سبق دو گز زمین کا خلاصہ، سوالات و جوابات

0

سبق نمبر02: ترجمہ
مصنف کا نام:لیو ٹالسٹائی
سبق کا نام:دوگز زمین

سبق دو گز زمین کا خلاصہ

یہ سبق “دوگز زمین” روسی مصنف “لیو ٹالسٹائی” کی کہانی کا ترجمہ ہے۔ اس کہانی میں ایک نچوم کے کردار کو پیش کیا گیا ہے۔یہ نچوم روس کے ایک گاؤں میں رہنے والا کسان تھا۔ اس کی ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ وہ اتنی بڑی زمین کا مالک ہو کہ کوئی اس کی برابری نہ کر سکے۔

اس نے اپنے گاؤں میں ہی بوڑھی عورت سے کچھ زمین اس شرط پر خرید لی کہ کچھ عرصہ بعد وہ اس کو رقم کی ادائیگی کر دے گا۔اس سے بھی نچوم کے دل کو اطمینان نہ ہوا تو اسے ایک مسافر کے ذریعے یہ معلوم ہوا کہ قریب ہی ایک گاؤں میں لوگوں کو مفت زمین دی جا رہی ہے تو نچوم اپنا سب کچھ بیچ اس گاؤں جا پہنچا۔وہاں یہ سرکار کی طرف سے ملنے والی زمین کے علاوہ خرید کر ایک اور بڑی زمین کا مالک بھی بن گیا۔

کچھ عرصہ بعد ایک تاجر کے ذریعے نچوم کو معلوم ہوا کہ باشکروں کے علاقے میں زمین کی بہتات ہے اور وہ بہت سستی بھی ہے۔ وہاں کے لوگ سیدھے سادھے ہیں اس لیے ان کے لیے تحفے لے جاؤ وہ خوش ہو جائیں گے۔ یہ سن کر نچوم کچھ تحائف لے کر باشکروں کے ہاں جا پہنچا۔باشکر یہ تحائف پا کر بہت خوش ہوئے۔

باشکروں کے سردار نے زمین فروخت کی یہ شرط رکھی کہ ایک ہزار روبل کے عوض صبح سورج طلوع ہونے سے لے کر سورج غروب ہونے تک جتنی جگہ کے گرد وہ چکر لگا لے گا وہ جگہ اس کی ملکیت ہو جائے گی۔ مگر اس میں شرط یہ تھی کہ جس جگہ سے وہ سفر کا آغاز کرے گا سورج ڈھلنے سے پہلے ہی اس کو اسی جگہ پر واپس پہنچنا لازمی ہو گا۔نچوم یہ سن کر بہت خوش ہوا اور اس نے اگلے دن صبح سویرے اس سفر کا آغاز کیا۔

نچوم نے سوچا کہ آدھے دن کے بعد وہ اپنا رخ پلٹے گا اور واپسی کا سفر باندھ لے گا۔نچوم نے جب چلنا شروع کیا تو جیسے جیسے وہ آگے بڑھتا جا رہا تھا زیادہ زرخیز زمین اس کے قدموں تلے آنے لگی جس کی وجہ سے اس کا لالچ بڑھتا جا رہا تھا اور آگے ہی آگے بڑھنے کی چاہ میں وہ بہت دور نکل گیا اور مقررہ وقت پر واپس نہ پلٹ سکا۔

زیادہ پا لینے کی حرص نے نچوم کی جان لے لی۔ جب وہ زیادہ زمین پانے کے چکر میں ایک طویل چکر کاٹ کر واپس پلٹا تو اس کی حالت اتنی غیر ہو چکی تھی کہ اس کے پاؤں میں چھالے پڑ گئے اور دل کی دھڑکن تیز ہوگئی جبکہ وہ بے سدھ ہو کر گر پڑا۔نچوم کی اس لالچ نے اس کی جان لے لی اور جس جگہ وہ گرا وہیں پر دو گز زمین کھود کر اس نچوم کو دفنا دیا گیا۔

سوچییے اور بتایئے:

سوال نمبر01:نچوم کی کیا خواہش تھی؟

نچوم کی خواہش تھی کہ وہ بہت بڑی زمین کا مالک ہو۔

سوال نمبر02:تاجر نے نچوم کو کیا مشورہ دیا؟

تاجر نے نچوم کو مشورہ دیا کہ باشکروں کے علاقے میں زمین کی بہتات ہے اور وہ بہت سستی بھی ہے۔ وہاں کے لوگ سیدھے سادھے ہیں اس لیے ان کے لیے تحفے لے جاؤ وہ خوش ہو جائیں گے۔

سوال نمبر03:باشکروں کے سردار نے زمین فروخت کرنے کی کیا شرط رکھی؟

باشکروں کے سردار نے زمین فروخت کی یہ شرط رکھی کہ ایک ہزار روبل کے عوض صبح سورج طلوع ہونے سے لے کر سورج غروب ہونے تک جتنی جگہ کے گرد وہ چکر لگا لے گا وہ جگہ اس کی ملکیت ہو جائے گی۔ مگر اس میں شرط یہ تھی کہ جس جگہ سے وہ سفر کا آغاز کرے گا سورج ڈھلنے سے پہلے ہی اس کو اسی جگہ پر واپس پہنچنا لازمی ہو گا۔

سوال نمبر04:نچوم شرط کے مطابق وقت پرواپس کیوں نہیں پہنچ سکا؟

نچوم شرط کے مطابق اس لیے واپس نہ پہنچ سکا کہ جیسے جیسے وہ آگے بڑھتا جا رہا تھا زیادہ ذرخیز زمین اس کے قدموں تلے آنے لگی جس کی وجہ سے اس کا لالچ بڑھتا جا رہا تھا اور آگے ہی آگے بڑھنے کی چاہ میں وہ بہت دور نکل گیا اور مقررہ وقت پر واپس نہ پلٹ سکا۔

سوال نمبر05:نچوم کا کیا انجام ہوا؟

زیادہ پا لینے کی حرص نے نچوم کی جان لے لی۔ جب وہ زیادہ زمین پانے کے چکر میں ایک طویل چکر کاٹ کر واپس پلٹا تو اس کی حالت اتنی غیر ہو چکی تھی کہ اس کے پاؤں میں چھالے پڑ گئے اور دل کی دھڑکن تیز ہوگئی جبکہ وہ بے سدھ ہو کر گر پڑا۔

سوال نمبر06:دوگز زمین سے کیا مراد ہے؟

دو گز زمین سے مراد زمین کا وہ ٹکڑا یا حصہ ہے جو ایک انسان کو دفن ہونے کے لیے درکار ہوتا ہے۔ اس دنیا میں اگر کسی انسان نے کچھ پانا ہے تو وہ محض دوگز زمین ہی ہوگی جس میں اس کو دفن کیا جائے گا۔