Urdu Nazam Bahar Tashreeh | نظم بہار کی تشریح

0
  • کتاب” اپنی زبان”برائے ساتویں جماعت
  • سبق نمبر07:نظم
  • شاعر کا نام: افسر میرٹھی
  • نظم کا نام:بہار

نظم بہار کی تشریح:

آیا ہے بہار کا زمانہ
باغوں کے نکھار کا زمانہ

یہ شعر حامد اللّٰہ افسر میرٹھی کی نظم ” بہار “سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بہار کا زمانہ آیا۔بہار چونکہ خوبصورتی کا موسم ہو تا ہے جس کی آمد کے ساتھ ہی ہر طرف پھول کھل جاتے ہیں۔ اس لیے شاعر نے اسے باغوں کے نکھار یعنی باغوں کے حسن کا دوبالا ہو جانے کا زمانہ کہا ہے۔

کلیاں کیا کیا چٹک رہی ہیں
ساری روشیں مہک رہی ہیں

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی باغ میں موجود پھولوں کی کلیاں چٹک چٹک کر کھلنے لگ گئیں۔ان کلیوں کے کھلنے سے باغ میں موجود تمام کیاریوں کا راستہ خوبصورت اور دلکش نظارے پیش کرنے لگا۔

ہلکی ہلکی یہ ان کی خوشبو
پھیلی ہوئی ہے چمن میں ہر سو

شاعر کہتا ہے کہ پھولوں کی کلیوں کے کھل جانے سے ان کی مہک کا اثر فضا میں پوری طرح سے پھیل گیا۔ باغ میں ہر طرف ان کلیوں کی ہلکی ہلکی خوشبو پھیل گئی۔

چڑیاں گاتی ہیں گیت پیارے
سنتے ہیں چمن میں پھول سارے

شاعر اس شعر میں بہار کے منظر کی دلفریبی بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی چڑیاں اپنے خوبصورت نغمے گانے میں لگ گئیں۔ باغ میں موجود تمام پھول ان کے یہ خوبصورت نغمے سننے میں مشغول نظر آنے لگے۔

کتنی راحت فزا ہوا ہے
گویا جنت کا در کھلا ہے

اس شعر میں شاعر بہار کو نہاث خوبصورت کہتے ہوئے بیان کرتا ہے کہ بہار کا نظارہ اس قدر خوشی کو بڑھانے والا ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے گویا جنت کا کوئی دروازہ کھول دیا گیا ہو۔یعنی سب کچھ بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

خوش خوش ہر ایک آدمی ہے
ہر شے میں بلا کی دل کشی ہے

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بہار نے نہ صرف مناظر فطرت کو نکھارا اور دلکش بنایا ہے بلکہ اس کی وجہ سے ہر آدمی کے چہرے پر بھی خوشی جھلکتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ اس دنیا کی ہر چیز میں بہت زیادہ خوبصورتی اور دلکشی دکھائی دیتی ہے۔

کیسی دلچسپ چاندنی ہے
چادر اک نور کی تنی ہے

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بہار کا موسم ہے اور چاند کی چاندنی اتنی دلفریب ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ چاندنی نہیں بلکہ کوئی نور کی چادر تنی ہوئی ہو۔

ہر دل میں امنگ کس قدر ہے
سب پر ہی بہار کا اثر ہے

شاعر اس شعر میں کہتا ہے کہ سب کے دلوں میں ایک امنگ،جوش و ولولے اور تروتازگی کی کیفیت ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بہار کا اثر محض مناظر فطرت پر نہیں ہوا بلکہ ہر زی روح اس کے زیر اثر ہے۔

سڑکوں پہ جو لوگ جا رہے ہیں
غزلیں افسرؔ کی گار رہے ہیں

اس شعر میں شاعر اپنا تخلص استعمال کرتے ہوئے کہتا ہے کہ بہار کی دلفریبی کا اندازہ اس سے بھی کیا جا سکتا ہے کہ سڑکوں پر جو لوگ جا رہے ہیں وہ بھی میری یعنی افسر کی غزلیں گاتے ہوئے جا رہے ہیں۔

سوچیے اور بتایئے:

باغوں پر نکھار آنے کی کیا وجہ ہے؟

باغوں کے نکھار کی وجہ بہار کا موسم ہے۔

روشیں کیوں مہک رہی ہیں؟

بہار کی آمد کی وجہ کلیوں کے چٹکنے سے روشیں مہک رہی ہیں۔

جنت کا در کھلا ہونے سے شاعر کی کیا مراد ہے؟

جنت کا در کھلا ہونے سے مراد بہار کی آمد کی وجہ چلنے والی راحت افزا ہوا جنت کی ہوا محسوس ہوتی ہے۔

چاندنی کیسی لگ رہی ہے؟

چاندنی دلچسپ منظر پیش کرتی ہے یوں جیسے نور کی چادر تنی ہو۔

سڑکوں پر جانے والے لوگ کیا گا رہے ہیں؟

سڑکوں پر جانے والے لوگ افسر میرٹھی کی غزلیں گا رہے ہیں۔

مصرعے مکمل کیجیے۔

آیا ہے بہار کا زمانہ
کلیاں کیا کیا چٹک رہی ہیں
چڑیاں گاتی ہیں گیت پیارے
گویا جنت کا در کھلا ہے

نیچے لکھے ہوئے لفظوں کو اپنے جملوں میں استعمال کیجیے۔

نکھار بہار کی آمد سے ہر سو نکھار آیا۔
چٹک پھولوں کی کلیاں چٹک رہی تھیں۔
مہک پورا گھر پھولوں کی خوشبو سے مہک رہا تھا۔
ہر سو باغ میں ہر سو بہار کے رنگ بکھرے ہوئے تھے۔
دلکشی چاندنی رات باغ کی دلکشی میں اضافہ کر رہی تھی۔
چاندنی چاند کی چاندنی اندھیری رات کو روشن بنا رہی تھی۔
امنگ اس میں جینے کی امنگ جاگ اٹھی۔

مصرعوں کو صحیح ترتیب سے لکھ کر شعر مکمل کیجیے۔

آیا ہے بہار کا زمانہ
گویا جنت کا در کھلا ہے
ہر دل میں امنگ کس قدر ہے
باغوں کے نکھار کا زمانہ
کتنی راحت فزا ہوا ہے
سب پر ہی بہار کا اثر ہے

صحیح ترتیب

آیا ہے بہار کا زمانہ
باغوں کے نکھار کا زمانہ
ہر دل میں امنگ کس قدر ہے
سب پر ہی بہار کا اثر ہے
کتنی راحت فزا ہوا ہے
گویا جنت کا در کھلا ہے

عملی کام:، اس نظم کے ان اشعار کا مفہوم لکھیے جو آپ کو پسند ہوں۔

کتنی راحت فزا ہوا ہے
گویا جنت کا در کھلا ہے

اس شعر میں شاعر بہار کو نہاث خوبصورت کہتے ہوئے بیان کرتا ہے کہ بہار کا نظارہ اس قدر خوشی کو بڑھانے والا ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے گویا جنت کا کوئی دروازہ کھول دیا گیا ہو۔یعنی سب کچھ بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

کلیاں کیا کیا چٹک رہی ہیں
ساری روشیں مہک رہی ہیں

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بہار کی آمد کے ساتھ ہی باغ میں موجود پھولوں کی کلیاں چٹک چٹک کر کھلنے لگ گئیں۔ان کلیوں کے کھلنے سے باغ میں موجود تمام کیاریوں کا راستہ خوبصورت اور دلکش نظارے پیش کرنے لگا۔

اپنے پسندیدہ موسم پر پانچ جملے لکھیے۔

  • میرا پسندیدہ موسم “موسم سرما” ہے۔
  • موسم سرما میں گرمی کی پر یشانی نہیں ستاتی ہے۔
  • موسم سرما میں مونگ پھلی اور مالٹے کھانے کا لطف آتا ہے۔
  • موسم سرما میں کیڑے مکوڑوں اور مکھی مچھروں سے نجات ملتی ہے۔
  • موسم سرما میں گرم دھوپ بہت بھلی معلوم ہوتی ہے۔
  • موسم سرما میں شدید ٹھنڈ بھی ایک الگ طرح کے لطف سے دوچار کرتی ہے۔