مردوں کی نماز کا طریقہ

0

تکبیر تحریمہ

جب نماز پڑھنے کا ارادہ کریں تو پہلے اپنا بدن حدث اکبر اور حدث اصغر اور ظاہری ناپاکی سے پاک کر لیں اور پاک کپڑے پہن کر پاک جگہ پر قبلہ کی طرف منھ کر کے اس طرح کھڑے ہوں کہ دونوں قدموں کے درمیان چار انگلیوں یا اس کے قریب قریب فاصلہ رہے۔ پھر جو نماز پڑھنی ہے اس کی نیت دل سے کریں مثلاً یہ کہ فجر کی نماز فرض خدا کے واسطے پڑھتا ہوں اور زبان سے بھی کہہ لیں تو اچھا ہے پھر دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھایئے ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور انگلیاں قبلہ رخ رہیں۔ اور انگوٹھے کانوں کی لو کے مقابل ہوں اور انگلیاں کھلی کھلی رہیں۔ اس وقت اللہ اکبر کہہ کر دونوں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لیجئے۔سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پشت پر رہے اور انگوٹھے اور چھنگلیوں سے حلقے کے طور پر گٹے کو پکڑ لیں اور باقی تین انگلیاں کلائی پر رہیں۔ اور نظر سجدہ کی جگہ پر رہے۔

قیام

ہاتھ باندھ کر آہستہ آہستہ ثناء پڑھیں پھر تعوذ اور تسمیہ پڑھ کر سورہ فاتحہ پڑھیں جب سورہ فاتحہ ختم کر لیں تو آہستہ سے آمین کہیں پھر کوئی سورت یا کوئی بڑی ایک آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھیں لیکں اگر امام کے پیچھے نماز پڑھ رہیں ہوں تو صرف ثناء پڑھ کر خاموش کھڑے رہیں تعوذ اور تسمیہ اور سورہ فاتحہ اور سورۃ کچھ نہ پڑھیں۔ قرأت صاف صاف اور صحیح صحیح پڑھیں جلدی نہ کریں۔

رکوع

پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں جائیں انگلیوں کو کھول کر ان سے گھٹنوں کو پکڑ لیں، پیٹھ کو ایسا سیدھا کر لیں کہ اگر اس پر پانی کا پیالہ رکھ دیا جائے تو ٹھیک رکھا رہے ، سرکو پیٹھ کی سیدھ میں رکھیں نہ اونچا کریں نہ نیچا۔ ہاتھ پسلیوں سے علیحدہ رکھیں اور پنڈلیاں سیدھی کھڑی رکھیں۔ پھر رکوع کی تسبیح تین مرتبہ یا پانچ مرتبہ پڑھیں۔

قومہ

پھر تسمیع کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جائیں۔ تحمید بھی پڑھ لیں ‌یعنی امام صرف تسمیع پڑھے اور مقتدی صرف تحمید پڑھے۔ اور منفرد تسمیع و تحمید دونوں پڑھے۔

سجدہ

پھر تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں جائیں، پہلے دونوں گھٹنے،پھر ہاتھ پھر ناک پھر پیشانی رکھیں، چہرہ دونوں ہتھیلیوں کے درمیان اور انگوٹھے کان کے مقابل رھیں۔ ہاتھوں کی انگلیاں ملی رکھیں تاکہ سب کے سرے قبلہ کی طرف رہیں۔ کہنیاں پسلیوں سے اور پیٹ رانوں سے علیحدہ رکھیں۔ کہنیاں زمین پر نہ بچھائیں اور سجدہ میں تین یا پانچ مرتبہ سجدہ کی تسبیح پڑھیں۔

جلسہ

پھر پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ اٹھا کر تکبیر کہتے ہوئے اٹھیں اور سیدھے بیٹھ جائیں پھر تکبیر کہہ کر دوسرا سجدہ کریں۔


پھر تکبیر کہتے ہوئے اٹھیں، اٹھنے میں پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ پھر گھٹنے اٹھا کر پنجوں کے بل سیدھے کھڑے ہو جائیں اور کھڑے ہو کر ہاتھ باندھ لیں۔ اور بسم اللہ، سورہ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھیں امام کے پیچھے ہوں تو کچھ نہ پڑھیں، خاموش کھڑے رہیں پھراسی قاعدہ سے رکوع، قومہ، سجدہ، جلسہ،دوسرا سجدہ کریں۔

قعدہ

دوسرے سجدے سے اٹھ کر بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھ جائیں ،سیدھا پاؤں کھڑا رکھیں، دونوں پاؤں کی انگلیوں کے سرے قبلہ کی طرف رہیں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھیں اور التحیات پڑھیں۔ جب “اَشھَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ” پر پہنچیں تو سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے اور بیج کی انگلی سے حلقہ باندھ لیں اور چھنگلیاں اور اس کے پاس والی انگلی کو بند کر لیں اور شہادت کی انگلی اٹھا کر اشارہ کریں” لَااِلٰہَ” پر انگلی اٹھائیں اور” اِلَّا اللہُ” پر جھکا دیں۔

سلام

تشہد ختم کر کے اگر دو رکعت والی نماز ہے تو درود شریف پڑھیں اس کے بعد دعا پڑھیں۔ پھر پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیریں۔ دائیں طرف سلام پھیرتے وقت دائیں طرف منھ پھیریں اور بائیں طرف سلام میں بائیں طرف منھ پھیریں۔ دائیں سلام میں دائیں طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی نیت کریں اور بائیں طرف کے سلام میں بائیں طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی نیت کریں اور جس طرف امام ہو اس طرف کے سلام میں امام کی بھی نیت کریں اور امام دونوں سلاموں میں مقتدیوں کی نیت کرے اور اگر تین یا چار رکعت والی نماز ہے تو تشہد کے بعد درود شریف نہ پڑھیں ، بلکہ تکبیر کہتے ہوئے کھڑے ہو جائیں اور اگر فرض نماز ہے تو تیسری اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ نہ ملائیں اور اگر واجب ،سنت،یا نفل ہو تو اسی قاعدہ سے پوری کر کے سلام پھیر دیں۔