Apni Zaban Urdu Book Class 8 Solutions | سبق نمبر01:نظم ماں کا خواب کی تشریح

0
  • کتاب”اپنی زبان”برائے آٹھویں جماعت
  • سبق نمبر01:نظم

نظم ماں کا خواب کی تشریح:

میں سوئی جو اک شب تو دیکھا یہ خواب
بڑھا اور جس سے مرا اضطراب

یہ شعر علامہ محمد اقبال کی نظم ماں کا خواب سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ ایک ماں اپنے بیٹے کی حالتِ زار بیان کرتی ہے جو مناظر اس نے خواب میں دیکھے۔ وہ کہتی ہے کہ ایک رات میں سوئی تو میں نے خواب میں ایک عجیب و غریب منظر دیکھا یہ ایسا منظر تھا کہ جس سے میری بے چینی میں مزید اضافہ ہوا۔

یہ دیکھا کہ میں جا رہی ہوں کہیں
اندھیرا ہے اور راہ ملتی نہیں

شاعر اس شعر میں کہتا ہے کہ اس خواب میں منظر کچھ یوں تھا کہ میں نے دیکھا کہ میں کہیں جارہی ہوں اور اس راستے پر خوب اندھیرا ہے اور اندھیرے کی وجہ سے کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا ہے اور نہ کوئی منزل ملتی ہے۔

لرزتا تھا ڈر سے مرا بال بال
قدم کا تھا دہشت سے اٹھنا محال

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ اندھیرے کی اس شدت اور خوف کی وجہ سے نہ صرف میرا دل لرز رہا تھا بلکہ مارے خوف کہ میرا بال بال لرز رہا تھا اور رواں رواں کھڑا تھا۔ خوف اور دہشت کی شدت کی وجہ سے میرا ایک قدم بھی آگے نہیں اٹھ رہا تھا۔

جو کچھ حوصلہ پا کے آگے بڑھی
تو دیکھا قطار ایک لڑکوں کی تھی

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بچے کی ماں یہ کہتی ہے کہ اس اندھیرے اور خوف کی وجہ سے میں جس خوف میں مبتلا ہوچکی تھی اپنے اس خوف پر میں قابو پاتے ہوئے کچھ حوصلہ پا کر آگے بڑھی۔ جب حوصلہ کر کہ آگی بڑھی تو کیا دیکھا کہ لڑکوں کی ایک قطار کھڑی تھی۔

زمرد سی پوشاک پہنے ہوئے
دیے سب کے ہاتھوں میں جلتے ہوئے

والدہ جب خوف پر قابو پا کر اگے بڑھی تو کہتی ہے کہ قطار میں کھڑے لڑکوں کو جو دیکھا تو ان سب نے ایک ہی طرح کی زمرد(سبز) رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور ان سب کے ہاتھوں میں دیے موجود تھے۔ یہ دیے روشن تھے۔

وہ چپ چاپ تھے آگے پیچھے رواں
خدا جانے جانا تھا ان کو کہاں

بچے کی ماں نے ہاتھوں میں روشن دیے لیے جن بچوں کو دیکھا وہ بچے ہاتھوں میں دیے لیے چپ چاپ آگے پیچھے رواں دواں تھے اور کسی کو معلوم نہیں تھا کہ وہ بچے کہاں اور کیوں جا رہے ہیں۔

اسی سوچ میں تھی کہ میرا پسر
مجھے اس جماعت میں آیا نظر

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بچے کی ماں اس سوچ میں ڈوبی ہوئی تھی کہ نجانے یہ بچے کون ہیں اور کہاں جارہے ہیں کہ اسی دوران ان بچوں کے درمیان اس ماں کو اپنا بیٹا بھی دکھائی دیا۔

وہ پیچھے تھا اور تیز چلتا نہ تھا
دیا اس کے ہاتھوں میں جلتا نہ تھا

ماں کہتی ہے کہ جب اس نے ان لڑکوں کی قطار میں اپنے بیٹے کو دیکھا تو وہ کیا دیکھتی ہے کہ اس کا بیٹا اس قطار میں سب سے پیچھے تھا اور وہ باقی لڑکوں کی طرح تیز رفتاری سے چلتا بھی نہیں تھا۔ اس کے ہاتھ میں بھی دیا موجود تھا مگر یہ دیا بجھا ہوا تھا اور جل نہیں رہا تھا۔

کہا میں نے پہچان کر میری جاں
مجھے چھوڑ کر آ گئے تم کہاں

ماں کہتی ہے کہ ان لڑکوں کی قطار میں میں نے اپنے بیٹے کو پہچان کر اسے میری جان کہہ کر مخاطب کیا اور اس پوچھا کہ وہ مجھے چھوڑ کر یہاں کیوں چلا آیا؟

جدائی میں رہتی ہوں میں بے قرار
پروتی ہوں ہر روز اشکوں کے ہار

اس شعر میں ماں کہتی ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی جدائی کا قرب اس کے سامنے بیان کیا کہ تمھاری جدائی میں میں بے قرار و بے چین رہتی ہوں اور تمھاری جدائی میں رو رو کر میں اشکوں کے ہار پروتی ہوں۔

نہ پروا ہماری ذرا تم نے کی
گئے چھوڑ اچھی وفا تم نے کی

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ ماں اپنے بچےسے کہتی ہے کہ تم نے ہماری ذرا بھی پروا کیے بغیر ہمیں چھوڑ دیا اور تم نے ہم سے وفاداری کا یہ ثبوت دیا کہ ہمیں اپنی جدائی کا غم دے دیا۔

جو بچے نے دیکھا مرا پیچ و تاب
دیا اس نے منہ پھیر کر یوں جواب

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ ماں یہ بتلاتی ہے کہ جب بچے نے ماں کی بے چینی اور بے بسی دیکھی تو اس نے ماں کی جانب اپنا منھ پھیر کر اور پلٹ کر اپنی ماں کو کچھ یوں جواب دیا۔

رلاتی ہے تجھ کو جدائی مری
نہیں اس میں کچھ بھی بھلائی مری

اس شعر میں شاعر کہتا ہے کہ بچہ اب اپنی ماں کو مخاطب کرکے کہتا ہے کہ اے ماں تمھیں تو میری جدائی رلاتی ہے مگر میری جدائی میں تمھارا میرے لیے رونا میرے لیے باعث بھلائی نہیں ہے۔

یہ کہہ کر وہ کچھ دیر تک چپ رہا
دیا پھر دکھا کر یہ کہنے لگا

بچہ ماں کو اپنی کیفیت بتاتے ہوئے کچھ دیر کے لیے چپ رہا اور دوبارہ ماں کو اپنے ہاتھ میں موجود دیا دکھا کر یہ کہنے لگا کہ
سمجھتی ہے تو ہو گیا کیا اسے؟
ترے آنسوؤں نے بجھایا اسے!
بچہ ماں کو ہاتھ میں موجود دیا دکھا کر کہنے لگا کہ سب لوگوں کے ہاتھوں میں موجود دیے روشن جبکہ میرا دیا بجھا ہوا ہے اور تمھیں معلوم ہے کہ اس دیے کو کیا ہوا ہے؟ یہ دیا کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ تمھارے آنسوؤں کی وجہ سے بجھا ہے۔

سوچیے اور بتایئے:

خواب میں ماں نے اپنے آپ کو کس حال میں دیکھا؟

خواب میں ماں نے خود کو ایک اندھیری رات میں دیکھا کہ اس خواب میں منظر کچھ یوں تھا کہ ماں نے دیکھا کہ میں کہیں جارہی ہوں اور اس راستے پر خوب اندھیرا ہے اور اندھیرے کی وجہ سے کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا ہے اور نہ کوئی منزل ملتی ہے۔ اور مارے خوف کہ اس کا رواں رواں کانپ رہا تھا۔

ماں نے آگے بڑھ کر کیا دیکھا؟

ماں نے آگے بڑھ کر دیکھا کہ وہاں لڑکوں کی ایک قطار کھڑی ہے۔ جن کی پوشاک زمرد اور ہاتھ میں دیے روشن ہیں۔

ماں نے اپنے بیٹے کو کس حال میں پایا؟

ماں نے اپنے بیٹے کو ایک قطار میں جاتے ہوئے دیکھا وہ اس قطار میں سب سے پیچھے تھا اور اس کے ہاتھ میں موجود دیا بھی روشن نہ تھا۔

ماں کی بے قراری کا سبب کیا ہے؟

بیٹے سے جدائی ماں کی بے قراری کا سبب ہے۔

لڑکے کے ہاتھ میں دیا کیوں نہیں جل رہا تھا؟

لڑکے کے ہاتھ میں موجود دیا اس کی ماں کے آنسوؤں کی وجہ سے نہیں جل رہا تھا۔

مصرعے مکمل کیجیے:

میں سوئی جو اک شب تو دیکھا یہ خواب
بڑھا اور جس سے مرا اضطراب
سمجھتی ہے تو ہو گیا کیا اسے؟
ترے آنسوؤں نے بجھایا اسے!

نیچے لکھے ہوئے لفظوں کو اپنے جملوں میں استعمال کیجیے۔

اضطراب جوں جوں نتیجے کا وقت قریب آ رہا تھا طالب علموں کا اضطراب بڑھنے لگا۔
محال مہنگائی کی بڑھتی شرح نے انسان کا جینا محاک کر رکھا ہے
اجل اجل ہمیشہ انسان کے تعاقب میں رہتی ہے۔
پیچ و تاب علی کی بے جا نا انصافیوں پر احمد پیچ و تاب کھا کر رہ گیا۔

ان لفظوں کے متضاد لکھیے:

الفاظ متضاد
وفا بے وفائی
بھلائی برائی
جدائی ملن
بر قرار ختم
دور پاس
جواب سوال

عملی کام: نظم ماں کا خواب کا خلاصہ اپنے الفاظ میں لکھیے۔

اس نظم کے شاعر علامہ محمد اقبال ہیں۔علامہ اقبال اپنی نظم ماں کا خواب میں ایک ماں کے خواب کو بیان کرے ہیں کہ ایک ماں اپنا خواب یوں بتاتی ہے کہ اس نے خواب میں ایک اندھیری رات کا منظر دیکھا یہ اتنی خوفناک رات تھی کہ مارے خوف کہ اس کا رواں رواں کھڑا ہو رہا تھا۔ اسی دوران اس نے زمرد پو شاک پہنے لڑکوں کی قطار دیکھی جس میں اسے اپنا بیٹا بھی دکھائی دیا۔ ان لڑکوں کے ہاتھوں میں روشن دیے موجود تھے۔ اپنے بیٹے کو دیکھ کر ماں اپنا ضبط کھو بیٹھتی ہے اور اپنے بیٹے سے کہتی ہے کہ وہ اسے چھوڑ کر کیوں چلا آیا اور اس سے بے وفائی کیوں کی۔ بیٹا ماں کو کہتا ہے کہ اے ماں تمھیں تو میری جدائی رلاتی ہے مگر میری جدائی میں تمھارا میرے لیے رونا میرے لیے باعث بھلائی نہیں ہے۔ تمھارے ان آنسوؤں کی وجہ سے میرے ہاتھ میں موجود دیا روشن نہیں ہے اور میں سب سے پیچھے رہ گیا ہوں۔ یوں اقبال نے ایک خواب کے ذریعے یہ سبق دیا کہ ماں اگر اولاد کا حوصلہ پست کرے تو بچوں کو آگے بڑھنے میں تکلیف ہوتی ہے۔

پڑھیے سمجھیے اور لکھیے۔

ماننے والا، بنانے والا، دیکھنے والا
یہ الفاظ کسی کام کرنے والے کو ظاہر کرتے ہیں۔ انھیں اسم فاعل کہتے ہیں۔ پانچ اسم فاعل ” والا ” کے ساتھ بنائیے۔

کھانے والا
پکانے والا
پڑھانے والا
کھلونے والا
سننے والا