نے ہانڈی میں مرچ ڈالی۔پھر باورچی سے بولا کے پتھر کے سوپ کی ہانڈی میں چمچ نہیں چلاتے اس لیے اگر وہ سامنے رکھے گوشت کی بڑی ہڈی سے ہانڈی ہلا لے۔ پھر بوڑھے نے باورچی سے آٹا مکھن اور دودھ بھی مانگ کر ہانڈی میں ڈالے اور آخر میں سارا گوشت ڈالنے کی اجازت چاہی جو کہ باورچی نے دے دی۔

یوں اپنی چالاکی سے بوڑھے نے پتھر کا سوپ تیار کر لیا۔بوڑھے نے ہانڈی میں سے جوں کا توں پتھر باہر نکالا تو باورچی یہ دیکھ کر حیرت میں پڑ گیا۔ باورچی نے یہ سوپ پیا تو اسے بہت مزے کا لگا۔ اس نے سوچا کہ وہ یہ سوپ سب کو بنا کر پلائے گا۔ اس نے بوڑھے سے وہ پتھر لے لیا۔اورباورچی نے خوش ہو کر بوڑھے کو ایک پونڈ دیا۔ ایک پونڈ لے کر بوڑھا چل دیا وہ یہ سوچ رہا تھا کہ سچ کہتے ہیں کہ عقل بڑی ہوتی ہے نہ کہ بھینس۔

سوچیے اور بتایئے:

بوڑھا کہاں رہتا تھا؟

بوڑھا آئرلینڈ کے رہنے والا تھا۔

بوڑھے کو سفر کے دوران کیا مصیبت پیش آئی ؟

دوران سفر بوڑھے کے پاس سب کچھ ختم ہو گیا اور وہ بھوکا رہنے پر مجبور ہو گیا۔اس کی بھوک کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بارش کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا۔جس سے اس کے تمام کپڑے پانی سے تر ہو گئے۔

بوڑھے نے باور چی سے کیا درخواست کی؟

بوڑھے نے باورچی سے درخواست کی کہ وہ بھوکا ہے اسے کچھ کھلا دے۔ باورچی کے انکار پر اس نے اس سے چولہے کے پاس بیٹھ کر کپڑے سکھانے کی درخواست کی۔

بوڑھے کو اپنی بھوک مٹانے کے لیے کیا ترکیب سوجھی؟

اپنی بھوک مٹانے کے لیے بوڑھے کو پتھر کا سوپ بنانے کی ترکیب سوجھی۔

بوڑھے نے پتھر کا سوپ کس طرح تیار کیا؟

بوڑھے نے باورچی سے ایک ہانڈی اور پانی مانگا اس ہانڈی میں اس نے جیب سے ایک پتھر نکال کر دھو کر ڈالا۔ اس نے باورچی سے ہانڈی میں ڈالنے کے لیے نمک مانگا۔ جب باورچی نمک لینے گیا تو اس نے آنکھ بچا کر اس میں وہاں رکھی کچھ ترکاریاں ڈال دی۔ پھر اس نے باورچی سے اس میں ڈالنے کے لیے پیاز اور لہسن مانگا۔ یہ ڈالنے کے بعد اس نے ہانڈی میں مرچ ڈالی۔پھر باورچی سے بولا کے پتھر کے سوپ کی ہانڈی میں چمچ نہیں چلاتے اس لیے اگر وہ سامنے رکھے گوشت کی بڑی ہڈی سے ہانڈی ہلا لے۔ پھر بوڑھے نے باورچی سے آٹا مکھن اور دودھ بھی مانگ کر ہانڈی میں ڈالے اور آخر میں سارا گوشت ڈالنے کی اجازت چاہی جو کہ باورچی نے دے دی۔ یوں اپنی چالاکی سے بوڑھے نے پتھر کا سوپ تیار کر لیا۔

با ورچی کس بات سے حیرت میں پڑ گیا؟

جب بوڑھے نے ہانڈی میں سے جوں کا توں پتھر باہر نکالا تو باورچی یہ دیکھ کر حیرت میں پڑ گیا۔

باورچی نے بوڑھے کو خوش ہو کر کیا دیا؟

باورچی نے خوش ہو کر بوڑھے کو ایک پونڈ دیا۔

بوڑھے نے یہ کیوں کہا کہ عقل بڑی ہوتی ہے نہ کہ بھینس؟

بوڑھے نے باورچی کی بے وقوفی کی وجہ سے کہا کہ عقل بڑی ہوتی ہے نہ کہ بھینس کیوں کہ بوڑھے نے ایک پتھر کے ذریعے اپنی عقل کو استعمال کرتے ہوئے باآسانی باورچی کو بے وقوف بنا لیا تھا۔

صحیح جملوں پر صحیح ✅ اور غلط پر غلط ❎ کا نشان لگا یے۔

  • کسی زمانے میں ایک بوڑھا رہتا تھاوہ تھا بڑا بے وقوف ۔❎
  • وہ ایک بار دور دراز کے سفر پر روانہ ہوا۔✅
  • بوڑ ھا سردی کے مارے تھر تھر کانپ رہا تھا۔✅
  • بوڑھے کے بدن میں گرمی آئی تو اس کی بھوک ختم ہوگئی۔❎
  • بوڑھے نے ایک گندا پتھر جیب سے نکالا اور ہانڈی میں ڈال دیا۔❎
  • بوڑھے نے مرغی کا سارا گوشت ہانڈی میں ڈال دیا۔✅
  • باورچی نے کہا میرے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔❎
  • یہ پتھر مجھے مفت میں دے دو۔❎
  • کتنا مزے کا ہوتا ہے پتھر کا سوپ۔✅

نیچے دیے ہوئے لفظوں کو اپنے جملوں میں استعمال کیجیے۔

شاندار میں نے ایک شاندار کھانا کھایا۔
خوشامد خوشامد بری بلا ہے۔
ترکیب بوڑھے کو ایک ترکیب سوجھی۔
سوپ بوڑھے ںے باورچی کو پتھر کا سوپ پلایا۔
مزه دریا کنارے سیر کرکے ہمیں بہت مزہ آیا۔
حیرت باورچی نے حیرت سے پتھر کو دیکھا۔

ان لفظوں کے متضاد لکھیے۔

گرمی سردی
عقل مند بےوقوف
خوشبو بدبو
آدها پورا
صبر بے صبری