اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا 

0

اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا 
مجھ کوبھی محمدﷺ کا دیوانہ بنا جانا
جس خواب میں ہو جائے دیدارِ نبیﷺ حاصل
اے عشق کبھی مجھ کو نیند ایسی سُلا جانا
ہر خواہشِ نفس میری اک بت ہے میرے دل کا
بت خانئہ دل میرا کعبہ سا بنا جانا
جو رنگ کہ جامی پر رومی پر چڑھایا تھا
اس رنگ کی کچھ رنگت مجھ پہ بھی چڑھا جانا
خرقانی و بسطامی منصور نے جو پی تھی
اک قطرہ اسی مے کا مجھ کو بھی پلا جانا
قدرت کی نگاہیں بھی جس چہرے کو تکتی تھیں
اس چہرہء انور کا دیدار کرا جانا
دیدارِ محمدﷺ کی حسرت تو رہے باقی
جز اس کے ہر اک حسرت اس دل سے مٹا جانا
دنیا سے ریاضؔ ہو جب عقبیٰ کی طرف جانا
داغِ غمِ احمد سے سینے کو سجا جانا
اے کاش ریاضؔ آئے مژدہ یہ مدینے سے
سرکارﷺ بلاتے ہیں اک نعت سنا جانا
اے عشقِ نبی میرے دل میں بھی سما جانا 
مجھ کوبھی محمدﷺ کا دیوانہ بنا جانا