انٹرنیٹ، خلاصہ ، سوالات و جوابات

0
  • سبق نمبر 14: مضمون
  • سبق کا نام: انٹرنیٹ

خلاصہ سبق: انٹرنیٹ

اس سبق میں انٹرنیٹ کے بے شمار فوائد اور ان تک رسائی کے طریقہ کار کو بیان کیا گیا ہے۔سائنس نے جس طرح ہمیں میڈیکل اور مشینوں وغیرہ میں سہولیات مہیا کی ہیں اسی طرح مواصلات کے نظام میں ٹیلی فون ، ٹیلی وژن ،موبائل اور انٹرنیٹ جیسی کئی سہولیات سائنس کی بدولت ہی مہیا کی گئی ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے وقت تیز رفتار مواصلاتی نظام کی ضرورت شدت سے محسوس کی گئی۔ سائنس دانوں نے اس نظام کی کھوج کمپیوٹر کی بدولت لگائی۔ جسے ہم انٹرنیٹ کہتے ہیں۔ انٹرنیٹ کمپیوٹر نیٹ ورک اور الیکٹرانک سلسلوں کا ایک مجموعہ ہے۔

ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں انٹرنیٹ کے ذریعے کسی سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔رابطے کا یہ ذریعہ ای میل ہے۔ای میل ٹیلی فون سے کئی گنا تیز رفتار،کم خرچ اور آسان رابطے کا ذریعہ ہے۔اس سہولت کو موبائل فون پر مہیا کیے جانے کے بعد زمینی انتظام جیسے کہ تار وغیرہ بچھانے کی ضرورت بھی باقی نہ رہی۔انٹرنیٹ کے لیے تین چیزوں موڈیم ، موبائل کنکشن اور انٹرنیٹ سروس مہیا کرنے والی تنظیم کی ضرورت ہوتی ہے۔موڈیم وہ آلہ ہے جو کمپیوٹر کے اعدادوشمار کو اشاروں میں تبدیل کرتا ہے۔

یہ اشارے موبائل فون کی سہولت سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچائے جاتے ہیں۔جوابی موڈیم ان اشاروں کو دوبارہ عبارت میں تبدیل کرتا ہے یوں ہم اس پیغام کو اپنے فون پر پڑھ سکتے ہیں۔ ای میل کی بات کی جائے تو یہ انٹرنیٹ کی وہ خدمت ہے جو ہمارے پیغام کو اشاروں کی مدد سے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچاتی ہے۔اس کےلیے ایک پتے کا ہونا ضروری ہے۔ جو کہ پورے یا عارضی نام کو انٹرنیٹ سے جوڑ کر بنایا جاتا ہے۔

اسی طرح ورلڈ وائڈ ویب کے نام سے پوری دنیا میں پھیلا ہوا ایک الیکٹرانک جال ہے۔ جس کے لیے ویب سائٹ جیسے ایک کنکشن کا ہونا ضروری ہے جو انٹرنیٹ سروس مہیا کرنے والی تنظیم فراہم کرتی ہے۔ فائل ٹرانسفر پروٹوکول کے ذریعے سے ہم کسی ویب سائٹ پر محفوظ معلومات کو اپنے موبائل فون پر دیکھ سکتے ہیں۔ ٹیل نٹ کی مدد سے ہم دور دراز کے کمپیوٹر سسٹم کو گھر بیٹھے اپنے کمپیوٹر پر استعمال کر سکتے ہیں۔

اسی طرح یوز نیٹ اطلاعات کو بھیجے اور منگوانے کا تیز رفتار ذریعہ ہے۔ جو اپنی تیز رفتاری کی بدولت انٹرنیٹ کی دنیق نیں مقبول ہوا۔ ای بینکنگ بھی انٹرنیٹ کی دنیا کی پیداوار ہے جیسے کہ آٹو میٹک ٹرانزیکشن مشین انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرتی ہے۔ ہمارا بینک کا کھاتہ کسی بھی ملک میں ہو انٹرنیٹ کے ذریعے یہ کہیں بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ بینک ہر کھاتے دار کو ایک پہچان کارڈ جاری کرتا ہے یہ کارڈ انٹرنیٹ کے ذریعے ہماری پہچان کروا کر کہیں بھی ہمیں رقم کی سہولت مہیا کرتا ہے جس کے لیے بینک جانے اور فارم بھرنے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہتی ہے۔

ای ٹکٹ کی سہولت کے ذریعے ہم کہیں سے بھی جہاز ، ریل یا بس کا ٹکٹ کر سکتے ہیں اور اس کی ادائیگی ای بینک اکاؤنٹ سے خودبخود ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی دنیا کے بے شمار فوائد بھی ہیں جیسے کہ اخبار ، اشتہارات ، کتب کسی بھی چیز تک فوری اور با آسانی رسائی ممکن ہے۔ تمام بڑے ملکوں جیسے کہ امریکا ، کینڈا وغیرہ کے کتب خانے آن لائن مہیا کر دیے گئے ہیں جس سے تمام طالب علم کہیں بھی بیٹھے مستفید ہو سکتے ہیں۔تاجر اور صنعت کار حضرات اپنے کام کو بہتر طور سے انجام دے سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ دل بہلانے اور کھیل تماشے کا سامان مہیا کرتا ہے۔موجودہ دور انٹرنیٹ کا دور ہے اور اس کے بغیر ہماری ترقی ممکن نہیں ہے۔

سوال: مندرجہ ذیل اقتباس کی تشریح کیجئے۔

⭕️اقتباس: انٹرنیٹ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ فاصلوں کو نہایت تیزی کے ساتھ ختم کرتا ہے۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں کسی بھی شخص سے فوراً رابطہ کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے آن کی آن میں پیغامات اور تصویریں بھیجی جا سکتی ہیں۔ ویب سائٹ میں محفوظ ہر قسم کی معلومات بٹن دباتے ہی کمپیوٹر سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ کتب خانوں سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ علوم کے ماہرین، تاجر، صنعت کار اور پیشہ ور حضرات اس کی مدد سے اپنا کام بہت عمدہ طریقے سے اور بہت جلد پورا کر سکتے ہیں۔

حوالہ: یہ سبق ہماری نصابی کتاب ”جان پہچان“ میں شامل ہے اور سبق مضمون “انٹرنیٹ” سے لیا گیا ہے۔

تشریح : تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے اس زمانے میں انٹرنیٹ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ ہمارے بیچ کے فاصلوں کو بہت جلدی ختم کر دیتا ہے۔ ہم اس دنیا کے کسی بھی ملک میں اور کسی بھی شخص سے فوراً بات کر سکتے ہیں یا رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس انٹرنیٹ کے ذریعے کچھ ہی لمحوں میں اپنے پیغامات یا تصویریں ایک دوسرے کو بھیج سکتے ہیں۔ جو الگ الگ طرح کی معلومات ویب سائٹوں میں محفوظ رہتی ہے وہ بٹن دبانے سے ہمیں حاصل ہوسکتی ہے۔ بڑی بڑی کتابیں جو انٹرنیٹ پر ہوتی ہیں ان سے ہم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ علم و ہنر کے استاد اور ماہر سوداگر، کاریگر اور دھندہ کرنے والے لوگ اس انٹرنیٹ کے ذریعے اچھے انداز میں اپنا کام پورا کر سکتے ہیں۔

⭕️ غور کیجئے:

▪️ موجودہ زمانے میں انٹرنیٹ تقریباً ہر شہر میں ہے۔
▪️انٹرنیٹ کو کئی طریقے سے استعمال میں لایا جا سکتا ہیں۔
▪️انٹرنیٹ کے استعمال کے طریقے جو اس کتاب میں نہیں ہیں اور آپ کو معلوم ہے انہیں لکھیں۔
▪️کمپیوٹر کے ذریعے کوئی چیز یا کوئی پیغام یا کوئی اور کاغذی تحریر ای میل کے ذریعے پہنچائی جاسکتی ہے شرط یہ ہے کہ جس کے پاس آپ پہنچا رہے ہیں اس کے پاس آپ کا ای میل ہونا چاہیے۔
▪️ای ٹکٹ : ریل، بس اور جہاز کے ٹکٹ کے لئے ہمیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہیں۔ ہم کمپیوٹر کے ذریعے ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں اور اس کی رقم ہمارے بینک اکاؤنٹ سے خود بخود ادا ہوجاتی ہے۔
▪️اے ٹی ایم بھی انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرتا ہے۔ اگر ہمارے پاس اے ٹی ایم کارڈ ہے تو ہم بہت جلدی اپنے بینک اکاؤنٹ سے پیسے نکال سکتے ہیں۔

⭕️سوالات و جوابات⭕️

سوال 1:مواصلاتی نظام کسے کہتے ہیں؟

جواب :یہ نیا اور ترقی یافتہ ذریعہ ہے جس سے ہم کوئی پیغام ایک جگہ سے دوسری جگہ فوراً پہنچا سکتے ہیں اسے مواصلاتی نظام کہتے ہیں۔

سوال2:مواصلاتی نظام میں کون کون سے وسائل شامل ہیں؟

جواب :مواصلاتی نظام میں تار، ٹیلیفون، ٹیلی ویژن، موبائل اور انٹرنیٹ وغیرہ جیسے وسائل بھی شامل ہیں۔

سوال 3: انٹرنیٹ کیسے کام کرتا ہے؟

جواب :انٹرنیٹ کو کام میں لینے کے لئے تین چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
1: موڈیم (MODEM)
2: ٹیلیفون یا موبائل کنکشن
3: انٹرنیٹ سروس مہیا کرانے والی تنظیم۔
موڈیم (MODEM) ایک آلہ ہے جو کمپیوٹر کے اعدادوشمار اور عبارتوں کو ایک خاص قسم کے اشاروں میں تبدیل کر دیتا ہے۔ یہ اشارے ٹیلیفون یا موبائل کے ذریعہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں بھیجے جا سکتے ہیں۔ انہیں حاصل کرنے والا موڈیم (MODEM) اشاروں کو دوبارہ اعدادوشمار اور عبارت میں بدل دیتا ہے۔ اس طرح ہم آنے والے پیغام کو اپنے کمپیوٹر یا موبائل کے پردے پر پڑھ سکتے ہیں۔

سوال 4:ای۔میل بھیجنے کا کیا طریقہ ہے؟

جواب : دراصل ای۔میل انٹرنیٹ خدمات کا ایک اہم حصہ ہے جو پیغامات کو اشاروں میں تبدیل کرکے ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیجتا ہے۔ اس کے لئے ہمیں ای میل کا پتہ معلوم ہونا ضروری ہے۔ ای۔میل کا پتہ ہم اپنی مرضی سے مقرر کر سکتے ہیں یہ پتہ عام طور پر اپنے پورے نام یا اس کے مخفف (SHORT) نام کو انٹرنیٹ سروس کے نام کے ساتھ جوڑ کر بنایا جاتا ہے۔

سوال 5:موڈیم کسے کہتے ہیں؟

جواب : موڈیم ایک آلہ ہے جو کمپیوٹر کے اعداد و شمار اور عبارتوں کو ایک خاص قسم کے اشاروں میں تبدیل کر دیتا ہے۔

سوال 6: بینک کے نظام میں انٹرنیٹ کس طرح مفید ہے؟

جواب : بینکوں میں اے ٹی ایم ہوتے ہیں جس کا پورا نام آٹومیٹک ٹرانزیکشن مشین (Automatic Transaction Machine) ہے۔ یہ مشین انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرتی ہے۔ ہمارا بینک کھاتہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو، اسے انٹرنیٹ کے ذریعے کہیں بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے، بینک ہر کھاتے دار کا ایک پہچان کارڈ جاری کرتا ہے اس کارڈ کو اے ٹی ایم میں ڈالنے سے کمپیوٹر ہماری پہچان کر لیتا ہے۔ پہچان قائم ہوتے ہی ہم رقم نکال سکتے ہیں۔ بس بٹن دبا کر گنی گنائی رقم ہمارے ہاتھوں میں آ جائے گی۔

سوال 7: ای ٹکٹ کسے کہتے ہیں؟

جواب : ہمیں بس، ریل اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ لینے کے لیے کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم کمپیوٹر کے ذریعے اپنا ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں۔ ٹکٹ کی رقم ہمارے بینک اکاؤنٹ سے خود بخود ادا ہو جاتی ہے۔

سوال8: انٹرنیٹ سے طلبا کو کیا فائدہ ہیں؟

جواب : انٹرنیٹ کے ذریعہ دنیا کی بڑی بڑی لائبریریاں ہمیں کمپیوٹر پر مل سکتی ہے۔ ان سے اپنی پسند کی کتاب نکال کر پڑھی جاسکتی ہیں اس کا سب سے زیادہ فائدہ یقینی طور پر طلبا کو ہو سکتا ہے۔

⭕️نیچے لکھے ہوئے الفاظ کے واحد بنائیے؟

الفاظ واحد
تصاویر تصویر
اطلاعات اطلاع
ماہرین ماہر
معلومات معلوم
کتب کتاب
اخبارات اخبار
مضامین مضمون
اعداد عدد
آلات آلہ

⭕️ عملی کام

🔺 انٹرنیٹ کے تمام طریقے جاننے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے انٹرنیٹ کا کنکشن لیا جائے۔
🔺یا پھر کسی سائبر کیفے میں جاکر انٹرنیٹ کے بارے میں معلومات حاصل کی جائے۔
🔺 یا دونوں میں سے کسی ایک طریقے پر عمل کیا جائے۔
🔺یا پھر آپ کے کسی دوست جس کے پاس انٹرنیٹ کنکشن ہو اس کے یہاں جاکر انٹرنیٹ سیکھا جائے۔
🔺یاد رکھیں موجودہ زمانے میں انٹرنیٹ کی تعلیم و تربیت ضروری ہے۔سچ تو یہ ہے کہ اس کے بغیر موجودہ زمانے میں ترقی حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔
🔺اگر آپ انٹرنیٹ سیکھ گئے ہیں اور آپ کے پاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کنکشن ہے تو اس کے ذریعے اپنے دوستوں عزیزوں کو فائدہ اٹھانے کی تحریک دیجئے۔ تاکہ وہ بھی آپ کی طرح دنیا کی ترقی میں حصہ دار بن سکے۔

تحریر: ارمش علی خان محمودی بنت طیب عزیز خان محمودی