Importance Of Trees Essay In Urdu

0

قدرت

قدرت نے انسانوں کو بہت سے فوائد عطا کیے ہیں۔ اللہ پاک نے انسان کی تشکیل کے بعد انسان کی سہولت کے لیے بہت سی چیزیں پیدا کیں۔ جس میں زمین ، پہاڑ ، آسمان ، سورج ، چاند ، ستارے ، سبزی ، میواجات ، دریا ، سمندر ، جنگل ، درخت وغیرہ شامل ہیں۔

جنگل

جنگل اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ جنگل کی وجہ سے انسانوں کو مختلف جڑی بوٹیاں حاصل ہوتی ہیں جن سے وہ مختلف بیماریوں کا علاج کرسکتا ہے۔ جنگل کی موجودگی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں بہت حد تک کمی ہوتی ہے۔ جنگلوں کی وجہ سے ہی تمام جنگلی جانوروں کا زندہ رہنا ممکن ہوتا ہے۔ جنگل میں موجود درختوں کے بھی بے انتہاء فوائد ہیں۔

درخت

درخت اللہ تعالیٰ کی وہ نعمت ہیں جس کا کوئی ثانی نہیں کیونکہ ایک درخت لگانے کو صدقہ جاریہ بھی کہا گیا ہے۔ درخت ایک ایسی نعمت ہے جس کو اُگانے کے لیے اگر کوئی شخص محنت کرے تو اُسے اس کا پھل اپنی زندگی میں ملے یا نہ ملے لیکن اس کی آنے والی نسلوں کو اس کا پھل ضرور ملتا ہے اور پھر جب کسی کو بھی چاہے وہ راہ گیر ہو، مسافر ہو، پرندے ہوں یا جانور کو اس درخت سے کوئی فائدہ حاصل ہوتا ہے تو اس کا ثواب درخت لگانے والے شخص کو بھی ملتا ہے۔ ریڈ ووڈ نامی درخت دنیا کے سب سے لمبے درخت ہوتے ہیں جو باآسانی ۹۱ میٹر یا ۳۰۰ فٹ تک بلند ہوتے ہیں۔ اس درخت کی لکڑی کو موسیقی کے آلات بنانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

درخت کے فوائد

درختوں کے بےانتہاء فوائد ہیں جن میں سے چند درج ذیل ہیں :

  • ۱) اونچے درختوں پر پرندے اپنا گھونسلا بنا کر بسیرا کرتے ہیں۔
  • ۲) انسان کو درختوں سے لکڑیاں حاصل ہوتی ہیں جس سے وہ مندرجہ ذیل اشیاء بناتے ہیں :گھر، کاغذ، ربڑ، پینسل، فرنیچر، ماچس، دروازے، بچوں کے کھلونے، برتن وغیرہ وغیرہ۔
  • ۳) درختوں سے ہمیں مختلف قسم کے پھل حاصل ہوتے ہیں۔
  • ۴) درختوں سے فضائی و زمینی آلودگی میں کمی ہوتی ہے۔
  • ۵) درختوں سے ہمیں مختلف قسم کے پھول بھی ملتے ہیں جنھیں خوشبو بنانے اور سجاوٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
  • ۶) درختوں کے باعث زمین سیلابوں سے محفوظ رہتی ہے۔

درختوں کی کمی کے نقصانات

جوں جوں ہماری زمین پر درختوں کی تعداد میں کمی ہوتی جارہی ہے ویسے ہی ہمارے ماحول میں آلودگی بڑھتی چلی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگ بیمار ہورہے ہیں۔ اپنی زندگی سے کئی لوگ ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ درختوں کی کمی کے باعث ہمارے ملک میں بارش بہت کم ہوتی ہے اور گرمی کی شدت کی وجہ سے انسانوں کا کام کرنا محال ہوتا ہے۔ پھر ایسے میں جو لوگ محنت مزدوری کرتے ہیں یا بوقتِ ضرورت ہی گھر سے باہر کا رُخ کرتے ہیں انھیں ہر وقت ہیٹ اسٹروک کا خطرہ رہتا ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہر سال یا اپنی زندگی میں کم سے کم ایک درخت ضرور لگائیں اور اپنے ماحول کو بہتر بنانے کی جانب اپنا پہلا قدم اٹھائیں۔