نالندہ

0

ہندوستان میں تقریباً ڈیڑھ ہزار سال پہلے اعلی تعلیم کے تین خاص مرکز تھے۔ تکشلا ،نالندہ ،اور وکرم شلا۔انھیں “مہاوہار ” بھی کہا جاتا ہے۔ دور دراز سے طالب علم ان مراکز میں پڑھنے آیا کرتے تھے۔یہاں بدھ مذہب اور فلسفے کی تعلیم پر اہم کام کیا جاتا تھا۔ان تینوں مراکز میں نالندہ سب سے زیادہ عرصے تک قائم رہا۔ اس میں چین کے مشہور سیاح ہیونگ سانگ نے تعلیم حاصل کی۔ یہ یونیورسٹی تقریبا 450 کے آس پاس قائم کی گئی۔ نویں صدی تک اس یونیورسٹی نے بہت مقبولیت حاصل کر لی تھی۔

پال راجاؤں نے اس کی ترقی میں سب سے اہم رول ادا کیا۔ ایک اور مشہور سیاح اتسنگ نے بھی یہیں سے تعلیم حاصل کی اور اس وقت یونیورسٹی میں 8500 طالب علم اور 1510 اساتذہ موجود تھے اور تعلیم کے اٹھارہ شعبے تھے۔ اس یونیورسٹی میں تعلیم اور کھانا پینا سب مفت تھا۔ یہ یونیورسٹی ایک میل لمبی اور آدھا میل چوڑی تھی۔ اس میں آٹھ بڑے ہال، 300 چھوٹے چھوٹے کلاس روم،تین لیباریٹریاں تھیں۔

نالندہ کے مشرق و مغرب میں دو صدر دروازے تھے اور ان دروازوں پر تصویریں بنی ہوئی تھیں۔اساتذہ اور شاگرردوں کے درمیان گہرا رشتہ ہوتا تھا۔ تعلیم کا بنیادی موضوع بدھ مذہب کا مہایانی فلسفہ تھا۔ تعلیم سے فراغت کے بعد طالب علموں کو ایک سند بھی دی جاتی تھی جس پر یونیورسٹی کی مہر ہوتی تھی۔پٹنہ سے 90 کلومیٹر کی دوری پر جنوب مشرق میں نالندہ کے کھنڈر آج بھی موجود ہیں۔ دنیا بھر کے سیاح آج بھی ان قدیم آثار کو دیکھنے آتے ہیں۔

سوچیے اور بتائیے۔

سوال: پرانے زمانے کی تین بڑی یونیورسٹیوں کے نام لکھیے۔

جواب: پرانے زمانے کی تین بڑی یونیورسٹیوں کے نام تکشلا ،نالندہ اور وکرم شلا ہیں۔

سوال: کن راجاؤں نے نالندہ کی ترقی میں خاص کام کیے ؟

جواب: پال راجاؤں نے نالندہ کی ترقی میں خاص کام کیے۔

سوال: نالندہ میں تعلیم حاصل کرنے والے مشہور چینی سیاحوں کے نام لکھیے۔

جواب: نالندہ میں تعلیم حاصل کرنے والے مشہور چینی سیاحوں میں ہیونگ سانگ،اتسنگ کے نام قابل ذکر ہیں۔

سوال: نالندہ میں کتنے طالب علم پڑھتے تھے ؟

جواب: نالندہ میں تقریباً 8500 طالب علم پڑھتے تھے۔

سوال: نالندی میں استادوں کی تعداد کیا تھی؟

جواب: نالندہ میں استادوں کی تعداد 1510 تھی۔

خالی جگہوں کو دیے گئے لفظوں سے بھریے۔

  • 1: ہندوستان میں اعلی تعلیم کے (تین) خاص مراکز تھے۔
  • 2: نالندہ یونیورسٹی 450 کے آس پاس قائم کی گئی۔
  • 3:مہاتما بدھ نے راج گیر کی پہاڑیوں کو اپنی عبادت اور ریاضت کا مرکز بنایا تھا۔
  • 4: کھدائی کے دوران کتابوں کی الماری اور پتھر کی چوکی بھی ملی ہے۔
  • 5۔ یہاں تعلیم کے اٹھارہ شعبے قائم تھے۔

نیچے دیے ہوئے لفظوں کے متضاد لکھیے۔

مشہور گمنام
مشرق مغرب
ماضی حال
پرانا نیا
اونچی نیچی

نیچے دیے ہوئے لفظوں کے ہم معنی الفاظ لکھیے۔

اعلی ارفع
شہرت مقبولیت
لیاقت صلاحیت
عبادت ریاضت
ملک وطن