Essay On Imandari In Urdu

0

ایمانداری پر ایک مضمون

ایمانداری ایک انسان کے لئے بہت ہی اہم چیز ہے۔ بچپن سے ہی ہم اپنے بزرگوں سے کہانیوں میں سنتے آرہے ہیں کہ ایمانداری کرنے والا ہمیشہ کامیابی حاصل کرتا ہے اور بےایمان ہمیشہ ڈوب جاتا ہے۔ اس لیے ہر انسان کو ہمیشہ ایمانداری کو اپنانا چاہیے۔ ایک انسان کو دوسرے انسان کے لیے ایماندار ہونا بہت ہی زیادہ ضروری ہے۔ کوئی بھی رشتہ سچ پر مبنی ہوتا ہے جو ایمان داری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

انسان کے اندر ایمانداری خاصیت پیدا کرتی ہے، اچھی عادتیں پیدا کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسان کو اپنی زندگی کے برے وقت اور مشکلوں کا سامنا کرنا سکھاتی ہے۔ ایمانداری ایک ایسی چیز ہے جو ملک میں ہو رہی بربادی کو روکنے اور سیاسی مسئلوں کو ٹھیک کرنے کے لئے بہت ہی اہم ہے۔

ایمانداری کا راستہ شروع میں بہت ہی مشکلوں کا راستہ ہوتا ہے۔ انسان کو اس میں بہت ہی بڑی بڑی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن جیسے جیسے وہ ایمانداری کے راستے پر چلتا جاتا ہے راستہ آسان ہوتا جاتا ہے اور مشکلیں ختم ہو جاتی ہیں۔

ایماندار انسان کو لوگ ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔جو انسان ایمانداری کے ساتھ ہمیشہ رہتے ہیں ان کی عزت تو لوگ کرتے ہی ہیں، اس کے علاوہ ان کے گھر والوں کو بھی اتنی ہی عزت بخشتے ہیں جتنے کے اس ایماندار انسان کو دیتے ہیں۔

جو انسان ایمانداری کو اپنا لیتا ہے اس کے معیار کی ترقی ہو جاتی ہے۔ ایماندار انسان ہمیشہ لوگوں کے دل میں رہتا ہے۔ کوئی بھی انسان کسی دوسرے انسان کے جذبات اور اس کے دل کے حالات کو نہیں جان سکتا لیکن اس کی ایمانداری کا پتہ ضرور لگا سکتا ہے۔

ایمانداری ایک بہت ہی زیادہ اچھی عادت ہے جو انسان کو ہمیشہ خوش رکھتی ہے اور دماغ کو سکون دیتی ہے۔ ایماندار انسان کا چہرہ ہمیشہ مسکراتا ہوا رہتا ہے۔ اس کے دل میں کسی بھی طرح کا ڈر نہیں ہوتا۔ وہ بنا کسی ڈر کے اپنی زندگی بسر کرتا ہے۔

ایمانداری ایک ایسی خاصیت ہے جو انسان کے کامیاب ہونے کا باعث ہے اور دنیا میں زیادہ سے زیادہ عزت و شہرت کمانے میں بہت ہی زیادہ مدد کرتی ہے۔ ایمانداری سے انسان کو بہت ہی زیادہ فائدے ہوتے ہیں۔ انسان ایک ایماندارشخص پر بہت ہی زیادہ بھروسہ کرتا ہے اور ہمیشہ اس کی مدد کرنے کو تیار رہتا ہے۔

ایک ایماندار انسان دل کی پریشانیوں سے دور رہتا ہے اور اس کا دل ہمیشہ سکون میں رہتا ہے۔ ایمانداری انسان کو زندگی میں ہمیشہ صحیح فیصلہ لینا سکھا دیتی ہے اور ہمیشہ صحیح راستہ دکھاتی ہے۔ ایمانداری سے رشتوں میں مضبوطی آتی ہے۔

یہ سچ ہے کہ ایمانداری کے راستے پر چلنے والے انسان کو بہت ہی زیادہ مشکلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ وہ انسان زندگی میں کامیاب ضرور ہوتا ہے۔

جو لوگ ہمیشہ ایمانداری کا راستہ اپناتے ہیں اور ہمیشہ سچ کا ساتھ دیتے ہیں ان سے اللہ بھی خوش ہوتا ہے اور دنیا بھی خوش رہتی ہے۔ اور ہر انسان اس پر یقین کرتا ہے۔ اس لئے ہم سب کو ہمیشہ ایمانداری کے راستے پر چلنا چاہیے اور دوسروں کو بھی نصیحت کرنی چاہیے۔