عورتوں کی نماز کا طریقہ

0

تکبیر تحریمہ

جب نماز پڑھنے کا ارادہ کریں تو پہلے اپنا بدن حدث اکبر اور حدث اصغر اور ظاہری ناپاکی سے پاک کر لیں اور پاک کپڑے پہن کر پاک جگہ پر قبلہ رخ یعنی کعبہ کی طرف رخ کرکے کھڑی ہو جائیں اور صاف ستھری جگہ پر جاے نماز بچھا کر جو نماز بھی آپ پڑھنا چاہتی ہوں اس کی نیت کر کے دونوں ہاتھ کندھوں تک اوپر اٹھایئے، مگر ہاتھ دوپٹے کے آنچل سے باہر نہ نکالیں۔ ہتھیلیاں قبلہ کی طرف کر لیجئے۔ اب آہستہ سے تکبیر اللہ اکبر کہتے ہوئے دونوں ہاتھ سینے پر اس طرح باندھ لیجئے کہ دائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رکھیں، نگاہ سجدہ کی جگہ پر رکھئے اور ثناء پڑھیے۔

قیام

ثناء کے بعد تعوذ اور تسمیہ پڑھیے اور اس کے بعد سورہ فاتحہ پڑھیں، اس حالت کو قیام کہتے ہیں۔ سورہ فاتحہ کے بعد جو سورہ یاد ہو وہ پڑھیں۔

رکوع

اب اللہ اکبر کہہ کر رکوع کیجئے یعنی جھک جایے۔ ہاتھ کی انگلیوں کو ملا کر دونوں گھٹنوں پر مضبوطی سے رکھ دیجیے۔ دونوں باہنیں بغلوں سے خوب ملا کر رکھیے اور دونوں پیروں کے ٹخنوں کو بھی ملا دیجیے۔ رکوع میں نگاہ اپنے قدموں پر رکھیے۔ کمر زمین کے متوازی رہنی چاہیے اور کم سے کم تین مرتبہ کہیے۔”سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيْمِ”

قومہ

اس کے بعد ایک مرتبہ “سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهْ” کہتی ہوئی کھڑی ہو جائیے اور ایک مرتبہ کہیے “رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ” اس حالت میں کھڑے رہنے کو قومہ کہتے ہیں۔

سجدہ

اب اس کے بعد پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی سجدہ میں چلی جائیں اور کم سے کم تین مرتبہ کہیے۔” سُبْحَانَ رَبِّيَ الْاَعْلىٰ”۔ سجدہ میں جاتے وقت پہلے گھٹنا،پھر دونوں ہاتھ زمین پر رکھیں اور انگلیوں کو خوب ملا لیجئے۔ دونوں ہاتھوں کے بیچ پہلے ناک پھر پیشانی زمین پر رکھ دیجیے، دونوں پاؤں کو داہنی طرف نکال دیجیے اور خوب سمٹ کر اس طرح سجدہ کیجیئے کہ پیٹ اور ران دونوں مل جائیں اور بانہہ کو بھی پہلو کی پسلیوں سے ملا لیجئے۔ سجدہ میں نگاہ اپنی ناک پر رکھیں۔

جلسہ

پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی اٹھ کر بائیں کولھے پر بیٹھ جائیں اور دونوں پاؤں کو داہنی طرف باہر نکال دیجئے ، دونوں ہاتھ رانوں پر رکھ لیجئے اور انگلیوں کو خوب ملا لیجئے، دو سجدوں کے درمیان بیٹھنے کو جلسہ کہتے ہیں۔

اب پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی اسی طرح دوسرا سجدہ کیجئے اور کم سے کم تین مرتبہ “سُبْحَانَ رَبِّيَ الْاَعْلىٰ” کہیے، اور پھر اللہ اکبر کہتی ہوئی سیدھی کھڑی ہو جایئے۔ اٹھتے وقت زمین پر ہاتھ ٹیک کر نہ اٹھیے۔ یہ ایک رکعت نماز پوری ہوئی۔ اسی طرح دوسری رکعت بھی پڑھیے مگر ثنا اور أعوذ باللہ مت پڑھیے، بلکہ بسم اللہ کہہ کر پوری سورہ فاتحہ اور کوئی دوسری سورہ یا قرآن پاک کی کچھ آیتیں پڑھیے۔ باقی سب کچھ پہلی رکعت کی طرح پڑھیے۔

قعدہ

دوسری رکعت کا آخری سجدہ کر لینے کے بعد جلسہ میں بیٹھنے کا جو طریقہ بتایا گیا ہے اسی طرح بیٹھ جائیے،بیٹھنے کی حالت میں نگاہ اپنی گود پر رکھیں اور التحیات پڑھیں۔اس حالت کو قعدہ کہتے ہیں۔التحیات پڑھتے وقت جب “اَشھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ” پر پہنچیں تو سیدھے ہاتھ کی کنارے کی دو انگلیوں کو موڑ کر بیچ کی انگلی اور انگوٹھے کا کنارہ ملا لیجئے اور” لَا اِلٰہَ” کہتے وقت شہادت کی انگلی کو اوپر اٹھایئے اور “اِلَّااللہُ” کہتے وقت جھکا دیجیے۔ اور اگر دو ہی رکعت والی نماز ہے تو التحیات کے بعد درود شریف پڑھیں۔ درود شریف پڑھنے کے بعد دعاءے ماثورہ پڑھیے۔

سلام

اس کے بعد پہلے داہنی طرف پھر بائیں طرف اس طرح سلام کیجئے۔ اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَتہُ اللہِ۔ دونوں طرف سلام کرتے وقت یہ خیال کر لیجئے کہ میں فرشتوں کو سلام کر رہی ہوں، اب ہاتھ اٹھا کر جو آپ کا جی چاہے اللہ سے دعا مانگیں اور دونوں ہاتھ کو منہ پر پھیر لیجئے۔ یہ دو رکعت والی نماز کی ترکیب تھی۔ اگر تین یا چار رکعت والی نماز ہے تو دوسری رکعت میں درود شریف نہ پڑھیں التحیات پڑھ کر فوراً کھڑی ہو جائیں اور باقی دو رکعت بھی اسی طرح پوری کر لیجئے۔

یاد رکھیں کہ فرض نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد دوسری کوئی سورت نہیں پڑھی جاتی ہے،صرف سورہ فاتحہ پڑھ کر رکوع اور سجدہ کر لیجئے اور آخری رکعت کے سجدوں کے بعد بیٹھ کر پھر التحیات پڑھیے اور اس کے بعد درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دیجیے۔

مسئلہ:

اگر نماز پڑھتے وقت چوتھائی پنڈلی یا چوتھائی ران چوتھائی بانہہ کھل جائےاور اتنی دیر کھلی رہے جتنی دیر میں تین بار *سبحان اللہ* کہہ سکے تو نماز جاتی رہے گی،پھر سے نماز پڑھیں اور اگر اتنی دیر نہیں لگی بلکہ کھلتے ہی ڈھک لیا تو نماز ہو جائیگی۔ اسی طرح جتنے بدن کا ڈھانکنا واجب ہے اس میں سے جب کوئی چوتھائی عضو کھل جائے گا تو نماز نہ ہوگی،جیسے ایک کان کا چوتھائی یا چوتھائی سر یا چوتھائی بال یا چوتھائی پیٹ یا چوتھائی گردن، چوتھائی سینہ،چوتھائی چھاتی وغیرہ کھل جانے سے نماز نہ ہوگی *(بشرطیکہ تین بار سبحان اللہ کہنے کے بقدر یا اس سے زیادہ دیر تک چوتھائی حصہ کھلا رہے)

مسئلہ:

عورتوں پر نماز جمعہ فرض نہیں ہے وہ اپنے گھر میں اس روز بھی ظہر کی نماز پڑھیں،لیکن اگر کوئی عورت نماز جمعہ کے لئے چلی گئی اور امام کے پیچھے نماز جمعہ دو رکعت پڑھ لیں تو ادا ہو جائے گی اور پھر اس وقت نماز ظہر نہ پڑھے۔

مسئلہ:

کسی بھی نماز کے لیے شریعت میں کوئی سورہ اسطرح مقرر نہیں ہے کہ اس سورہ کے بغیر نماز ہی نہ ہو گی،لہذا کسی نماز کے لیے خود کوئی سورہ اس طرح مقرر کر لینا کہ اس کے سوا کوئی دوسری سورہ نہ پڑھے یہ مکروہ ہے البتہ سورہ *الحمد* ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے-