Maulana Abul Kalam Azad ki Zindagi in Urdu | مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت

0

خلاصہ سبق: مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت

مولانا ابوالکلام آزاد کا اصل نام محی الدین احمد تھا۔ آپ11نومبر 1888ء کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔آپ ابوالکلام آزاد کے نام سے مشہور ہوئے۔ بچپن سے لکھنے پڑھنے کے شوقین تھے۔ سکول کی کتابوں کے علاوہ ادھر ادھر کی کتابیں بھی پڑھیں۔

مولانا ابوالکلام آزاد اپنے جیب خرچ سے پیسے بچا کر بازار سے موم بتیاں خرید لاتے تھے۔جب گھر کے تمام افراد سو جاتے تو ان موم بتیوں کی روشنی سے لحاف کے اندر کتابیں پڑھتے تھے۔نثر کے ساتھ ساتھ شاعری کی جانب بھی متوجہ ہوئے مولوی عبد الواحد نے ان کا تخلص آزاد رکھا۔ پندرہ سال کی عمر میں رسالے”لسان الصدق”کی ادارت کی۔

مولانا آزاد نے دو قومی نظریے کی مخالفت کی۔ آزادی کی لڑائی میں آپ پیش پیش رہے۔مولانا ابوالکلام آزاد نے الہلال اور البلاغ کے نام سے دو اخبار نکالے۔ آزادی کی لڑائی میں آزاد نے اپنے اخباروں میں انگریزوں کے خلاف مضامین لکھے۔تقاریر کیں ان کا انداز اور تقاریر جوشیلی تھیں۔اس سلسے میں انھیں کئی بار جیل بھی جانا پڑا۔ لیکن انھوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور ہندوستانیوں کو بدیسیوں سے آزاد کروا کر دم لیا۔

مہاتما گاندھی ،پنڈت جواہر لال نہرو ، مولانا آزاد کی بہت عزت کرتے تھے۔ انھیں اپنا قریبی دوست مانتے اور ان کے مشورے کو اہمیت دیتے تھے۔ آپ ایک بہت بڑے مذہبی عالم تھے۔قرآن پاک کے ایک بڑے حصے کا ترجمہ کیا۔ان کا نام اردو کے بڑے ادیبوں میں لیا جاتا ہے۔

ان کی نثری تصنیف ”غبار خاطر“ میں ان کے خطوط شامل ہیں۔ ان کا شمار ملک کے بڑے رہنماؤں میں ہوتا ہے۔مولانا ابوالکلام آزاد آزادی کے بعد ملک کے پہلے وزیر تعلیم بنائے گئے۔ ملک میں جدید تعلیم کا بنایا ہوا خاکہ بھی انہی کا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 11 نومبر کو ان کا یوم پیدائش یوم تعلیم کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مولانا آزاد نے ساہیتہ اکادمی ،سنگیت اکادمی،للت کلا اکادمی اور انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشن جیسے ادارے قائم کیے۔ ان کا انتقال 22 فروری 1958ء کو دہلی میں ہوا۔

سوچیے اور بتایئے:

مولانا ابولکلام آزاد کا اصل نام کیا تھا؟

مولانا ابوالکلام آزاد کا اصل نام محی الدین احمد تھا۔

مولانا آزاد کی پرورش کیسے خاندان میں ہوئی ؟

مولانا آزاد کی پرورش مذہبی مزاج رکھنے والے خاندان میں ہوئی۔

مولانا آزادکو بچپن سے کس بات کا شوق تھا؟

مولانا آزاد کو بچپن سے مطالعے کا شوق تھا۔

مولانا کا تخلص آزاد کس نے رکھا؟

مولانا کا تخلص آزاد “مولوی عبدالوحد” نے رکھا۔

مولانا نے کون کون سے اخبار جاری کیے؟

مولانا ابوالکلام آزاد نے الہلال اور البلاغ کے نام سے دو اخبار نکالے۔

ہندوستان کو آزاد کرانے کے لیے مولانا آزاد نے کیا خدمات انجام دیں؟

آزادی کی لڑائی میں آزاد نے اپنے اخباروں میں انگریزوں کے خلاف مضامین لکھے۔تقاریر کیں ان کا انداز اور تقاریر جوشیلی تھیں ۔اس سلسے میں انھیں کئی بار جیل بھی جانا پڑا۔

گاندھی جی اور نہرو جی کی نظروں میں مولانا کا کیا مقام تھا؟

گاندھی جی اور نہرو جی دونوں آزاد کے بہت قریب تھے اور آزاد کی بہت عزت کرتے تھے۔انھیں اپنا قریبی دوست مانتے اور ان سے مشورے کرتے تھے۔

مولانا آزاد نے کس نظریے کی مخالفت کی؟

مولانا آزاد نے دو قومی نظریے کی مخالفت کی۔اور مسلمانوں کو تقسیم کے خطرات سے آگاہ کیا۔

مولانا آزاد سے انگریز حکمراں کیوں ڈرتے تھے؟

انگریز حکمران ان کی اچھی اور زوردار تقریر کی وجہ سے ان سے ڈرتے تھے۔

آزادی کے بعد مولانا کو کون سا عہدہ دیا گیا؟

آزادی کے بعد وہ ہمارے ملک کے پہلے وزیر تعلیم بنا ئے گئے۔

مولانا آزاد نے کون کون سے ادارے قائم کیے؟

مولانا آزاد نے ساہیتہ اکادمی ،سنگیت اکادمی،للت کلا اکادمی اور انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشن جیسے ادارے قائم کیے۔

مولانا آزاد کی دومشہور کتابوں کے نام لکھیے؟

غبار خاطر ،تذکرہ مقالات آزاد۔

مولانا آزاد کا انتقال کب ہوا؟

ان کا انتقال 22 فروری 1958ء کو دہلی میں ہوا۔

خالی جگہ کو صحیح لفظ سے بھریے۔

  • مولانا ابوالکلام آزاد 1888ء میں پیدا ہوئے۔
  • مولانا آزاد کو بچپن ہی سے مطالعہ کا شوق تھا۔
  • انھوں نے تیرہ برس میں فارسی کی تعلیم مکمل کی ۔
  • مولانا بیسں سال کی عمر میں اخبار الہلال کے ایڈیٹر بنے اور بڑا نام پایا۔
  • ہندوستان کی آزادی کی جد وجہد میں مولانا نے بہت اہم کردار ادا کیا۔
  • انھوں نے متحدہ قومیت اور ہندومسلم اتحاد پر زور دیا۔
  • مولانا آزاد گاندھی جی اور پنڈت جواہر لعل نہرو سے بہت قریب تھے۔
  • مولانا بڑی اچھی زبان لکھتے اور بولتے تھے۔
  • آزادی کے بعد وہ پہلے وزیر تعلیم بنے۔

صحیح جملے پر✅اور غلط پر❎ کا نشان لگائیے۔

  • مولانا کے والد اپنے زمانے کے عالم دین اور مشہور واعظ تھے۔ ✅
  • مولانا آزاد کو مطالعے کا شوق بالکل نہیں تھا۔❎
  • مولانا کے والد کو یہ بات بالکل پسند نہیں تھی کہ وہ کورس کی کتابوں کے علاوہ ادھر ادھر کی کتابیں پڑھیں ۔✅
  • وہ چالیس سال کی عمر میں اخبار الہلال کے ایڈیٹر بنے ۔❎
  • مولانا نے دوقومی نظریے کی پر زور مخالفت کی ۔✅
  • گاندھی جی اور نہرو جی سے ان کے تعلقات اچھے نہیں تھے۔❎
  • تذکرہ ، قول فیصل’، ‘مقالات آزاد، ترجمان القرآن اور غبار خاطر ان کی کتابیں نہیں ہیں ۔❎

نیچے دیے ہوئے لفظوں کے متضاد لکھیے۔

پسند نا پسند
خراب ٹھیک
زندگی موت
آغاز انجام
آزادی غلامی
نفرت محبت
عزت ذلت
بہادر بزدل

واحد سے جمع اور جمع سے واحد بنائیے۔

واحد جمع
خاندان خاندانوں
انگریز انگریزوں
نظریہ نظریات
تقریر تقریریں
زبان زبانوں
مضمون مضامین
خواب خوابوں
خطبہ خطبات
موم بتی موم بتیاں
وقت اوقات
مکتوب مکاتیب
مقاله مقالات
حکمران حکمرانوں

مذکر اور مؤنث الگ کیجیے۔

مذکر : نام، مطالعہ، شوق،والد، وقت،بازار،لحاف، عزت، دوست،مشورہ،جدوجہد۔
مؤنث : کتاب،جیب،موم بتی،زبان،آزادی،تقریر۔

نیچے لکھے ہوئے لفظوں کو اپنے جملوں میں استعمال کیجیے۔

پرورش بچوں کی پرورش کے لیے انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔
مطالعہ مجھے رسائل کے مطالعے کا شوق ہے۔
تعلیم موجود دور میں کمپیوٹر کی تعلیم کو رواج حاصل ہو رہا ہے۔
حافظہ علی کا حافظہ بہت تیز ہے۔
مجاہد مجاہد سرفروشی کی تمنا لیے ہوئے ہوتا ہے۔
محب وطن علی ایک محب وطن لڑکا ہے۔
ایڈیٹر مولانا ابوالکلام آزاد رسالہ الہلال کے ایڈیٹر رہے۔
نظر بند مولانا آزاد آزادی کی تحریک میں کئی بار نظر بند بھی ہوئے۔

غور کیجئے اور لکھیے۔

محی الدین ،مکہ ،کتاب ،موم بتی، مولوی عبد الواحد مہاتما گاندھی،پنڈت جواہر لعل نہرو، ساہتیہ اکادمی جامع مسجد، دہلی۔
یہ سب الفاظ لوگوں ، جگہوں اور چیزوں کے لیے استعمال ہوئے ہیں ایسے الفاظ اسم کہلاتے ہیں۔

مختلف قسم کے پانچ پانچ اسم لکھیے۔

خانہ کعبہ، بانگ درا، علامہ اقبال ،اندرا گاندھی ، ہندوستان ، کوہ ہمالیہ ، بنگلہ دیش ، نانگا پربت ، انڈا، گیند وغیرہ۔