Essay On How I spent My Eid Day in Urdu

0

میں نے عید کیسی گزاری

مسلمان سال میں دو تہوار مناتے ہیں۔ ایک عید الفطر اور دوسری عید الضحیٰ۔ عید الفطر کو عموماً چھوٹی عید یا میٹھی عید اور عید الضحیٰ کو بڑی عید یا بقرا عید بھی کہا جاتا ہے۔

ہر مسلمان کی طرح مجھے بھی عید کے دن کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے تاکہ میں اللہ پاک کی نعمتوں سے لطف اندوز ہو سکوں۔ رمضان کے روزے رکھنے کے بعد عید منانے کا بھی اپنا ہی مزہ ہے۔ جب نماز باقائدگی سے ادا کرنے کی عادت ہو چکی ہوتی ہے۔ پھر نمازِ عید کے بعد دن کا آغاز میٹھی چیز کھا کر ہوتا ہے۔ تمام گھر والوں سے عید ملنے کے بعد پورا دن رشتہ داروں کے آنے جانے سے گھر میں ایک رونق کا سماں بندھا ہوتا ہے۔

رشتہ داروں کے علاوہ میں ہر عید پر دوست و احباب کے ساتھ مل کر کہیں نہ کہیں گھومنے ضرور جاتا ہوں جس سے عید کا مزہ دو بالا ہو جاتا ہے۔ پھر عید کے روز ضرورت مندوں کی مدد بھی کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی عید مناسکیں اور ہمارے ساتھ خوش ہو سکیں۔ ایسا کرنے سے مجھے جو خوشی اور سکون نصیب ہوتا ہے اس کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔

عید کے دن سب نہا دھو کر جب عیدگاہ کی جانب جاتے ہیں تب مساوات کی ایک مثال قائم ہوتی ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ہر عید پر عید کی نماز عید گاہ میں ادا کروں۔

عید الضحی کے موقعے پر ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یاد میں جانور کی قربانی دیتے ہیں۔عید الضحی کے موقعے پر صبح سے قصائی کے پیچھے گھومنے کے بعد جب قربانی ہوتی ہے تو گوشت کے تین حصے کرنے اور سب کو گوشت دے کر فارغ ہونے میں ہی رات ہوجاتی ہے اور پھر اگلے دن باربی کیو کا انتظام کیا جاتا ہے۔ پھر پورا ہفتہ ہی کبھی دوستوں اور کبھی خاندان والوں کے ساتھ یہ پارٹی چلتی رہتی ہے اور سب اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ہمیں قربانی کا گوشت زیادہ سے زیادہ غرباء میں تقسیم کرنا چاہیے کیونکہ ہم اس نعمت سے کبھی بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں مگر وہ ان آسائشات سے تقریباً سارا سال محروم رہتے ہیں اور پھر اس بات کا حکم ہمارے رب نے بھی دیا ہے کہ اس روز تمام غریبوں کو بھی گوشت دیا جائے بلکہ ان کے لیے ہماری قربانی میں الگ سے ایک حصہ بھی رکھا گیا ہے۔

عید کے دن سب سے زیادہ مزہ اس وقت آتا ہے جب بچوں کو عیدی ملتی ہے اور بچے بڑوں سے زیادہ عیدی کی ضد کرنے کے بعد ایک دوسرے کو اپنی عیدی دکھا کر خوش ہوتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ عید کے موقعے پر اللہ تعالیٰ کی دی گئی تمام نعمتوں کا شکر ادا کریں اور اللہ تعالیٰ کی تمام مخلوقات کی مدد کریں تاکہ وہ بھی عید کے دن خوش و خرم رہ کر عید کا مزہ لے سکیں۔ ایسا کرنے سے اللہ تعالیٰ ہم سے خوش ہونگیں اور ہمیں اپنی مزید نعمتوں سے نوازیں گے۔