سجدۂ تلاوت کا بیان

0

مسئلہ:1

قرآن مجید میں تلاوت کے سجدے چودہ ہیں۔ جہاں جہاں قرآن مجید کے کنارے پر لفظ *السجدہ* لکھا رہتا ہے اس آیت کو پڑھ کر سجدہ کرنا واجب ہو جاتا ہے اور اس سجدے کو سجدہ تلاوت کہتے ہیں۔

مسئلہ:2

سجدہ تلاوت کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ کھڑے ہو کر اللہ اکبر کہہ کر ایک بار سجدہ کرے اور اللہ اکبر کہتے وقت ہاتھ نہ اٹھائے،سجدہ میں کم سے کم تین مرتبہ سبحان ربی الاعلی کہے،پھر اللہ اکبر کہتے ہوئے سر اٹھا لے بس سجدہ تلاوت ادا ہو گیا۔

مسئلہ:3

بہتر یہی ہے کہ کھڑے ہوکر اول *اللہ اکبر* کہے پھر سجدے میں جائیں پھر اللہ اکبر کہکر اٹھ بیٹھے کھڑے نہ ہوں تب بھی درست ہے۔

مسئلہ:4

سجدے کی آیت کو جو شخص پڑھے اس پر بھی سجدہ کرنا واجب ہے اور جو سنے اس پر بھی سجدہ کرنا واجب ہو جاتا ہے چاہے قرآن شریف سننے کے قصد سے بیٹھے ہو یا کسی اور کام میں لگے ہو اور بغیر قصد کے سجدے کی آیت سن لی ہو اس کے لئے بہتر یہ ہے کہ قرآن پڑھنے والا مرد یا عورت سجدے کی آیت کو آہستہ سے پڑھے تاکہ کسی اور پر سجدہ واجب نہ ہو۔ اگر سننے والے نے ادائیگی نہ کی تو گنہگار ہوگا۔

مسئلہ:5

جو چیزیں نماز کیلئے شرط ہیں وہ سجدہ تلاوت کے لئے بھی شرط ہیں یعنی وضو کا ہونا، جگہ کا پاک ہونا، بدن اور کپڑے کا پاک ہونا، قبلےکی طرف سجدہ کرنا وغیرہ۔

مسئلہ:6

جس طرح نماز کا سجدہ کیا جاتا ہے اسی طرح سجدہ تلاوت بھی کرنا چاہیے۔

مسئلہ:7

اگر کسی کا وضو اس وقت نہ ہو تو پھر کسی وقت وضو کر کے سجدہ کرلے فوراً اسی وقت سجدہ کرنا ضروری نہیں ہے لیکن بہتر یہ ہے کہ اسی وقت وضو کر کے سجدہ کر لے کیوں کہ بھول جانے کا خطرہ ہے۔

مسئلہ:8

اگر کسی کے ذمہ بہت سے سجدے تلاوت کے باقی ہوں اب تک ادا نہ کے ہوں تو اب ادا کرلے عمر بھر میں کبھی نہ کبھی ضرور ادا کر لے زندگی بھر ادا نہ کیے تو ذمہ میں واجب رہ جائیں گے۔

مسئلہ:9

اگر حیض یا نفاس کی حالت میں کسی سے سجدہ کی آیت سن لی تو اس پر سجدہ واجب نہیں ہوا اور اگر ایسی حالت میں سنا جبکہ اس پر غسل واجب تھا تو نہانے کے بعد سجدہ کرنا واجب ہے۔

مسئلہ:10

اگر نماز میں سجدے کی آیت پڑھے تو آیت پڑھنے کے بعد فوراً نماز ہی میں سجدہ کرلے پھر سجدہ سے کھڑے ہوکر باقی سورہ پڑھکر رکوع میں جاے، اگر آیت سجدہ پڑھ کر فوراً سجدہ نہ کیا بلکہ دو یا تین آیتیں اور پڑھلیں تب سجدہ کیا تو یہ بھی درست ہے اور اگر اس سے زیادہ پڑھی گئیں پھر سجدہ کیا تو ادا ہوگیا لیکن گناہ ہوا۔

مسئلہ:11

اگر نماز میں سجدے کی آیت پڑھی اور نماز ہی میں سجدہ نہ کیا تو اب نماز کے بعد سجدہ کرنے سے ادا نہ ہوگا اب سواے توبہ واستغفار کے اور کوئی صورت معافی کی نہیں ہے۔

مسئلہ:12

نماز میں سجدے کی آیت پڑھ کر اگر فوراً رکوع میں چلے گئے اور رکوع میں یہ نیت کرے کہ میں سجدہ تلاوت کی طرف سے بھی یہی رکوع کرتا ہوں تب بھی وہ سجدہ ادا ہو جائے گا، اور اگر رکوع میں یہ نیت نہیں کی تو رکوع کے بعد سجدہ جب کرے گا تو اسی سجدہ سے سجدہ تلاوت ادا ہوجائے گا، سجدہ تلاوت کی نیت کرے یا نہ کرے بشرطیکہ سجدے کی آیت پڑھنے کے بعد تین آیات سے زیادہ قرآن نہ پڑھا ہو اور اس سے پہلے ہی رکوع اور سجدہ کر لیا ہو۔

مسئلہ:13

نماز پڑھنے میں کسی دوسرے سے سجدے کی آیت سنی تو نماز میں سجدہ نہ کرے بلکہ نماز کے بعد کرے۔ اگر نماز ہی میں یہ سجدہ کرے گا تو سجدہ ادا نہ ہوگا نماز کے بعد پھر کرنا پڑے گا۔

مسئلہ:14

ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے سجدہ کی ایک ہی آیت کو کئی بار پڑھا تو ایک ہی سجدہ واجب ہوگا چاہے آخر میں سجدہ کرے چاہے پہلی دفعہ پڑھ کے سجدہ کرے پھر اسی کو بار بار دہراتے رہے اور اگر جگہ بدل گئی تب اسی آیت کو دہرایا تیسری جگہ جا کر وہی آیت پڑھی اسی طرح برابر جگہ بدلتے رہے تو اس طرح جتنی دفعہ دہراتے رہے اتنی ہی دفعہ سجدہ واجب ہوگا۔

مسئلہ:15

اگر ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے سجدے کی کئی آیتیں پڑھیں تو بھی جتنی آیتیں پڑھے اتنے ہی سجدے کرے۔

مسئلہ:16

بیٹھے بیٹھے سجدے کی کوئی آیت پڑھ کر پھر اٹھ کھڑے ہوئے لیکن چلے پھرے نہیں جہاں بیٹھے تھے وہیں کھڑے کھڑے پھر وہی آیت دہرائی تو ایک ہی سجدہ واجب ہے۔

مسئلہ:17

ایک جگہ سجدے کی آیت پڑھی اور اٹھکر کسی کام کو چلے گئے پھر اسی جگہ آکر وہی آیت پڑہی تو دوسجدے کرے۔

مسئلہ:18

اگر نماز میں سجدے کی ایک ہی آیت کو کئی دفعہ پڑھے تب بھی ایک ہی سجدہ واجب ہے چاہے سب دفعہ پڑھ کے اخیر میں سجدہ کرے یا ایک دفعہ پڑھ کے سجدہ کرلیں پھر اسی رکعت یا دوسری رکعت میں وہی آیت پڑھے۔

مسئلہ:19

سجدے کی کوئی آیت پڑھی اور سجدہ نہیں کیا پھر اسی جگہ نیت باندھ لی اور وہی آیت پھر نماز میں پڑھی اور نماز میں سجدہ تلاوت کیا تو یہی سجدہ کافی ہے،دونوں سجدے اسی سے ادا ہو جائیں گے۔البتہ اگر جگہ بدل گئی ہو تو دوسرا سجدہ بھی واجب ہوگا اور اگر سجدے کی آیت پڑھ کر سجدہ کرلیا پھر اسی جگہ نماز کی نیت باندھ لی اور وہی آیت نماز میں دہرائی تو اب نماز میں دوبارہ سجدہ تلاوت کرے۔

مسئلہ:20

پڑھنے والے کی جگہ نہیں بدلی،ایک ہی جگہ بیٹھے بیٹھے ایک آیت کو بار بار پڑھتے رہے لیکن سننے والے کی جگہ بدل گئی کہ پہلی مرتبہ اور جگہ سنا تھا اوردوسری مرتبہ دوسری جگہ اور تیسری مرتبہ تیسری جگہ تو پڑھنے والے پر ایک ہی سجدہ واجب ہے اور سننے والے پر کئی سجدے واجب ہوں گے جتنی دفعہ سنے اتنے ہی سجدے کرے۔

مسئلہ:21

اگر سننے والے کی جگہ نہیں بدلی بلکہ پڑھنے والے کی جگہ بدل گئی تو پڑھنے والے پر کئی سجدے واجب ہوں گے اور سننے والے پر صرف ایک ہی سجدہ واجب ہوگا۔

مسئلہ:22

ساری سورت پڑھنا اور سجدے کی آیت کو چھوڑ دینا مکروہ اور منع ہے، سجدے سے بچنے کے لئے آیت سجدہ نہ چھوڑے،کیونکہ اس میں عملی طور پر گویا سجدے سے انکار ہے جو مومن کی شان کے خلاف ہے، اور اگر سجدے کی آیت پڑھے اور اس کے آگے پیچھے آیت نہ پڑھے تو یہ مکروہ نہیں ہے لیکن اس صورت میں بہتر یہ ہیکہ آیت سجدہ کے ساتھ اس کے آگے اور پیچھے سے ایک دو آیت اور ملا لے۔